Inquilab Logo

میرا ڈونا کے انتقال پردنیا بھر کے شائقین کھیل سوگوار،سبھی نے عظیم قراردیا

Updated: November 27, 2020, 1:35 PM IST | Agency | Buenos Aires, Rio de Janeiro, New Delhi

برازیل کے اسٹار پیلے نے اپنے دوست کو یاد کرتے ہوئےکہا کہ’’ ایک دن ہم آسمان پر ایک ساتھ بال کو کک ماریں گے‘‘،ہمارے میراڈونا نے ہمیں چھوڑ دیا ، ایسا لگا ہمارے دل نے ایک لمحہ کے لئے دھڑکنا بند کردیا:فیفا صدرجیانی انفنٹینو،سچن ،گنگولی، رونالڈواور میسی کا اظہارِ افسوس

Diego Maradona.Picture :INN
ڈیاگو میراڈونا ۔ تصویر:آئی این این

برازیل کے عظیم فٹ بال کھلاڑی  پیلے نے فٹ بال کی تاریخ کے سب سے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک  مایہ ناز اور لیجنڈری ڈیاگو میراڈونا کی وفات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہاایک دن ہم آسمان پر اکٹھے بال کو کک  ماریں گے۔۸۰؍ سالہ پیلے نے کہاکہ’’اپنے دوست کو کھونے کی افسوسناک خبر  ملی ۔ یہ یقینی ہے کہ جنت میں ہم ساتھ میں بال کو کک کریں گے۔‘‘میرا ڈونا کے انتقال پر پیلے نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج میں نے اپنا ایک مخلص دوست اور دنیا نے ایک لیجنڈ کھو دیا ہے۔‘‘پیلے کا مزید کہنا تھا کہ’’ میرا ڈونا کے لیے میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن میں خدا سے دُعا کرتا ہوں کہ وہ اُن کے اہل خانہ کو صبر دے۔ ایک دن ہم اگلے جہاں میں ایک ساتھ فٹ بال کھیلیں گے۔ ‘‘ فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کے صدر جیانی  انفنٹینو نے ڈیاگو میراڈونا  کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہمارے  میراڈونا نے ہمیں چھوڑ دیا ۔ ایسا لگا ہمارے دل نے ایک لمحہ کے لئے دھڑکنا بند کردیا۔ ہماری خاموشی ، ہمارے آنسو ، ہمارا درد ہی وہ سب ہے جو ہم اس وقت محسوس کر رہے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے گہری ہمدردی ہے۔ پیارے ڈیاگو ، سکون سے آرام کرو۔ بہت زیادہ پیار۔واضح رہےکہ فٹ بال کے عظیم کھلاڑی  ڈیاگو میراڈونا۲۵؍ نومبر کو۶۰؍سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔’آپ ہمارے دلوں میں ہمیشہ رہیں گے‘ارجنٹائنا  فٹ بال ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں میراڈونا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔ارجنٹائنا  کے صدر نے ملک میں تین دن کے قومی سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آپ ہمیں دنیا کی چوٹی پر لے گئے تھے۔ آپ نے ہمیں بہت خوش کیا ۔ آپ سب سے عظیم  ہیں۔ 
سچن ، گنگولی ، رونالڈو اور میسی کا اظہار افسوس
  ہندوستان کے ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر ، بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی ، پرتگال کے نامور فٹ بال کھلاڑی کرسٹیانورونالڈو اورآنجہانی میراڈونا کے ہم وطن اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے بھی میراڈونا  کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہےاورتعزیتی پیغامات دئیے۔ تنڈوولکر نے ٹویٹر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  میراڈونا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا  ’’فٹ بال اور کھیلوں کی دنیا آج ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگئی ۔آپ کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔‘‘گنگولی نے ٹویٹ کرکے میراڈونا کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرا  ہیرو اب نہیں رہا۔  میں صرف آپ کے لئے فٹ بال دیکھتا تھا۔‘‘رونالڈو نے ٹویٹ کرتے ہوئے میراڈوناکو ایک انوکھا جادوگر بتایا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’آج میں اپنے ایک دوست کو الوداع کہہ رہا ہوں۔ آپ ہمیں جلدی چھوڑ کر چلے گئے  ۔ آپ کی کمی کوپورا نہیں کیا جاسکے گا ۔ آپ کو کبھی بھی  فراموش نہیں کرسکیں گے۔ ‘‘ ڈیاگو میراڈونا کو ان کے ہم وطن  میسی  نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ میسی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے ، انہوں نے لکھا کہ ’’تمام ارجنٹائنا اور فٹ بال کے لئے بہت دکھ کا  دن ہے۔ وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ۔ میں ان کے ساتھ گزارے ہوئے تمام اچھے لمحات کو یاد کرتے ہوئےان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ سریش رائنا نے میراڈونا کے انتقال کو ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا  کہ’’ یہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ہمارا بچپن کا اسٹار ، جس نے ہمیں خوشی منانے کے بہت سارے مواقع فراہم کیے۔ آپ ہمیشہ ہمارے دلوں اور یادوں میں رہیں گے۔‘‘
آئی سی سی کا بھی خراج عقیدت 
 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے میراڈونا کو خراج  عقیدت پیش کیا اور کہا کہ عظیم کھلا ڑی نے  نہ صرف ایک نسل بلکہ کئی نسلوں کو متاثرکیا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK