Inquilab Logo

شیخ منصور کے فٹبال کلب مانچسٹر سٹی کا چمپئن لیگ پر قبضہ

Updated: June 12, 2023, 2:43 PM IST | İstanbul

سٹی کلب فائنل میں انٹرمیلان کو ۰۔۱؍ گول سے شکست دے کر کلب کی تاریخ میں پہلی بار یورپی ٹورنامنٹ کا چمپئن بنا۔روڈری نے میچ کا واحد گول کیا

photo;INN
تصویر :آئی این این

 ابوظہبی کے شیخ منصور کی ملکیت والے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی  نے بالآخر چمپئن لیگ کا خطاب بھی جیت لیا۔ اپنی فٹبال تاریخ میں سٹی کلب نے پہلی بار یہ خطاب اپنے نام کیا ہے اوروہ یورپ کی مضبوط ٹیم بن کر ابھری ہوئی ہے۔ مانچسٹر سٹی کے مسلم کپتان ایلکائی غوندوغان نے سٹی کی جانب سے ٹرافی اٹھائی ۔ اس جیت کے ساتھ ہی یوئیفا چمپئن لیگ کے چمپئن مانچسٹر سٹی نے ایک سیزن میں ۳؍ خطاب جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس سے قبل سٹی نے انگلش پریمیر لیگ  اور اس کے بعد ایف اے کپ  کا خطاب بھی جیتا تھا۔ 
  مانچسٹر سٹی نے  روڈری کے گول کی بدولت سنیچر کی دیر رات انٹر میلان کو۰۔۱؍گول  سے شکست دے کر اپنا پہلا چمپئن لیگ کا خطاب  جیت لیا۔ استنبول کے اتاترک اولمپیاڈ اسٹیڈیم میں اسپین کے روڈری نے میچ کا واحد گول ۶۸؍ویں منٹ میں کیا اورمانچسٹر سٹی کو پہلا یورپی کلب فٹبال کا اعزاز دلایا۔
 ٹیم کے منیجر پیپ گارڈیالا نے ٹیم کی ٹائٹل جیتنے کے بعد کہا ’’  `یہ قسمت میں لکھا تھا۔ یہ ہمارا ہے۔‘‘ ابوظہبی کے شیخ منصور بن زید النہیان نے۱۵؍ سال قبل سٹی کلب کو راتوں رات دنیا کے امیر ترین کلبوں میں سے ایک بنا دیا تھا لیکن ٹیم کو چمپئن لیگ کا ٹائٹل جیتنے میں کافی وقت لگا۔ یہ گارڈیالا کی ٹیم کے لئے آخری محاذ تھا۔ ٹیم نے رواں سیزن میں پریمیر لیگ اور ایف اے کپ کے خطابات  جیت کر ٹائٹل کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔
 اس خطابی  جیت کے ساتھ ہی گارڈیالا کا اب تک کا بہترین کوچ ہونے کا دعویٰ بھی مضبوط ہو گیا ہے۔ یہ ان کا تیسرا  چمپئن  لیگ خطاب  اور۳۰؍ ​​واں بڑا ٹائٹل ہے۔ گارڈیالا نے سیزن میں دوسری بار ٹائٹل کی ہیٹ ٹرک مکمل کی ہے۔ اس سے قبل وہ ۲۰۰۹ء میں بارسلونا کے ساتھ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اس طرح سٹی ایک ہی سیزن میں تینوں بڑے ٹائٹل جیتنے والا دوسرا انگلش کلب بن گیاہے۔ مانچسٹر یونائٹیڈ  نے اس سے قبل۲۰۰۹ء میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
 اٹلی کے  انٹر میلان کے پاس میچ کو اضافی وقت میں لے جانے کا موقع تھا لیکن ٹیم اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ متبادل کھلاڑی رومیلو لوکالو کو صرف۸۹؍ویں منٹ میں گول کیپر ایڈرسن کو شکست دینا تھی لیکن ۴؍ میٹر سے ان کا ہیڈر سیدھا گول کیپر کے ہاتھ میں چلا گیا۔ اس سے قبل، روڈری کے گول کے تھوڑی دیر بعد، انٹر میلان کے فیڈریکو ڈیمارکو کا شاٹ قریب سے لگ کر سائیڈ بار پر لگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK