Inquilab Logo

سرجیو پیریز نے سعودی عرب گراں پری پرقبضہ کرلیا

Updated: March 21, 2023, 11:49 AM IST | Riyadh

ریڈبُل ٹیم کے دونوں ڈرائیورس نے پہلی اور دوسری پوزیشن پرقبضہ کیا۔ الانسو پنالٹی کی وجہ سے گراں پری جیتنے میں ناکام رہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

فارمولاوَن عالمی چمپئن شپ کی دوسری گراں پری کا انعقاد سعود عرب گراں پری کی شکل میں ہوا اور یہ ریس ریڈبُل ٹیم کے ڈرائیور سرجیو پیریز نے جیت لی۔ اس کے بعد دوسرے نمبرپر بھی ریڈ بُل ٹیم کے ہی ڈرائیور اور دفاعی چمپئن میکس ورسٹاپین رہے ۔ ان کے بعد تیسری پوزیشن فرنانڈو الانسو  رہےجو پنالٹی کی وجہ سے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے سے قاصر رہے، حالانکہ انہوں نے پوڈیم پر جگہ بنالی تھی۔  دو گراں پری کے بعد ورلڈ چمپئن شپ کے ٹیبل پر سرجیو پیریز دوسرے نمبر پر ہیں اور پہلی پوزیشن پر میکس ورسٹاپین ہیں۔ حالانکہ ان دونوں کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔ 
 اتوار کی دیر رات ہونے والی گراں پری  میں فرنانڈو الانسو نے گرڈ پر ٹاپ ۲؍پوزیشن سے شروعات کی تھی لیکن ان پر پنالٹی عائد کی گئی تھی جس کے بعد انہیں پٹ اسٹاپ چند سیکنڈ تک رُکنا پڑا جس کی وجہ سے وہ پوڈیم پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ سعودی عرب گراں پری میں سرجیو پیریز نے ایک گھنٹہ ۲۱؍منٹ۱۴؍ سیکنڈ میں ریس مکمل کرکے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے ۵۰؍ لیپس میں اپنے ہی ساتھی ڈرائیور میکس ورسٹاپین کو بھی پیچھے کیا۔ 
 پیریز نے پول سے آغاز کیاتھا، آغاز میں ہی الانسو سے برتری گنوا دی، لیکن اسپینارڈ کو چوتھے لیپ میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ملا اور انہوںنے گراں پری پر کنٹرول کرلیا۔ دریں اثنا، ورسٹاپین نے اپنی نچلی ابتدائی پوزیشن سے سرکٹ پر مستقل طور پر اپنا راستہ منتخب کیا، جو کوالیفائنگ میں ڈرائیو شافٹ کی ناکامی کا نتیجہ تھا۔وہ چوتھے نمبر پر تھے جب۵۰؍ میں سے۱۸؍ لیپ پر ایک حفاظتی کار بھیجی گئی تھی جب لانس اسٹرول کی آسٹن مارٹن تکنیکی خرابی کے بعد ٹریک پر رک گئی تھی۔اس وقت پیریز کو ڈچ مین پر۲۰؍ سیکنڈ کی برتری حاصل تھی اس کے باوجود حفاظتی کارنے سرکٹ پر سبھی کاروں کو ایک ساتھ لایا اور ورسٹاپین کو اس سال ۲؍ ریس میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ریس دوبارہ شروع ہونے کے بعد ورسٹاپین  نے رسل اور پھر الانسو کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیزی سے پیشرفت کی۔لیکن وہ  پیریز سے آگے نکلنے میں ناکام رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK