• Sun, 22 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روہت پوار کا وزیر برائے ہوا بازی کو ہٹانے کا مطالبہ

Updated: February 22, 2026, 10:13 AM IST | Mumbai

رکن اسمبلی کی دہلی میں پریس کانفرنس، اجیت پوار کی موت کے معاملے میں وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے انصاف کیلئے فریاد۔

Rohit Pawar speaking to the media in Delhi. Photo: PTI
روہت پوار دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

شرد پوار کے پوتے اور ان کی پارٹی کے رکن اسمبلی روہت پوار نے سنیچر کو دہلی میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی اور واضح طور پر مرکزی وزیر برائے ہوا بازی کنجا راپو رام موہن کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ روہت پوار نے اپنے چچا اجیت پوار کی موت کے پیچھے کسی سازش کے کارفرما ہونے کا شبہ ظاہر کیا اور مرکزی وزیر پر خاطیوں کوبچانے کا الزام عائد کیا۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ ۲۸؍ جنوری کو پونے کے بارامتی علاقے میں فضائی حادثہ، سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت ہو گئی تھی۔ ان کی موت پر کئی طرح کے شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ روہت پوار اس سے پہلے ممبئی میں بھی پریس کانفرنس کے ذریعے اس حادثے کی جانچ کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ سنیچر کو انہوں نے میڈیا کے سامنے ایک بار پھر اس معاملے کی تحقیقات میں ہونے والی تاخیر پر سوال اٹھایا اور اسے( معاملے کو) کنٹرول کرنے کی مبینہ سازش کا الزام عائد کیا۔ روہت پوار نے کہا’’ ہمیں   وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے انصاف کی امید ہے۔ وہ اس معاملے میں درست اقدامات کر سکتے ہیں۔ ‘‘رکن اسمبلی مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی کنجاراپو رام موہن نائیڈو کو فوری طور پر برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ’’ اس معاملے میں بڑے صنعت کاروں اور سیاست دانوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ آخر حادثے کے فوراً بعد مرکزی وزیر نے ’لیئر جیٹ‘ کمپنی کو کلین چٹ دینے والا بیان کیوں جاری کیا؟ دراصل اس کمپنی کے تیلگو دیشم پارٹی کے اہم لیڈران کے ساتھ تعلقات ہیں۔ ‘‘روہت پوار نے کہا’’ وی ایس آر وینچرس کمپنی اور ٹی ڈی پی کے درمیان روابط کی غیر جانبدار اور خود مختار ایجنسی سے جانچ کروائی جائے اور ضرورت پڑنے پر بین الاقوامی اداروں کو بھی شامل کیا جائے۔ ان کے مطابق حادثہ کا شکار طیارہ اسی کمپنی کی ملکیت تھا، اس لئے شفاف تحقیقات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔  

یہ بھی پڑھئے: مودی سرکار پھر گھر گئی، ہند -امریکہ معاہدہ پر فوری روک کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ ڈی جی سی اے جو اسی وزارت کے تحت کام کرتا ہے، اس سے غیر جانبدارانہ جانچ کی توقع ہے، لیکن وی ایس آر وینچرس کو بچانے کی کوششیں ہو رہی ہیں اور مہاراشٹر سمیت گجرات، آندھرا پردیش اور مدھیہ پردیش کے کچھ بااثر لیڈروں کے روابط بھی اس کمپنی سے ہیں۔ روہت نے یہ سنسنی خیز اشارہ بھی دیا کہ’’مناسب وقت پر وہ مہاراشٹر کے متعلقہ لیڈروں کے نام ظاہر کریں گے اور ڈی جی سی اے کے کچھ اہم عہدیدار بھی اس سازش میں شامل ہو سکتے ہیں۔‘‘ روہت پوار نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو بھی اس معاملے میں پیش قدمی کرنی چاہئے۔ روہت پوارنے مرکزی وزارت برائےشہری ہوا بازی سے پریس کانفرنس کے ذریعے وضاحت دینے کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ طیارے کے بلیک باکس کے بارے میں شکوک ہیں اور حادثہ میں ایک نہیں بلکہ کئی دھماکے ہوئے تھے۔ ان کے مطابق طیارے کے سامان رکھنے والے حصے میں اضافی پٹرول کے کین موجود تھے جس سے آگ لگنے کا امکان ہے، اسلئے تمام پہلوؤں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے۔ 
واضح رہے کہ روہت پوار کا تعلق شرد پوار کی این سی پی سے لیکن وہ شرد پوار کے پوتے ہونے کے ساتھ اجیت پوار کے بھتیجے بھی ہیں۔ ایسی صورت میں اجیت پوار سے ان کا جذباتی لگائو ہے اور وہ حادثے کے بعد سے مسلسل ان کی موت کی جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کے الزامات پر اب تک بی جے پی یا پھر این سی پی (اجیت) کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK