Inquilab Logo

ناگپور ٹیسٹ میں روہت شرماکی ایک سنچری اور ۲؍ ریکارڈ

Updated: February 11, 2023, 11:34 AM IST | Nagpur

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کے کپتان نے سکس کے معاملے میں ناقابل تسخیر ریکارڈ بنایا۔ گھریلو سرزمین پر سنچری بناکر روہت نے کپل دیوکے ۸؍سیکڑے کے ریکارڈ کو توڑ دیا

Rohit sharma
روہت شرما

 آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے کےساتھ ہی ۲؍ ریکارڈ بھی بنائے۔ انہوں نے گھریلو سرزمین پر سنچری بنانے کے معاملے میں ٹیم انڈیا کےسابق کپتان کپل دیو کو پیچھے چھوڑ دیا اور سکس کے معاملے میں بھی انہوں نے نیا ریکارڈ بنادیا۔ 
کپل دیو کو پیچھے چھوڑ دیا
  میچ کے دوسرے دن جمعہ کو جہاں ہندوستان نے۴؍ وکٹ گنوائے وہیں روہت نے ۱۷۱؍ گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی جس میں۱۴؍چوکے اور۲؍چھکے شامل تھے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کپل دیو کو سنچریوں کے معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا۔ کپل نے ۱۳۱؍ میچوں میں ۸؍ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیںجب کہ روہت صرف۴۶؍ میچوں میں۹؍ سنچریاں بنا کر انہیں پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہے۔روہت شرما نے ۲۱۲؍ گیندوں پر ۱۲۰؍ رن بنائے اور ۱۵؍چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔   روہت بحیثیت  کپتان تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے تلک رتنے دلشان، فاف ڈو پلیسس، بابر اعظم بھی بطور کپتان تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنا چکے ہیں۔
گھریلو سرزمین پر ۸؍ویں سنچری 
  روہت کا بلے ہندوستان میں اچھا چلتا ہے۔ اس کا اندازہ ان اعدادوشمار سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے گھر پر کھیلے جانے والے ۲۱؍ میچوں میں۶؍ نصف سنچریاں اور۸؍ سنچریاں بنا چکے ہیں۔ روہت کی واحد بیرون ملک سنچری ستمبر۲۰۲۱ء میں انگلینڈ کے اوول میں ہوئی تھی۔ ساتھ ہی روہت فعال کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ روہت کے پاس اب کل ۴۳؍ بین الاقوامی سنچریاں ہیں۔
روہت کا ناقابل تسخیر ریکارڈ 
ہندوستانی  ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی ایسا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جسے توڑنا اب بہت مشکل ہو گیا ہے۔  یہ ریکارڈ ہندوستان میں بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کاہے۔ روہت نے آسٹریلیا کے خلاف ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سنچری بنائی۔ انہوں نے ۲؍چھکے بھی لگائے جس سے ہندوستان میں ان کے چھکوں کی تعداد۲۵۰؍ ہوگئی۔ اب روہت کے اس ریکارڈ کو توڑنا مشکل نظر آرہا ہے کیونکہ موجودہ  سرگرم  بلے باز بھی ان کے آس پاس کھڑے نہیں ہیں۔روہت شرما کے ۲۵۰؍ چھکوں کے بعد سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کا نام آتا ہے۔ ان کے نام ۱۸۶؍ بین الاقوامی چھکے ہیں۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی کا نمبر آتا ہے جن کے نام۱۳۷؍ چھکے ہیں ، یوراج سنگھ کے ۱۱۳؍ چھکے لگائے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK