Updated: November 19, 2026, 5:01 PM IST
| Madrid
اسپین کے ۲۰۱۰ ءفیفا ورلڈ کپ فاتح اور معروف مڈفیلڈر جوآن ماتا نے ۳۸ ؍سال کی عمر میں پیشہ ورانہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ چیلسی اور مانچسٹر یونائیٹڈ جیسے بڑے یورپی کلبوں کی نمائندگی کرنے والے ماتا نے تقریباً دو دہائیوں پر مشتمل اپنے شاندار کریئر کے دوران عالمی کپ، یورو کپ، یوئیفا چیمپئنز لیگ اور یوروپا لیگ سمیت کئی بڑے اعزازات حاصل کیے۔
اسپین کے ۲۰۱۰ ءفیفا ورلڈ کپ فاتح اور معروف مڈفیلڈر جوآن ماتا نے ۳۸ ؍سال کی عمر میں پیشہ ورانہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ چیلسی اور مانچسٹر یونائیٹڈ جیسے بڑے یورپی کلبوں کی نمائندگی کرنے والے ماتا نے تقریباً دو دہائیوں پر مشتمل اپنے شاندار کریئر کے دوران عالمی کپ، یورو کپ، یوئیفا چیمپئنز لیگ اور یوروپا لیگ سمیت کئی بڑے اعزازات حاصل کیے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے فٹبال کو الوداع کہتے ہوئے جذباتی پیغام دیا کہ بعض اوقات محبت کا مطلب رخصت ہوجانا بھی ہوتا ہے۔
جوآن ماتا نے بدھ ۱۸؍ نومبر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پیشہ ورانہ فٹبال سے کنارہ کشی کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’کبھی کبھی محبت کرنے کا مطلب چھوڑ دینا بھی ہوتا ہے۔ شکریہ فٹبال۔‘‘ماتا نے اپنے ویڈیو پیغام میں فٹبال کے سفر کے دوران ساتھ دینے والے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، کلبوں، مداحوں اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کریئر میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ اب پیشہ ورانہ سطح پر میدان میں نہیں اتریں گے، لیکن فٹبال ان کی زندگی کا حصہ رہے گا اور وہ کھیل سے وابستہ رہنے کے دوسرے طریقے تلاش کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے:ایرلنگ ہالینڈ نے جرمنی کے عظیم فٹبالر گیرڈ مولر کا ریکارڈ برابر کردیا
جوآن ماتا اسپین کی اس تاریخی قومی ٹیم کا حصہ تھے جس نے جنوبی افریقہ میں منعقدہ ۲۰۱۰ءفیفا ورلڈ کپ کا خطاب جیت کر ملک کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنایا تھا۔ اس کامیابی نے اسپین کو عالمی فٹبال میں ایک نئی شناخت دی اور ماتا سمیت کئی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔ماتا نے اسپین کی جانب سے مجموعی طور پر ۴۱ بین الاقوامی مقابلے کھیلے اور ۱۰ گول اسکور کیے۔ وہ ۲۰۱۲ میں یورپی چیمپئن شپ جیتنے والی اسپین کی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ اٹلی کے خلاف فائنل میں اسپین نے ۴-۰ سے کامیابی حاصل کی تھی اور خوان ماتا نے بھی اس مقابلے میں گول کرکے ٹیم کی فتح میں حصہ ڈالا تھا۔
جوآن ماتا نے فٹبال کی ابتدائی تربیت ریئل میڈرڈ کے نوجوان کھلاڑیوں کے نظام میں حاصل کی۔ بعد ازاں وہ والینشیا سے وابستہ ہوئے، جہاں ان کی صلاحیتوں نے انہیں اسپین کے نمایاں مڈفیلڈرز میں شامل کردیا۔ والینشیا کے لیے ان کی کارکردگی نے یورپ کے بڑے کلبوں کی توجہ حاصل کی اور ۲۰۰۸ء میں انہوں نے ٹیم کے ساتھ کوپا ڈیل رے کا خطاب بھی جیتا۔والینشیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد ماتا نے ۲۰۱۱ ءمیں انگلش کلب چیلسی کا رخ کیا۔ یہاں انہوں نے اپنی تکنیکی مہارت، بہترین پاسنگ، گیند پر کنٹرول اور گول کرنے کی صلاحیت کے ذریعے شائقین کے دل جیت لیے۔
