Updated: April 22, 2026, 12:16 PM IST
|
Agency
| Riyadh
سعودی کلب النصر نے لیورپول کے مصری اسٹار محمد صلاح کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ یہ ممکنہ معاہدہ سعودی پروفیشنل لیگ پر دور رس اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
صلاح اور رونالڈو۔ تصویر:آئی این این
سعودی کلب النصر نے لیورپول کے مصری اسٹار محمد صلاح کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ یہ ممکنہ معاہدہ سعودی پروفیشنل لیگ پر دور رس اثرات مرتب کر سکتا ہے۔گول ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق محمد صلاح کا مستقبل اب کئی امکانات کے لئے کھلا ہے، خاص طور پر اس لئے کہ لیورپول کے ساتھ ان کا معاہدہ ختم ہونے کے قریب ہے، جس سے انہیں فری ایجنٹ کے طور پر کلب چھوڑنے کا موقع مل سکتا ہے اور دیگر کلبوں کیلئے ان کی خدمات حاصل کرنا آسان ہو گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق النصر اب صرف دلچسپی ہی نہیں لے رہا بلکہ ایک سنجیدہ حریف کے طور پر سامنے آیا ہے۔ کلب ایک بڑے معاہدے کی کوشش میں ہے تاکہ محمد صلاح اور پرتگالی لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو کو ایک ہی ٹیم میں یکجا کیا جا سکے۔ یہ جارحانہ جوڑی کلب کی اٹیکنگ پاور میں ایک زبردست اضافہ ثابت ہو سکتی ہے۔النصر انتظامیہ کی حالیہ کوششوں کو دیکھتے ہوئے صلاح اور رونالڈو کو ایک ہی جرسی میں دیکھنے کا امکان پہلے سے کہیں زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
کلب انتظامیہ ٹیم کو ایک ایسے عالمی معیار کے اسٹار کے ساتھ مضبوط کرنا چاہتی ہے جو ان کے عزائم سے مطابقت رکھتا ہو۔دیگر سعودی کلبوں سے سخت مقابلے کے باوجود، النصر کی جانب سے مذاکرات میں مضبوطی سے داخلے نے اس معاہدے کے امکانات کو بڑھا دیا ہے، جس سے خطے کی ایک انتہائی خطرناک اٹیکنگ لائن اپ بن سکتی ہے۔
دوسری طرف، ماہرین کی جانب سے دونوں ستاروں کے درمیان تکنیکی مطابقت کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں لیکن پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی جانب سے ملنے والی مسلسل حمایت صلاح کو سائن کرنے کی واضح خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔ اس کی وجہ نہ صرف میدان پر ان کی کارکردگی ہے بلکہ ان کا مارکیٹنگ اور ثقافتی اثر و رسوخ بھی ہے جو خطے میں فٹ بال کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔شائقین بھی دونوں کو ساتھ دیکھنے کے متمنی ہیں۔