لالیگا کے ایل کلاسیکو مقابلے میں ریئل سے پیچھے ہونے کے باوجودبارسلونا نے میچ۳۔ ۴؍گول سےجیت لیا۔
EPAPER
Updated: May 12, 2025, 10:55 AM IST | Barcelona
لالیگا کے ایل کلاسیکو مقابلے میں ریئل سے پیچھے ہونے کے باوجودبارسلونا نے میچ۳۔ ۴؍گول سےجیت لیا۔
اسپینش لیگ لا لیگا کے ایل کلاسیکو مقابلے میں بارسلونا فٹبال کلب نے پیچھے ہونے کے باوجود میچ میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کو۳۔ ۴؍گول سے شکست دےدی۔ بارسلونا نے یہ میچ جیت کر لالیگا خطاب کی جانب مضبوط قدم بڑھا دیاہے۔
فرسٹ ہاف میں ریئل کی جانب سے اچھی شروعات ہوئی تھی۔ کائلیان ایمباپے نے میچ کے ابتدائی ۱۴؍ منٹ میں ریئل کو ۰۔ ۲؍گول کی سبقت دلادی تھی۔ ۵؍ویں منٹ میں انہوں نے پہلا گول پنالٹی پر کیا اور اس کے ۱۴؍ ویں منٹ میں ونیشیس جونیئر کی مدد سے دوسرا گول کیا۔ لیکن بارسلونا نے گھریلو میدان پرجوابی حملہ کیا اور ۱۹؍ ویں منٹ میں ای گارسیا نے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا۔ اس کے بعد ۳۲؍ویں منٹ میں لامین یامل نے ایف ٹوریس کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ اس کے بعد رافنہا نے یکے بعد دیگر ۲؍ گول کرکے ٹیم کا اسکور ۲۔ ۴؍ گول کیا۔ اس میچ میں ایف ٹوریس نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا اور پہلے ہاف میں ۳؍ معاونت کی۔ دوسرے ہاف میں آخری وقت میں دلچسپ ہوگیا جب ۷۰؍ ویں منٹ میں ایمباپے نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ریئل کے کھلاڑیو ں نے آخری وہیسل تک برابری کا گول کرنے کی پوری کوشش لیکن وہ ناکام رہے۔ انجری ٹائم کے چھٹے منٹ میں بارسلونا کے لئے ایک اور گول لوپیز نے کیالیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے اسے مسترد کردیا۔ میچ کی آخری وہسل پر اسکور ۳۔ ۴؍ گول رہا اور بارسلونا نے ریئل میڈرڈکلب سے ٹیبل پر ۷؍پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔
سنیچر کی دیر رات لالیگا میں ہونے والے ایک اور میچ میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب نے ریئل سوسائیڈیڈ کو ۰۔ ۴؍ گول سے شکست دے کر پورے ۳؍ پوائنٹس حاصل کئے۔ ایٹلیٹیکو نے اپنی تیسری پوزیشن زیادہ مضبوط کردی ہے۔ ایٹلیٹیکو کی جانب سے سبھی گول اے سارلوتھ نے کئے اور یہ سبھی گول انہوں نے میچ کے فرسٹ ہاف میں کئے۔ ان کے اس کھیل سے ایٹلیٹیکو نے میچ آسانی سے جیت لیا۔