چیلسی کے ساتھ خوان ماتا کا دور ان کے کریئر کا اہم ترین مرحلہ ثابت ہوا۔ کلب میں شمولیت کے پہلے ہی سیزن میں انہوں نے ۲۰۱۲ ءکی یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بن کر تاریخ رقم کی۔ اسی دور میں انہوں نے ایف اے کپ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ماتا کی تخلیقی صلاحیت، درست پاس اور حملوں کو مؤثر بنانے کی مہارت نے انہیں چیلسی کے اہم کھلاڑیوں میں شامل کردیا تھا۔ ان کی کارکردگی نے انہیں انگلش پریمیئر لیگ کے نمایاں مڈفیلڈرز میں جگہ دلائی۔
جنوری ۲۰۱۴ء میں جوآن ماتا مانچسٹر یونائیٹڈ سے وابستہ ہوئے۔ انہوں نے اس کلب کے لیے تقریباً آٹھ سال خدمات انجام دیں اور مجموعی طور پر ۲۸۵؍ مقابلوں میں میدان میں اترے۔مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ انہوں نے ایف اے کپ، یوئیفا یوروپا لیگ اور لیگ کپ کے اعزازات حاصل کیے۔ ۲۰۱۶ء میں کرسٹل پیلس کے خلاف ایف اے کپ فائنل میں بھی انہوں نے گول کیا تھا، جس سے ٹیم کو کامیابی حاصل کرنے میں مدد ملی۔ماتا نے مانچسٹر یونائیٹڈ میں اپنے طویل قیام کے دوران میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مثبت رویے سے شناخت قائم کی۔
یہ بھی پڑھئے:کیمرے کے سامنے روپے دے کرویڈیو بناتے ہیں، پھر واپس لے لیتے ہیں : شرَد کپور
۲۰۲۲ء میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کے بعد خوان ماتا نے اپنے فٹبال کریئر کو نئے ملکوں میں جاری رکھا۔ وہ ترکی کے معروف کلب گالاتاسرائے سے وابستہ ہوئے اور وہاں لیگ کا خطاب جیتا۔ اس کے بعد انہوں نے جاپان کے کلب ویسل کوبے کی نمائندگی کی اور وہاں بھی لیگ ٹائٹل حاصل کیا۔اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں ماتا آسٹریلیا پہنچے اور میلبورن وکٹری کے لیے کھیلنے لگے۔ وہ اس سے قبل ویسٹرن سڈنی وانڈررز سے بھی وابستہ رہے۔ میلبورن وکٹری کے ساتھ ان کا آخری سیزن ۲۰۲۵-۲۶ ءرہا، جس میں انہوں نے پانچ گول اسکور کیے اور ۱۳؍گول کرنے میں ساتھی کھلاڑیوں کی مدد کی۔
جوآن ماتا نے اپنے آخری سیزن میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میلبورن وکٹری کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہیں جانی وارن میڈل، وکٹری میڈل اور ای ٹورو پلے میکر آف دی ایئر سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ انہیں کلب کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی نمایاں مقام حاصل ہوا۔ستمبر ۲۰۲۶ء میں میلبورن وکٹری سے ان کے کھیلنے کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد یہ واضح ہوگیا تھا کہ وہ کلب کے ساتھ بطور کھلاڑی اپنا سفر جاری نہیں رکھیں گے۔ تاہم انہوں نے کلب سے اپنا تعلق برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا اور اس میں ملکیتی حصہ لینے کے ساتھ فٹبال کمیٹی کے چیئرمین کی ذمہ داری بھی قبول کی۔ اس طرح وہ میدان سے باہر رہتے ہوئے بھی کلب کے مستقبل اور فٹبال سے متعلق فیصلوں میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