فائنل میں لیونل میسی کی ٹیم کو تین صفر سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میچ کے بعد لوئیس سواریز کی نازیبا حرکت،مخالف ٹیم کے کوچ پر تھوک دیا۔
EPAPER
Updated: September 02, 2025, 1:36 PM IST | Agency | New York
فائنل میں لیونل میسی کی ٹیم کو تین صفر سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میچ کے بعد لوئیس سواریز کی نازیبا حرکت،مخالف ٹیم کے کوچ پر تھوک دیا۔
لیونل میسی کی ٹیم انٹر میامی کو سیئٹل ساؤنڈرز نے تین صفرسے شکست دے کر لیگز کپ کا خطاب جیت لیا۔انٹر میامی کے خلاف اس فتح کے ساتھ ساؤنڈرز ٹورنامنٹ کے چمپئن بن گئے اورمیجر لیگ ساکر( ایم ایل ایس) میں ہر بڑی شمالی امریکی فٹ بال ٹرافی جیتنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔ کلب نے اس سے قبل ۴؍ یو ایس اوپن کپ، ۲؍ ایم ایل ایس کپ، ایک کونکاکاف چمپئن کپ اور ایک سپورٹرز شیلڈ جیتی ہے۔ساؤنڈرز نے ۲۶؍ویں منٹ میں برتری حاصل کی جب فارورڈ اوسازے ڈی روزاریو نے ونگر پال روتھراک کے کراس پر ہیڈر لگایا جو سیدھا گول پوسٹ میں چلا گیا۔ پھر ۸۴؍ویں منٹ میں ڈیفینڈر الیکس رولڈن نے پنالٹی کک کے ساتھ اس برتری کو دگنا کر دیا، جب ونگر جارجی مینونگو نے باکس کے اندر ایک فاؤل کیا تھا۔جبکہ پال نے ۸۹؍ویں منٹ میں گول کیا۔
سواریز شکست برداشت نہیں کرسکے
میچ کے بعد یوروگوئے کے اسٹرائیکر لوئیس سواریز نے ایسی حرکت کی جس نے کھیل کی وقار پر سوالات کھڑے کردئیے۔ سواریز ایک بار پھر اپنے رویے کی وجہ سے تنازعات کی زد میں آگئے۔ خبروں کے مطابق جیسے ہی فل ٹائم کی سیٹی بجی ماحول اچانک خراب ہو گیا۔ ہار سے مایوس سواریز سیدھے سیئٹل ساؤنڈرز کے ۲۰؍سالہ مڈفیلڈر اوبید ورگاس کی طرف دوڑے اور انہیں پکڑ لیا۔ اس غیر متوقع حرکت سے کھلاڑیوں کے درمیان شدید جھڑپ شروع ہو گئی۔ اس دوران سواریز نے سیئٹل کے اسسٹنٹ کوچ اوبید ورگاس کی طرف بڑھے اور ان پر تھوک دیا۔