• Fri, 25 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روشی بینا دیوی کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا

Updated: September 25, 2026, 1:27 PM IST | Agency | Nagoya

ووشو مقابلے میں چین کی کھلاڑی نے شکست دے دی، ہندوستانی کھلاڑی نے ۳؍ایشین گیمز میں ۳؍تمغے جیتنے کا کارنامہ انجام دیا۔

Roshi Bina Devi displaying her medal. Photo: PTI
روشی بینا دیوی تمغہ دکھاتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ہندوستان کی روشی بینا دیوی ناؤریم نے جمعرات کو یہاں ایشیائی کھیلوں کے خواتین کے سانڈا ۶۰؍کلوگرام ووشو مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ انہیں فائنل میں چین کی ژانگ شیاؤیو کے ہاتھوں دوصفرسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ژانگ نے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں راؤنڈ ۵۔صفرسے جیت کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا جبکہ روشی بینا  کو بر اعظمی کھیلوں میں مسلسل دوسری بار چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔اس تمغے کے ساتھ ۲۵؍ سالہ منی پور کی کھلاڑی نے ایشیائی کھیلوں میں تمغوں کی شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ انہوں نے ۲۰۱۸ء کے جکارتہ ایشیائی کھیلوں میں کانسہ اور ۲۰۲۳ء کے ہانگژو ایشیائی کھیلوں میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ ان کے تینوں تمغے ۶۰؍کلوگرام سانڈا زمرے میں آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: چار میں سے ایک امریکی ٹرمپ کے ایران جنگ سے نمٹنے کے طریقے سے مطمئن: سروے

روشی بینا نے مقابلے میں شاندار کارکردگی کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ انہوں نے پری کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کی شیکا خاتون کو شکست دی، اس کے بعد کوارٹر فائنل میں مکاؤ کی چو مان سین کو ۵۔صفرسے ہرایا۔سیمی فائنل میں انہوں نے انڈونیشیا کی تھانیا کُسومانِنگتیاَس کو دوصفرسے شکست دے کر طلائی تمغے کے مقابلے میں اپنی جگہ مستحکم کی اور ایشیائی کھیلوں میں مسلسل تیسری بار پوڈیم پر جگہ بنائی۔

روشی بینا ہانگژو میں جیتے گئے چاندی کے تمغے سے ایک قدم آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی تھیں، جہاں انہیں فائنل میں ایک چینی کھلاڑی کے ہاتھوں ہی شکست ہوئی تھی۔تازہ شکست کے ساتھ ایک بار پھر چین ۶۰؍کلوگرام زمرے میں روشی بینا اور ایشیائی کھیلوں کے طلائی تمغے کے درمیان حائل رہا۔اس چاندی کے تمغے کے ساتھ ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کے ووشو تمغوں کی تعداد ۱۱؍ہوگئی ہے، جن میںایک طلائی،۲؍ چاندی اور۸؍ کانسے کے تمغے شامل ہیں۔روشی بیناکیلئے  آئیچی-ناگویا مہم ایک اور تمغے کے ساتھ ختم ہوئی جس کیساتھ ایشیائی کھیلوں کے مسلسل ۳؍ مقابلوں میں تمغے جیتنے کا ان کا شاندار سلسلہ برقرار رہا۔

یہ بھی پڑھئے: یمنا ایکسپریس وے پر چلتی بس میں آگ بھڑک اٹھی، ۹؍ مسافروں کی موت

 گولڈ جیتنے کی کوشش کروں گی
 منی پور سے تعلق رکھنے والی ووشو  کھلاڑی روشی بینا  نے مسلسل تیسرے ایشین گیمز میں ملک کےلئے تمغہ جیتا ہے۔ روشی بینا نے اپنی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ روشی بینا نے ۲۰۱۸ءمیں جکارتا میں ہونے والے ایشین گیمز میں کانسے (برونز) اور ۲۰۲۳ء میں ہوانگزو میں ہوئے ایشین گیمز میں نقرئی تمغہ جیتا تھا۔ روشی بینا ایشیائی کھیلوں میں ووشو کے شعبے میں مسلسل ۳؍ تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن گئی ہیں۔ روشی بینا دیوی نے نقرئی تمغہ جیتنے کے بعد کہا ’’مجھے بہت خوشی ہے کہ یہ میرا تیسرا ایشین گیمز کا تمغہ ہے اور آنے والے کھیلوں میں مزید سخت تیاری کرکے  تمغے کا رنگ بدلنے (گولڈ جیتنے) کی کوشش کروں گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK