Inquilab Logo

روہت اور گل کی سنچری، سرفراز کا نصف سیکڑہ، ٹیم انڈیا مضبوط

Updated: March 08, 2024, 10:02 PM IST | Dharamshala

کپتان روہت شرما کی ۱۰۳؍ رن کی سنچری اور شبھمن گل کے۱۱۰؍ رن کے بعد سرفراز خان اور دیودت پڈیکل کی نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے ۵؍ویں ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ۸؍ وکٹ پر ۴۷۳؍ رن کا اسکور بناتے ہوئے۲۵۵؍ رن کی برتری کے ساتھ میچ پر گرفت مضبوط گرفت کر لی ہے

Sarfaraz Khan. Photo:INN
بلے باز سرفراز خان۔ (تصویر:آئی این این)

کپتان روہت شرما کی ۱۰۳؍ رن کی سنچری اور شبھمن گل کے۱۱۰؍ رن کے بعد سرفراز خان اور دیودت پڈیکل کی نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے ۵؍ویں ٹیسٹ میچ  کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ۸؍ وکٹ پر ۴۷۳؍ رن کا اسکور بناتے ہوئے۲۵۵؍ رن کی برتری کے ساتھ میچ پر گرفت مضبوط گرفت کر لی ہے۔کپتان روہت شرما ۱۰۳؍ رن ، شبھمن گل۱۱۰؍ رن ، سرفراز۵۶؍ رن ، دیو دت۶۵؍ رن بنانے  ، رویندر جڈیجا۱۵؍  اور دھرو جوریل۱۵؍  رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سرفراز نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی تیسری نصف سنچری اسکور کی ہے۔ آر اشون اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔
 ہندوستان  نےجمعرات  کے ایک وکٹ پر ۱۳۵؍ رن سے آگے کھیلتے ہوئے دوسرے دن کے پہلے سیشن میں لنچ تک روہت اور شبھمن کی۱۵۰؍ سے زیادہ رن کی شراکت کی بدولت ۲۴۶؍ رن بنائے۔ اس سیشن میں ہندوستان نے۳۰؍ اوورس میں۱۲۹؍ رن بنائے اور روہت اور گل نے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کر لیں۔روہت نے ۱۶۲؍گیندوں پر ۱۳؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۱۰۳؍ رن  بنائے۔ وہیں گل نے۱۵۰؍ گیندوں پر۱۲؍ چوکوں اور۵؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۰؍ رن بنائے۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر کلدیپ یادو۲۷؍رن  اور جسپریت بمراہ ناٹ آؤٹ ۱۹؍ رن  پر کریز پر موجود ہیں اور ہندوستان کی برتری۲۵۵؍ رن تک بڑھ گئی ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو انگلینڈ کو۲۱۸؍ رن پر سمیٹنے کے بعد بلے بازی کرنے اترے  ہندوستان کے سلامی بلے باز یشسوی   جیسوال نے تیزی سے رن  بناتے ہوئے روہت شرما کے ساتھ پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۴؍رن جوڑے تھے۔ جیسوال نے ۵۸؍ گیندوں پر۵۷؍ رن  بنائے۔ انہیں اسپنر شعیب بشیر نے آؤٹ کیا۔ جمعرات کو ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔
بین ڈکٹ اور جیک کراؤلی کی اوپننگ جوڑی نے اچھا آغاز کیا اور پہلے  وکٹ کیلئے ۶۴؍ رن کی شراکت قائم کی۔ بین ڈکٹ ۲۷؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کلدیپ نے انہیں گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اس کے بعد کلدیپ نے لنچ سے قبل اولی پوپ کو۱۱؍ رن پر آؤٹ کرکے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ کلدیپ نے۳۸؍ویں اوور میں جیک کراؤلی کو۷۹؍ رن پر بولڈ کرکے انگلینڈ کی بڑے اسکور کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔ رویندر جڈیجا نے جو روٹ کو۲۶؍ رن پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ جونی بیریسٹو ۲۹؍ رن پر کلدیپ کا شکار بنے جس کے بعد کپتان بین اسٹوکس کو کلدیپ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ ٹام ہارٹلی۶؍ رن اور مارک ووڈ صفر رن بنا کر آر اشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کے پاس یہ میچ جیتنے کا بھی سنہرا موقع رہے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK