Inquilab Logo

سپرجائنٹس کے سامنے رائلز کا سخت اِمتحان

Updated: April 19, 2023, 11:53 AM IST | Jaipur

لکھنؤ کی ٹیم کو راجستھان رائلز کے بلے بازو ں کو روکنے کا چیلنج ۔سپرجائنٹس کے کھلاڑیو ں کو میچ میں مستقل مزاجی سے کھیلنے کی ضرورت ہوگی

Rajasthan Royals star batsman Shimron Hatmayer is in form
راجستھان رائلز کے اسٹار بلے باز شیمرون ہتمائرفارم میں ہیں

 انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے موجودہ سیزن میں اب تک اتار چڑھاؤ کا مظاہرہ کرنے والی لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم کو اگر جیت کے راستے پر واپس آنا ہے تو اس کا مقابلہ یہاں ہونے والی ٹاپ رینک والی راجستھان رائلز سے ہوگا۔ بدھ کو میچ میں کھیل کے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔
 لکھنؤ کی ٹیم اب تک ۳؍ میچ جیت چکی ہے جبکہ اسے ۲؍ میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس کے پاس صلاحیت کی کمی نہیں ہے لیکن اس کی پرفارمنس میں مستقل مزاجی کی کمی ہے۔ پنجاب کنگز کے خلاف آخری میچ میں لکھنؤ کی ٹیم درمیانی اوورس میں اچھی کارکردگی نہیں پیش کر سکی ہے جس کی وجہ سے وہ آخر میں۱۰؍ سے۱۵؍  رن کم اسکور کر سکی۔ کپتان کے ایل راہل ۵۶؍ گیندوں پر ۷۴؍ رن بنا کر فارم میں واپس آئے جو ٹیم کیلئے ایک مثبت اشارہ ہے۔ تاہم ان کے بلے بازوں کو درمیانی اوورس میں رن بنانے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔
 لکھنؤ کے پاس کائل مائرس، نکولس پورن اور مارکس اسٹونیس کی شکل میں اچھے پاور ہٹر ہیں لیکن ان کے بلے باز اچھی شراکت برقرار رکھنے میں ناکام ہیں۔ اس کے علاوہ دیپک ہڈا کا رن نہ بنا پانا بھی ٹیم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ لکھنؤ نے پنجاب کے خلاف باصلاحیت روی بشنوئی کو گیند دیر سے دینے کی غلطی کی تھی۔ بشنوئی اپنی گوگلی سے بلے بازوں کو پریشان کرنے میں ماہر ہیں اور کپتان راہل کو انہیں ڈیتھ اوورس کی بجائے درمیانی اوورس میں استعمال کرنا چاہئے۔ٹیم کے دیگر دو اسپنر کرشنپا گوتم اور کرونال پانڈیا اپنا کردار بخوبی نبھا رہے ہیں۔ لکھنؤ کے پاس مارک ووڈ اور اویس خان کی شکل میں اچھے تیز گیند باز ہیں۔ یودھویر سنگھ چرک نے بھی پنجاب کے خلاف اپنا اثر چھوڑ دیا۔ تاہم لکھنؤ کیلئے راجستھان پر قابو پانا آسان نہیں ہوگا جس نے لگاتار ۳؍ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
 راجستھان کے پاس ایک مضبوط بیٹنگ لائن اپ ہے جس میں یشسوی جیسوال، جوس بٹلر اور سنجو سیمسن ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں بہت اچھا کردار ادا کر رہے ہیں۔ بٹلر نے اب تک ٹیم کیلئے سب سے زیادہ۲۰۴؍ رن بنائے ہیں جب کہ جیسوال کے نام ۱۳۶؍رن ہیں۔ گجرات ٹائٹنس کے خلاف آخری میچ میں یہ دونوں اوپنرس چل نہ سکے اور ایسی صورتحال میں کپتان سیمسن اور ویسٹ انڈیز کے بلے باز شیمرون ہتمائر نے اپنا کردار بخوبی نبھایا اور ٹیم کو جتوایا۔ دیودت پڈیکل نے بھی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن ریان پراگ موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔ راجستھان کا بولنگ حملہ بہت مضبوط ہے جس میں یزویندر چہل، ایڈم زمپا اور روی چندرن اشون جیسے عالمی شہرت یافتہ اسپنر شامل ہیں۔ ان کے پاس ٹرینٹ بولٹ میں ایک مہلک تیز گیند باز ہے جبکہ سندیپ شرما اپنے تجربے کا اچھا استعمال کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK