سعودی پرو لیگ میں پرتگال اسٹار نے الفتح کے خلاف اپنا کھاتہ کھولا،مجموعی طور پر میچ ان کیلئے مایوس کن رہا کیونکہ انہوں نے گول کےدومواقع گنوائے
کرسٹیانو رونالڈو نے آخر کار سعودی پرو لیگ میں النصر کے لیے اپنا کھاتہ کھول دیا۔ جمعہ کو الفتح کے خلاف میچ میں انہوں نے ۹۳؍ ویں منٹ میں گول کیا لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔رونالڈو کے لیے یہ مایوس کن کھیل تھا۔ انہوں نے گول کرنے کے دو مواقع گنوائے اور پہلے۳۰؍ منٹ میں کئی بار گیند کو باہر بھیج دیا۔ تاہم آخر میں انہوں نے پنالٹی پر گول کر کے اپنے مداحوں کو خوش کیا جو سعودی پرو لیگ میں ان کا پہلاگول تھا۔
آخری منٹ میں گول پر ڈرا
کرسچن ٹیلو نے قریبی مقابلے میں الفتح کیلئے پہلا گول کیا لیکن ہاف ٹائم سے عین قبل اینڈرسن ٹیلسکا نے النصر کیلئے گول کر کے اپنی ٹیم کو برابری پر پہنچادیا۔ زیادہ تر وقت کھیل برابری پر ہی چلتا رہا۔ سوفیانے بنڈیبکا نے۵۸؍ویں منٹ میں گول کرکے الفتح کو ۱-۲؍ کی برتری دلادی ۔ آخر کار انجری ٹائم میں پرتگال کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو نے۹۳؍ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے ٹیم کو ڈرا دلا دیا۔
رونالڈوآف سائیڈ کے شکار زیادہ ہوئے
کھیل کے آغاز پر رونالڈو کی کک سے بال جال کے پچھلے حصے میں جا لگالیکن اسے آف سائیڈ قراردیا گیا۔ دوسرے ہاف میں انہیں گول کرنے کا ایک اور سنہری موقع ملا لیکن اس بار ان کے شاٹ میں طاقت نہیں تھی اور اسے ڈیفینڈر نے بہ آسانی روک دیا۔پنالٹی ہی ایسا موقع تھا جس میں رونالڈ ونے گول داغنے میں کامیاب رہے ۔
پی ایس جی کے خلاف۲؍ گول کئے
النصر سے معاہدہ کے بعد رونالڈو نے صرف دو بار گول کیا ہے، لیکن دونوں گول پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے خلاف دوستانہ میچ میں کئے تھے ۔ اس میچ میں ان کی ٹیم۴-۵؍سے ہار گئی تھی ۔