Inquilab Logo Happiest Places to Work

نائٹ رائیڈرس کی راجستھان رائلز پر سنسنی خیز فتح

Updated: May 05, 2025, 12:44 PM IST | Agency | Kolkata

آئی پی ایل میں کولکاتا نے راجستھان کو ایک رن سے شکست دی۔ رسل نے ناٹ آؤٹ ۵۷؍رن بنائے اور فتح میں اہم رول ادا کیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

آندرے رسل (ناٹ آؤٹ۵۷؍رن)، انگکرش رگھوونشی (۴۴؍رن) اور رحمٰن اللہ گرباز (۳۵؍رن) کی اننگز کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کے۵۳؍ویں میچ میں اتوار کو راجستھان رائلز کو ایک رن سے شکست دے دی۔ 
 ۲۰۷؍رن کے ہدف کے تعاقب میں راجستھان رائلز کی شروعات خراب رہی اور اس نے صرف ۸؍ رن پر ۲؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ ویبھو سوریہ  ونشی (۴) اور کنال سنگھ راٹھور (صفر) پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان ریان پراگ بیٹنگ کیلئے آئے اور یشسوی جیسوال کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے ۵۸؍ رن کی شراکت کی۔ ساتویں اوور میں معین علی نے یشسوی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ یشسوی نے۲۱؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۴؍ رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں ورون چکرورتی نے دھرو جوریل (صفر) اور وینندو ہسرنگا (صفر) کو بولڈ کر کے راجستھان کو مشکل میں ڈال دیا۔ بحران کے ایسے وقت میں شمرون ہتمائر نے ریان پراگ کے ساتھ مل کر اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں نے چھٹے وکٹ کیلئے ۹۲؍ رن جوڑ کر راجستھان کی امیدوں کو زندہ رکھا۔ ہرشیت رانا نے۱۶؍ویں اوور میں شمرون ہتمائر (۲۹؍رن) اور۱۸؍ویں اوور میں ریان پراگ کو آؤٹ کر کے کولکاتا کو میچ میں واپس لادیا۔ ریان پراگ نے ۸؍ چھکے اور ۶؍ چوکے مار کر ۹۵؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد شبھم دوبے اور جوفرا آرچر نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا تاہم جوفرا میچ کی آخری گیند پر رن ​​آؤٹ ہو گئے اور راجستھان رائلز مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ پر۲۰۵؍ رن ہی بنا سکی اور ایک رن سے میچ ہار گئی۔ جوفرا آرچر ۸؍ گیندوں پر ۱۲؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، وہیں شیوم دوبے نے ۱۴؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۲۵؍رن  رن بنائے۔کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی جانب سے ہرشیت رانا، ورون چکرورتی اور معین علی نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ویبھو اروڑہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
 اس سے قبل اتوارکو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے کپتان اجنکیا رہانے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آغاز خراب رہا اور اس نے سنیل نارائن (۱۱؍رن)کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد کپتان اجنکیا رہانے بیٹنگ کیلئے آئے اور رحمان اللہ گرباز کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ۸؍ویں اوور میں مہیش  نے اجنکیا رہانے کو آؤٹ کر کے کولکاتاکو دوسرا جھٹکا دیا۔ رہانے نے ۲۴؍ گیندوں پر ۲؍ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے۳۰؍رن بنائے۔ کولکاتا کا تیسرا وکٹ۲۵؍ گیندوں پر رحمان اللہ گرباز(۳۵؍رن) کی صورت میں گرا۔ جوفرا آرچر نے۱۹؍ویں اوور کی پہلی گیند پر رگھوونشی (۳۱؍ گیندوں پر۴۴؍رن) کو  آؤٹ کیا۔ رنکو سنگھ  نے آخری ۶؍ گیندوں پر  ناٹ آؤٹ۱۹؍رن بنائے۔ آندرے رسل نے  ۳۵؍گیندوں پر ۶؍ چھکوں اور ۴؍ چوکوں کی مدد سے۵۷؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ کولکاتا نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ پر۲۰۶؍ رن بنائے۔ راجستھان رائلز کی جانب سے جوفرا آرچر، یودھویر سنگھ چرک، مہیش   اور ریان پراگ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK