Inquilab Logo

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اسپین باہر، اٹلی فائنل میں

Updated: July 08, 2021, 12:28 PM IST | Agency | London

یوروکپ کے سیمی فائنل میں فُل اورایکسٹرا ٹائم تک اسکور ایک۔ ایک سے برابر رہا ۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اٹلی کی ۲۔۴؍ سے فتح

 After the players of the Italian team entered the final.Picture:INN
اٹلی کی ٹیم کے کھلاڑی فائنل میں داخل ہونے کے بعد ۔تصویر :آئی این این

یورو کپ ۲۰۲۰ءکے سیمی فائنل میں اٹلی نے اسپین کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کی بنیاد پر ہوا۔ لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والےپہلے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے کئے گئے مگر پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔دونو ںٹیم کو مایوسی ہوئی۔ دوسرے ہاف کے ۱۵؍ویں منٹ میں اٹلی کی جانب سے فیڈریکو چیزا  نے گول اسکور کیا، کھیل ختم ہونے سے ۱۰؍ منٹ قبل اسپین کے الوارو موراتا نے گیند کو حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔ مقررہ وقت  اور پھر اضافی وقت میں مقابلہ برابر رہا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے  پنالٹی شوٹ آؤٹ  کا سہارا لیا گیا جس میں اٹلی نے ۴؍  اور اسپین نے ۲؍گول اسکور کئے۔اس طرح    اٹلی کی ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔
 اٹلی کی جانب سے پنالٹی شو ٹ آؤٹ میں اینڈریو بیلوٹی ، لیونارڈو بینوچی ، فیڈریکو برنارڈ ڈیسچی  اور جارگنہو نے گول کئے۔ مینوئل لوکاٹیلی  نے پنالٹی شوٹ آؤٹ کی کک ضائع کردی۔ اسپین کی جانب سے جیرارڈ مورینو اور تھیاگو الکانترا نے گول کئےجبکہ ڈینیل اولمو اور الوارو موراتا گول کرنے میں ناکام رہے۔ 
 میچ کے بعد اٹلی کے کوچ رابرٹو مانسینی نے کہاکہ کسی کو یقین نہیں تھا کہ ہم اتنی بڑی کامیابی حاصل کرنے والے ہیں۔ اب ہم یوروکپ کے فائنل میں ہیں اور اس میں سبھی کا تعاون شامل ہے۔ خیال رہے کہ اٹلی کی قومی فٹبال ٹیم ۲۰۱۸ء کے ورلڈ کپ کے فائنلس کیلئے کوالیفائی نہیں ہوپائی تھی جس کی وجہ سے اس پر بہت تنقید ہوئی تھی اور اٹلی کے فٹبال انتظامیہ نے رابرٹو مانسینی کو کوچ مقرر کیا تھا۔تب سے ٹیم اچھا مقابلہ کررہی ہے او ر کامیابی حاصل کررہی ہے۔ 
 اسپین کو شکست دے کر اٹلی کی ٹیم نے فائنل میں قدم رکھا ہے اور فٹبال مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اٹلی کے نئے دور کا آغاز ہے۔ کوچ مانسینی نے ٹیم میں زبردست تبدیلی کرتےہوئے اس کے کھیلنے کے طریقے کو تبدیل کردیا۔ مانسینی نے کمزور اور دفاعی کھیل کوتبدیل کرکے اٹیکنگ فٹبال کھیلنے پر زور دیاہے اور ٹیم ایسا ہی کررہی ہے۔ 
 اٹلی کےتجربہ کارکھلاڑی جارجیو چیلینی کے مضبوط دفاع کی بدولت ٹیم نے  اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا اوروہ ۳۳؍میچوں میں ناقابل شکست رہنے کی مہم میں برقرار ہے۔ میچ کے بعد مانسینی نے کہاکہ کھلاڑی کچھ الگ کرنا چاہتے تھے اس لئے وہ بہت زیادہ محنت کررہے تھے۔ وہ فٹبال کو ایک برانڈکی حیثیت سے کھیلنا چاہتے تھے اور انہوں نے وہ کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ یوروکپ ۲۰۲۰ء کے کچھ میچ ایسے تھے جن میں ہمیں شکست مل سکتی تھی لیکن کھلاڑیوںنے سبھی رکاوٹوں کو پار کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور فائنل میں جگہ بنائی۔ ہمارے لئے یہ آسان نہیں تھا کیونکہ اسپین اسٹرائیکر کے بغیر کھیل رہا تھا۔
  میچ کے بعد اسپین کے کوچ لوئیس اینرک نے کہاکہ الوارو موراتا اچھے کھلاڑی ہیں اور ان کی شخصیت بھی بہت اچھی ہے۔ وہ پنالٹی کک مارنا چاہتے تھے اور وہ پورے ٹورنامنٹ میں پریشان تھے ۔ خیر شکست ہمارے لئے مایوس کن تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK