Inquilab Logo

لیونل میسی نے انٹر میامی فٹبال کلب میں پہلی ٹرافی جیتی

Updated: August 21, 2023, 1:21 PM IST | Agency | America

لیگز کپ ۲۰۲۳ء کے فائنل میں انٹر میامی نے نیش ول کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں مات دی۔ فُل ٹائم تک اسکور ۱۔۱ ؍گول سے برابر رہا

Photo. INN
تصویر:آئی این این

: لیونل میسی نے مقررہ وقت میں اپنی ٹیم کو برتری دلانے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پہلا شاٹ گول میں بدل دیا۔ اس کے نتیجے میں انٹر میامی نے لیگ کپ فٹبال فائنل میں نیش وِل ایس سی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ۹۔۱۰؍ سے شکست دے دی۔ میسی نے میچ کے۲۳؍ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔ انٹر میامی سے شمولیت کے بعد سے ۷؍ میچوں میں یہ ان کا۱۰؍ واں گول تھا۔
 لیونل میسی نے ٹیم کے ساتھی رابرٹ ٹیلر کی جانب سے پاس حاصل کرنے کے بعد نیش وِل کے دفاعی کھلاڑی واکر زیمرمین کو شکست دی اور پنالٹی باکس کے باہر سے گول پوسٹ کے بائیں جانب مارا، گول کیپر کو رکنے کا کوئی موقع نہیں ملا۔ میسی نے میچ کے ۷۱؍ویں منٹ میں بھی ایسا ہی ایک موقع فراہم کیا لیکن گیند گول پوسٹ پر لگنے سے وہ گنوا بیٹھے۔ میسی نے ٹیم کی پہلی کوشش کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں بدل دیا جب اسکور۱۲۰؍ منٹ کے بعد ۱۔۱؍ سے برابر رہا۔ انٹر میامی کی ٹیم پہلی بار لیگز کپ کی چمپئن بن گئی ہے۔
  لیونل میسی نے حال ہی میں انٹر میامی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ میسی کو آتے ہی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا گیا۔ ایسے میں جب انٹر میامی نے لیگز کپ جیتا تو میسی نے کچھ ایسا کر دیا کہ سب کا دل جیت لیا۔ انہوں نے سب سے پہلے ٹیم کے سابق کپتان ڈینڈرے یڈلن کو آرم بینڈ دیا۔ اس کے بعد میسی نے دوبارہ ان سے ٹرافی لی۔ یڈلن نے پھر ٹرافی اٹھائی اور میسی کے ساتھ جشن منایا۔ ارجنٹائنا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے اس اقدام کو ہر کوئی سراہ رہا ہے۔
 اسٹارلیونل میسی فٹبال کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹرافی جیتنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ اب ان کے نام۴۴؍ ٹرافیز ہیں ۔ میسی نے بارسلونا کے ساتھ ۳۵، ارجنٹائنا کے ساتھ۵ ، پی ایس جی کے ساتھ ۳؍ اور اب انٹر میامی کے ساتھ ایک ٹائٹل جیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK