Inquilab Logo Happiest Places to Work

شبھمن گل کو ایک بار پھر’ پلیئرآف دی منتھ‘ ایوارڈ

Updated: August 13, 2025, 12:22 PM IST | Agency | New Delhi

آئی سی سی نے انہیں جولائی کا بہترین کھلاڑی قراردیا، چار بار یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی ،۲۰۲۳ء میں انہوں نے دوبار یہ ایوارڈ جیتا تھا، جبکہ امسال فروری میں بھی وہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں، گل نے اس ایوارڈ کو اپنےلئے انتہائی اہمیت کا حامل قراردیا اور اس کی وجہ یہ بتائی کہ بطور کپتان انہیں پہلی ٹیسٹ سیریز میں یہ اعزاز مل گیا۔

Indian Test team captain Shubman Gill had a brilliant batting performance in the series against England. Photo: INN
ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھ من گل کی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بلے بازی شاندار رہی۔ تصویر: آئی این این

ٹیم انڈیا کے ٹیسٹ کپتان شبھ من گل کو آئی سی سی نے جولائی کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا ہے۔ انہوں نے اس دوڑ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ویان مولڈر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ شبھ من نے جون اور اگست کے درمیان انگلینڈ میں کھیلی گئی اینڈرسن تنڈولکر ٹرافی میں۴؍سنچریاں بنائیں۔خواتین کرکٹ میں یہ اعزاز انگلینڈ کی بلے باز صوفیہ ڈنکلی کو ملا۔ اس نے اپنی ہی ٹیم کی سوفی ایکلسٹن اور آئرلینڈ کے کپتان گیبی لوئس کو پیچھے چھوڑ دیا۔
شبھ من نے جولائی  میں ۵۶۷؍ رن بنائے 
 ماہ جولائی میں ۲۵؍ سالہ شبھ من  نے۳؍ٹیسٹ میچوں  میں ۹۴ء۵۰؍ کے اوسط سے۵۶۷؍ رن بنائے۔ ان میں ایک ڈبل سنچری اور۲؍ سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے سیریز کی ایک سنچری  اگست میں میں بنائی تھی، اس لیے اسے جولائی کے اسکور میں شامل نہیں کیا گیا۔ گل کو چوتھی بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ ملا۔
 شبھ من نے اس موقع پر کہا کہ  ایوارڈ کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا’’ `پلیئر آف دی منتھ بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ اس بار اس ایوارڈ کی اہمیت بہت زیادہ ہے، کیونکہ  بطور ٹیسٹ کپتان پہلی سیریز میں کارکردگی کے لیے ملا  ہے۔‘‘
 انہوں نے مزیدکہا ’’مجھے برمنگھم میں ڈبل سنچری اسکور کرنا ہمیشہ یاد رہے گا۔ یہ میرے انگلینڈ کے دورے کی ایک بڑی خاص بات تھی۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میرے لیے بطور کپتان سیکھنے کا بہترین موقع تھا۔ سیریز میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘‘
چار بار ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے مرد کھلاڑی 
 شبھ من گل پہلے مرد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ۴؍ بار یہ ایوارڈ جیتا ہے ۔ آئی سی سی  نے ۲۰۲۱ء میں پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ دینا شروع کیا تھا۔ تب سےشبھ من نے چوتھی بار یہ ایوارڈ جیتا ہے۔ گل نے رواں سال فروری میں بھی یہ ایوارڈ جیتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی  انہیں ۲۰۲۳ء میں دو بار یہ ایوارڈ ملا۔خواتین کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر اور ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز بھی چار چار مرتبہ یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
 گل نے  اس سیریز  میں ۷۵۴؍رن بنائے  ہیں۔شبھ من  گل جولائی میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صرف۱۶؍ اور۶؍ رن بنا سکے۔ اس کے باوجود انہوں نے بقیہ۲؍ ٹیسٹ کی ۴؍ اننگز میں۳؍ سنچریاںاسکور کیں۔ گِل نے سیریز  کے ۵؍ ٹیسٹ میچوں میں ۷۵۴؍ رن بنائے جو کسی ٹیسٹ سیریز میں ہندوستانی کپتان کے ذریعے بنائے گئے سب سے زیادہ رن ہیں۔
ڈنکلی نے ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی دونوں فارمیٹس میں رن بنائے 
 انگلینڈ کی صوفیہ ڈنکلی کو ویمنز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ ملا۔ انہوں نے جولائی میں ہندوستان کے خلاف ۴؍ٹی ٹوینٹی  اور۳؍ یکروزہ میچ  کھیلے۔ ٹی ٹوینٹی میں انہوں نے ۱۳۴ء۵۷؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۱۴۴؍ رن بنائے۔ انہوں نے ون ڈے میں بھی یہی فارم برقرار رکھا اور۶۳؍ کےاوسط سے۱۲۶؍ رن بنائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK