Updated: February 18, 2026, 12:05 PM IST
|
Agency
| New Delhi
ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے ۲۰۲۵ءکا معتبر بی بی سی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ ۲۹؍ سالہ مندھانا نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں ہندوستان کی تاریخی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں ۴۳۴؍ رن بنائے تھے۔
اسمرتی مندھانا۔ تصویر:آئی این این
ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے ۲۰۲۵ءکا معتبر بی بی سی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ ۲۹؍ سالہ مندھانا نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں ہندوستان کی تاریخی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں ۴۳۴؍ رن بنائے تھے۔ اس ایوارڈ کے لئے کپتان ہرمن پریت کور، شطرنج کی چمپئن دیویا دیشمکھ، شوٹر سروچی سنگھ اور ایتھلیٹ جیوتی یارجی کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اسمرتی مندھانا نے اسے خواتین کی کرکٹ کیلئے ایک یادگار مرحلہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا’’یہ سال میرے لئے بہت خاص رہا ہے۔ میں بی بی سی کی مشکور ہوں جس نے مجھے اس اعزاز کے لئے منتخب کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی ٹیم کی جیت میں تعاون دے سکی۔‘‘انہوںنے مزید کہا کہ یہ اعزاز انہیں ملک اور ٹیم کےلئے مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی تحریک دےگا۔
واضح رہے کہ مندھانا کا انتخاب ایک اعلیٰ سطح کی جیوری نے کیا جس میں سابق ٹینس اسٹار لینڈر پیس، دیپا ملک اور انجو بوبی جارج شامل تھیں۔ مندھانا نے اب تک بین الاقوامی کرکٹ میں ۱۷؍ سنچریاں اسکور کی ہیں، جس کیساتھ ہی انہوں نے آسٹریلیا کی میگ لیننگ کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ وہ رائل چیلنجرز بنگلور کو ۲؍ بار ڈبلیو پی ایل خطاب سے ہکمنار کرنے والی کپتان بھی ہیں۔
تقریب میں دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بھی نوازا گیا۔۲۰؍سال کی عمر میں ویمنز ورلڈ کپ جیتنے پر دیویا دیشمکھ ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر قرار پائیں۔ پیرا ایتھلیٹ پریتی پال کو ورلڈ چمپئن شپ میں ۲؍ تمغے جیتنے پر بی بی سی پیرا اسپورٹس وومن آف دی ایئر کا ایوارڈ ملا۔ سابق مایہ ناز شوٹر انجلی بھاگوت کو ہندوستانی شوٹنگ میں گراں قدر خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہ اولمپک فائنل تک پہنچنے والی پہلی ہندوستانی خاتون شوٹر ہیں۔