• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راک اسٹار گیمز نے’ ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘‘ کی پیشگی ڈاؤن لوڈنگ شروع کردی

Updated: November 11, 2026, 5:05 PM IST | New York

ویڈیو گیمز کی دنیا کی مشہور کمپنی راک اسٹار گیمز نے اپنے انتہائی مقبول اور طویل انتظار والے ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ یعنی ’جی ٹی اے ۶‘ کی پیشگی ڈاؤن لوڈنگ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

Rockstar Games.Photo:X
راک اسٹارگیمز۔ تصویر:ایکس

ویڈیو گیمز کی دنیا کی مشہور کمپنی راک اسٹار گیمز (Rockstar Games) نے اپنے انتہائی مقبول اور طویل انتظار والے ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ (Grand Theft Auto VI) یعنی ’جی ٹی اے ۶‘ کی پیشگی ڈاؤن لوڈنگ (Pre-loading) شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس سہولت کے تحت وہ کھلاڑی جنہوں نے گیم کا ڈجیٹل ورژن پہلے سے خرید لیا ہے، اب اس کی فائلیں اپنے پلے اسٹیشن ۵ (پی ایس ۵) اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کنسولز پر ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کو گیم کی باضابطہ ریلیز سے پہلے ہی ڈاؤن لوڈنگ مکمل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ۱۹؍ نومبر کو گیم جاری ہوتے ہی وہ بغیر کسی تاخیر کے اسے کھیل سکیں۔ راک اسٹار گیمز نے ۱۰؍ نومبر کو اس پیشگی ڈاؤن لوڈنگ کی سہولت دستیاب کرائی ہے، جس سے دنیا بھر کے گیم شائقین میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ڈاؤن لوڈنگ کے لیے ۲۱۲؍ جی بی تک جگہ درکارراک اسٹار گیمز کے مطابق ’جی ٹی اے ۶‘ کی پیشگی ڈاؤن لوڈنگ کے لیے کھلاڑیوں کو اپنے کنسول میں زیادہ سے زیادہ ۲۱۲؍ جی بی تک خالی جگہ رکھنی ہوگی۔ تاہم، ڈاؤن لوڈ فائل کا اصل حجم استعمال ہونے والے کنسول کے لحاظ سے مختلف ہوسکتا ہے۔ گیم کے بڑے حجم کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پہلے ہی اپنے کنسول کی اسٹوریج چیک کرلیں اور غیر ضروری فائلیں ہٹاکر مناسب جگہ خالی رکھیں۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی فوجیوں کیلئے کیٹی پیری کا نجی کنسرٹ، چوطرفہ مذمت

ہندوستان میں ڈاؤن لوڈنگ کا وقت ہندوستان سمیت مختلف ممالک میں پلے اسٹیشن ۵ ؍پر گیم کی پیشگی ڈاؤن لوڈنگ ۱۰؍ نومبر کو مقامی وقت کے مطابق رات ۱۲؍ بجے شروع ہوگئی ہے جبکہ ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس پر یہ سہولت عالمی وقت کے مطابق صبح ۱۲؍ بجے جی ایم ٹی سے دستیاب ہوئی، جو ہندوستانی وقت کے مطابق صبح ۵؍ بجکر ۳۰؍ منٹ بنتا ہے۔ کھلاڑیوں کو ڈاؤن لوڈنگ کے لیے اسی اکاؤنٹ کا استعمال کرنا ہوگا جس سے انہوں نے گیم کا پیشگی آرڈر دیا ہے۔ خودکار ڈاؤن لوڈنگ کی سہولت فعال رکھنے والے صارفین کے کنسول میں گیم کی فائلیں خود بخود ڈاؤن لوڈ ہوسکتی ہیں۔
راک اسٹار گیمز نے گیم کے تکنیکی معیار کے حوالے سے بھی اہم تفصیلات جاری کی ہیں۔ کمپنی کے مطابق ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ کو موجودہ نسل کے گیمنگ کنسولز کی صلاحیتوں کو سامنے رکھتے ہوئے نئے سرے سے تیار کیا گیا ہے۔ گیم میں ۳۰؍ فریم فی سیکنڈ کی رفتار کو ہدف بنایا گیا ہے۔ پلے اسٹیشن ۵ ؍پرو پر کھلاڑیوں کو بہتر تصویری وضاحت، پلے اسٹیشن اسپیکٹرل سپر ریزولوشن (پی ایس ایس آر) اور رے ٹریسڈ شیڈوز جیسی خصوصی گرافکس سہولتیں ملیں گی۔ اس کے علاوہ پلے اسٹیشن ۵ ؍ کے ڈوئل سینس کنٹرولر کی ہیپٹک فیڈبیک، اڈاپٹیو ٹریگرز اور تھری ڈی آڈیو جیسی خصوصیات بھی گیم کے تجربے کو مزید بہتر بنائیں گی۔ ان کھلاڑیوں کے لیے بھی انتظام کیا گیا ہے جو گیم کا فزیکل ورژن خریدنا چاہتے ہیں۔ راک اسٹار کے مطابق ۱۲؍ نومبر سے دکانوں پر گیم کے کوڈ اِن باکس ورژن دستیاب ہونے کی توقع ہے۔ اس ورژن میں روایتی ڈسک کے بجائے ڈجیٹل ڈاؤن لوڈ کوڈ دیا جائے گا، جسے حاصل کرنے کے بعد کھلاڑی گیم کی پیشگی ڈاؤن لوڈنگ شروع کرسکیں گے۔ اس طرح فزیکل ورژن خریدنے والے صارفین کو بھی ریلیز کے دن تک ڈاؤن لوڈنگ کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھئے:کارتک آرین کی فلم’ ’ناگ زیلا‘‘ میں پرتیبھا رنتا شامل نہیں

’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ کی باضابطہ ریلیز ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو پلے اسٹیشن ۵ اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے مقرر ہے۔ گیم مختلف ممالک میں مقامی وقت کے مطابق رات ۱۲؍ بجے دستیاب ہوگا۔ راک اسٹار گیمز نے کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے پیشگی ڈاؤن لوڈنگ شروع کرکے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ ریلیز کے وقت بڑی تعداد میں صارفین کو ڈاؤن لوڈنگ کے باعث انتظار نہ کرنا پڑے۔ واضح رہے کہ ’جی ٹی اے ۶‘ ویڈیو گیم انڈسٹری کے سب سے زیادہ انتظار کیے جانے والے منصوبوں میں شامل ہے۔ اس کے پیش رو ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۵‘ کی عالمی مقبولیت کے بعد نئی قسط سے بھی غیر معمولی توقعات وابستہ ہیں۔ نئی گیم میں کھلاڑیوں کو لیونیڈا (Leonida) کی وسیع اور تفصیلی دنیا میں کھیلنے کا موقع ملے گا، جہاں جیسن اور لوشیا کی کہانی مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ راک اسٹار کی جانب سے پیشگی ڈاؤن لوڈنگ شروع کیے جانے کے بعد اب دنیا بھر کے گیم شائقین کی نظریں ۱۹؍ نومبر پر مرکوز ہوگئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK