Inquilab Logo

رائل چیلنجرز بنگلور نے یوپی واریئرس کو۲۳؍ رن سے شکست دی

Updated: March 05, 2024, 9:58 PM IST | Bengaluru

اسمرتی مندھانا کے دھماکہ خیز ۸۰؍رن اور ایلیس پیری کی۵۸؍ رن کی نصف سنچری اور پھر عمدہ گیند بازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے پیر کو ویمنز پریمیر لیگ کے۱۱؍ویں میچ میں یوپی واریئرس کو ۲۳؍ رن سے شکست دے دی

Smriti Mandhana. Photo:INN
اسمرتی مندھانا۔ (تصویر:آئی این این)

 اسمرتی مندھانا کے دھماکہ خیز ۸۰؍رن اور ایلیس پیری کی۵۸؍ رن کی نصف سنچری اور پھر عمدہ گیند بازی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے پیر کو ویمنز پریمیر لیگ کے۱۱؍ویں میچ میں یوپی واریئرس کو ۲۳؍ رن سے شکست دے دی۔ ۱۹۹؍ رن کے تعاقب میں یوپی واریئرس نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۴۷؍ رن جوڑے۔ کرن نوگیرے پہلے  وکٹ کے طور پر۱۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی۔ کپتان ایلیسا ہیلی نے۳۸؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۵؍ رن کی اننگز کھیلی۔ انہیں مولینیو نے آؤٹ کیا۔ چماری اٹا پٹو ۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں، گریس ہیرس ۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں، شویتا سہراوت نے ایک رن بنایا، دپتی شرما ۳۳؍ رن پر آؤٹ ہوئیں، پونم کھیمنر۳۱؍ رن بناکر پویلین لوٹیں اور سوفی ایکل اسٹون۴؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں، انجلی سروانی نے ناٹ آؤٹ ۳؍رن بنائے۔ یوپی واریئر کی پوری ٹیم مقررہ۲۰؍ اوور میں ۸؍ وکٹ پر صرف ۱۷۵؍ رن بنا سکی اور۲۳؍ رن سے میچ ہار گئی۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے سوفی ڈیوائن، سوفی مولینیو، جارجیا ویرہم اور سوبھنہ آشا نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
 اس سے قبل اسمرتی مندھانا کے۸۰؍ رن اور ایلیس پیری کے۵۸؍ رن کی مدد سے رائل چیلنجرز بنگلور نے یوپی واریئرس کو جیت کیلئے ۱۹۹؍ رن کا ہدف دیا۔  ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں یوپی واریئرس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے  اتری رائل چیلنجرز بنگلور کی ابتدائی جوڑی ایس میگھنا اور اسمرتی مندھانا نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے۵۱؍ رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں انجلی سروانی نے رائل چیلنجرز بنگلور کو پہلا جھٹکا دیتے ہوئے۲۸؍ رن پر میگھنا کو اٹا پٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ مندھانا نے۵۰؍ گیندوں میں۱۰؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۸۰؍ رن کی اننگز کھیلی، وہ دپتی کے ہاتھوں کھیمنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔ ایلیس پیری نے۳۷؍ گیندوں پر۵۸؍ رن بنائے۔ رِچا گھوش نے ناٹ آؤٹ۲۱؍ رن اور سوفی ڈیوائن نے ناٹ آؤٹ۲؍  رن بنائے۔ رائل چیلنجرز نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۳؍ وکٹوں پر۱۹۸؍ رن بنائے۔ یوپی واریئرس کی جانب سے انجلی سروانی، سوفی ایکل اسٹون  اور دپتی شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK