Inquilab Logo

رائل چیلنجرز بنگلورکے پاس اب غلطی کی گنجائش نہیں

Updated: April 21, 2024, 12:11 PM IST | Agency | Kolkata

بنگلور کی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس سے مقابلے کیلئے تیار۔ پوری ٹیم کا انحصار وراٹ کوہلی پر۔ کولکاتا بھی جیت کی پٹری پر لوٹنے کی پوری کوشش کرے گا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

شکست کے بعد شکست سے تنگ آکر رائل چیلنجرز بنگلور اچھی طرح جانتا ہے کہ اب کسی غلطی کی گنجائش نہیں ہے، اسلئے اتوار کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف انڈین پریمیر لیگ کے میچ میں اسے ہر قیمت پر اچھی کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔ ۷؍ میچوں میں سے ۶؍ شکستوں کے بعد آر سی بی کا اپنا پہلا آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کا خواب ٹوٹتا ہوا نظر آرہا ہے۔ 
 متواتر ۶؍ شکستوں کے بعد بنگلور کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے ہے اور اسے اپنی پلے آف کی امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئے باقی ۷؍ میچ جیتنے ہوں گے۔ آر سی بی کی کمزور کڑی اس کے گیند باز رہے ہیں اور ٹیم پوری طرح سے وراٹ کوہلی، فاف ڈو پلیسس اور دنیش کارتک کی بلے بازی پر منحصر ہے۔ ایسے میں کے کے آر کا چیلنج اس کیلئے بہت مشکل ہوگا۔ کپتان فاف ڈو پلیسس نے کہا تھا، گیندبازی میں ہمارے ترکش میں زیادہ تیر نہیں ہیں۔ اس کی وجہ سے سارا دباؤ بلے بازوں پر پڑ گیا ہے۔ ہم بڑا اسکور کر کے ہی میچ جیت سکتے ہیں۔ 
 سن رائزرس حیدرآباد نے آر سی بی کے خلاف ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ اسکور۳؍وکٹ پر ۲۸۷؍رن بنائے تھے۔ الزاری جوزف، جو اس سیزن کے سب سے مہنگے ۱۱؍کروڑ۵۰؍ لاکھ روپے میں خریدے گئے، نے ۳؍ میچوں میں صرف ایک وکٹ حاصل کیا اور ۱۱ء۸۹؍ کے اکانومی ریٹ سے رن دیئے۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی فارم کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جنہوں نے ذہنی تھکاوٹ کی وجہ سے سن رائزرس کے خلاف نہیں کھیلا۔ وہ اپنے کولہے کے پٹھوں میں تناؤ کی وجہ سے کچھ اور میچوں کیلئے باہر رہ سکتے ہیں۔ 
 بیٹنگ میں ٹیم کا انحصار کوہلی، ڈوپلیسس اور کارتک پر ہے۔ کوہلی نے۷۲ء۲۰؍ کے اوسط سے ۳۶۱؍ رن بنائے ہیں لیکن ان کا۱۳۵؍ کا اسٹرائیک ریٹ تشویشناک ہے۔ وہ ۷؍ ویں اور۱۵؍ویں اوور کے درمیان اسپنرس کے خلاف تیز رن بنانے کے قابل نہیں ہے۔ کارتک نے ۲۰۵؍ سے زیادہ کے اوسط سے۲۲۶؍ رن بنائے ہیں۔ سن رائزرس کے خلاف انہوں نے صرف۳۵؍ گیندوں پر۸۳؍ رن بنائے تھے۔ یہ تینوں اب سنیل نارائن، مشیل اسٹارک اور ہرشیت رانا جیسے گیند بازوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ 
 گزشتہ میچ میں کے کے آر کو راجستھان رائلز نے آخری گیند پر شکست دی تھی۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے آر سی بی سے ایک میچ کم کھیلا ہے اور وہ جیتنے کے طریقوں پر واپسی پر نظر رکھے گا۔ نارائن نے نہ صرف اسپن بولنگ بلکہ بلے بازی کی مہارت بھی دکھائی ہے۔ انہوں نے رائلز کے خلاف آخری میچ میں اپنی پہلی ٹی ۲۰؍ سنچری بنائی۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی ۱۸۷؍ رن کے قریب رہا ہے۔ فل سالٹ نے ۱۵۱؍ سے زیادہ کے اوسط سے اسکور کیا ہے۔ ان کے پاس رنکو سنگھ اور آندرے رسل جیسے خطرناک بلے باز بھی ہیں۔ 
 کولکاتا نائٹ رائیڈرس: فل سالٹ (وکٹ)، سنیل نارائن، انگکرش رگھوونشی/ویبھو اروڑہ، شریاس ایّر (کپتان)، رنکو سنگھ، آندرے رسل، وینکٹیش ایّر، رمندیپ سنگھ، مشیل اسٹارک، ورون چکرورتی، ہرشیت رانا۔ 
رائل چیلنجرز بنگلور: وراٹ کوہلی، فاف ڈو پلیسس (کپتان)، ول جیکس، رجت پاٹیدار، انوج راوت، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، مہیپال لومرور، ریس ٹوپلی / ٹام کورین / کیمرون گرین، لوکی فرگیوسن، محمد سراج، یش دیال۔ 
آج پنجاب کنگز اور گجرات ٹائٹنس کے درمیان مقابلہ 
جب پنجاب کنگز اور گجرات ٹائٹنس، جو لگاتار شکستوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل ہر نیچے آ گئے ہیں، اتوار کو انڈین پریمیر لیگ میں آمنے سامنے ہوں گے تو دونوں کا مقصد جیت کی راہ پر لوٹنا ہوگا۔ سابق چمپئن گجرات ٹائٹنس گزشتہ میچ میں دہلی کیپٹلس سے ہارنے کے بعد ۸؍ویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ دہلی نے انہیں ۸۹؍ رن پر آؤٹ کر دیا تھا اور یہ ۴؍ میچوں میں ان کی تیسری شکست تھی۔ پنجاب کنگز ۹؍ویں نمبر پر ہے جسے ممبئی انڈینس نے ۹؍ رن سے شکست دی تھی۔ جیت کیلئے ۱۹۳؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اس نے۱۴؍ رن پر ۴؍ وکٹ گنوا  دیئے تھے لیکن اس کے بعد آشوتوش شرما اور ششانک سنگھ نے ٹیم کو میچ میں واپس لایا۔ 
 ۷؍ میچوں میں ۵؍ ہار اور ۲؍ جیت سے ٹیم کا اعتماد متزلزل ہوا ہے لیکن مخالف ٹیم کی بھی یہی حالت ہے۔ پنجاب کو موثر کپتان شکھر دھون کی کمی محسوس ہورہی ہے اور یہ یقینی نہیں ہے کہ وہ اتوار کے میچ میں بھی کھیل پائیں گے۔ دھون کندھے کی چوٹ سے صحت یاب ہونے کے عمل میں ہیں جس کا سامنا انہیں ۹؍ اپریل کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف ہوم میچ میں ہوا تھا۔ ان کی جگہ سیم کیورن کپتانی کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔ دھون نے ۵؍ میچوں میں ۱۲۵؍رن بنائے لیکن میدان میں ان کی موجودگی اس ٹیم کے لیے ٹانک کا کام کرتی ہےجو جیتنا بھول چکی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK