آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس اور راجستھان رائلز کی ٹکر۔ نوجوان بلے بازویبھو سوریہ ونشی کے سامنے جسپریت بمراہ کا چیلنج۔
EPAPER
Updated: May 01, 2025, 11:28 AM IST | Agency | Jaipur
آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس اور راجستھان رائلز کی ٹکر۔ نوجوان بلے بازویبھو سوریہ ونشی کے سامنے جسپریت بمراہ کا چیلنج۔
راجستھان رائلز (آر آر) ، جس نے۱۴؍ سالہ ویبھو سوریہ ونشی کی شاندار اننگز کی بدولت آخری میچ جیتا تھا، جمعرات کو جے پور میں ممبئی انڈینس (ایم آئی ) سے نئے جوش و جذبے کے ساتھ مقابلہ کرے گا اوراس کا آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں مسلسل ۵؍ بار جیت کے سلسلے کو روکنامقصد ہو گا۔
خیال رہے کہ راجستھان کو سوریہ ونشی کی شکل میں امید کی کرن ملی ہے۔ سوریہ ونشی کو شروعات کرنے کا اچھا موقع اس وقت ملا جب کپتان سنجو سیمسن سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے باہر ہو گئے اور انہیں کرکٹ برادری میں سرخیاں بننے میں صرف ۳؍ اننگز لگیں۔ سنجو سیمسن نے اپنا آخری میچ ۱۶؍ اپریل کو کھیلا تھا اور ان کی واپسی کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہے، جس کی وجہ سے ویبھو سوریہ ونشی اور یشسوی جیسوال کو دوبارہ اننگز کا آغاز کرنے کی ضرورت ہوگی۔
اس سے قبل ہونے والے میچ میں دونوں کے درمیان۱۶۶؍رن کی ابتدائی شراکت کے ساتھ، رائلز نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف ۲۱۰؍رن کا ہدف آسانی سے حاصل کر لیا تھا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ گیند بازوں کو چیلنج کرنے کے بعد یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز سوریہ ونشی دنیا کے بہترین تیز گیند بازوں میں سے ایک جسپریت بمراہ کا سامنا کیسے کرتے ہیں۔ راجستھان کے نچلے مڈل آرڈر میں شمرون ہتمائر پر دباؤ ہوگا، جو اس سیزن میں ابھی تک اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں۔ اپنے تیز گیندبازی کے شعبے میں جوفرا آرچر نے یقیناً کامیابی فراہم کی ہے لیکن انہوں نے تقریباً ۱۰؍ رن فی اوور کی شرح سے رن دیئے ہیں۔ سندیپ شرما بھی کچھ مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔ دراصل راجستھان رائلز کے کسی بھی بڑے گیند باز کا اکنامی ریٹ ۹؍ سے کم نہیں ہے۔ بمراہ کی واپسی ہاردک پانڈیا کی قیادت والی ممبئی انڈینس کے لئے خوشگوار رہی۔
ممبئی کی ہمیشہ کی طرح شروعات اچھی نہیں تھی لیکن ٹیم نے اب ۵؍ میچ جیتے ہیں اور کسی بھی ٹیم کےلئے اس کی جیت کا سلسلہ روکنا آسان نہیں ہوگا۔ ہاردک پانڈیا نے لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف جیت کے بعد کہا تھا کہ ’’یہ مقابلہ بہت سخت ہے۔ ہمیں اچھا کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ہمیشہ اگلے میچ کی تیاری کرنی ہوتی ہے اور رفتار کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔‘‘ گزشتہ میچ میں ممبئی کیلئے مثبت پہلو کوربن بوش کی کارکردگی تھی، جنہوں نے وکٹ لینے کے علاوہ۲۰۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنائے۔ سوریہ کمار یادو اور روہت شرما بھی اپنی بہترین کارکردگی پیش کررہے ہیں جو کہ مخالف ٹیموں کے لئے ایک ناخوشگوار علامت ہے۔ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق شام ۷؍بجکر ۳۰؍ منٹ پر شروع ہوگا۔
راجستھان رائلزکی ٹیم: یشسوی جیسوال، شمرون ہتمائر، شبھم دوبے، ویبھو سوریہ ونشی، سنجو سیمسن، دھرو جوریل، کنال سنگھ راٹھور، ریان پراگ، یودھویر سنگھ چارک، نتیش رانا، سندیپ شرما، تشار دیشپانڈے، آکاش مدھوال، کمار کارتھیکا، تھیکشنا، فضل الحق فاروقی، اشوک شرما اور جوفرا آرچر۔ممبئی انڈینس کی ٹیم: سوریہ کمار یادو، روہت شرما، تلک ورما، بیون جیکبس، ریان رکیلٹن، رابن منج، کرشنن شریجیت، ہاردک پانڈیا، نمن دھیر، راج باوا، وگنیش پوتھور، ول جیکس، مشیل سینٹنر، جسپریت بمراہ، ارجن تینڈولکر، ٹرینٹ بولٹ، دیپک چاہر، ستیہ نارائن راجو اور مجیب الرحمان۔