مقرر وقت تک اسکور ایک ایک سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فاتح ٹیم نے ۴؍کے مقابلے ۵؍گول سے کامیابی حاصل کی
EPAPER
Updated: August 18, 2023, 11:07 AM IST | Agency | Athens
مقرر وقت تک اسکور ایک ایک سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فاتح ٹیم نے ۴؍کے مقابلے ۵؍گول سے کامیابی حاصل کی
منیجر پیپ گارڈیالا کی قیادت میں مانچسٹر سٹی نے اپنا سنہرا سفر جاری رکھتے ہوئے پہلی بارسپر کپ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ بدھ کی دیر رات کھیلے گئے میچ میں مانچسٹر سٹی نے ہسپانوی کلب سیویلا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ۴؍کے مقابلے ۵؍گول سے شکست دی۔ مقررہ وقت تک میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں لگاتار ۹؍شاٹس پر گول ہوئے لیکن نیمانجا گوڈیلج کا شاٹ کراس بار پر لگا، جس سے مانچسٹر سٹی کو ایک اور بڑا اعزاز حاصل ہوگیا۔
واضح رہے کہ یوئیفا سپر کپ کا یہ ۴۸؍واں سال ہے۔اس ٹورنامنٹ کی شروعات ۱۹۷۳ء میں ہوئی تھی۔اس ٹورنامنٹ کو یوروپین یونین آف فٹبال(یوئیفا) کے ذریعے منعقد کیا جاتا ہے۔ ٹورنامنٹ میں صرف ایک مقابلہ ہوتا ہے اور اس میں چمپئن لیگ جیتنے والی اور یوروپا لیگ جیتنے والی ٹیم کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے۔اس بار مانچسٹر سٹی نے چمپئن لیگ جبکہ سیولا نے یوروپا لیگ خطاب اپنے نام کیا تھا اور یہ دونوں ٹیمیں سپر کپ کھیلنے کی اہل ہوئی تھیں ۔
پیپ گارڈیالا کے ۲۰۱۶ءمیں کوچ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ مانچسٹر سٹی کا ۱۵؍واں خطاب ہے۔ سٹی کے مڈفیلڈر جیک گریلش نے جیت کے بعد کہا کہ پیپ نے میچ سے پہلے ہم پر واضح کر دیا تھا کہ ہم یہ ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں ۔ کلب نے اس سے پہلے یہ ٹرافی نہیں جیتی تھی۔ یہ ہمارے لئے ایک شاندار لمحہ ہے۔
ایتھنز کے کارساکیس اسٹیڈیم میں یوسف این ناصری نے ۲۵؍ویں منٹ میں شاندار ہیڈر کے ذریعے سیویلا کو برتری دلائی اور پہلے ہاف میں اسے برقرار رکھا۔ دوسرے ہاف میں سٹی کا غلبہ رہا اور کول پامر نے ۶۳؍ویں منٹ میں گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔سیویلا نے گول کے کئی مواقع بنائے تھے لیکن مانچسٹر سٹی کے گول کیپر ایڈرسن نے شاندار دفاع کرتے ہوئے گول ہونے نہیں دیا اور اسکورمقررہ وقت اور اضافی وقت تک ایک ایک ہی رہا۔ اس کے بعد میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چلا گیا۔
کارلو اینسیلوٹی کے بعد گارڈیالا چوتھی بار سپر کپ جیتنے والے دوسرے کوچ ہیں ۔ اس سے قبل انہوں نے یہ خطاب بائرن میونخ (۲۰۱۳) اور بارسلونا (۲۰۰۹، ۲۰۱۱) کے ساتھ جیتا تھا۔ وہ پہلے کوچ ہیں جنہوں نے ۳؍ مختلف کلبوں کے ساتھ سپر کپ ٹرافی جیتی ہے۔ سب سے زیادہ مرتبہ خطاب ۵۔۵؍مرتبہ بارسلونا،میلان اور ریئل میڈرڈ نے جیتا ہے۔میچ کے بعد گوارڈیالا نے کہا کہ ان کا نشانہ اب دسمبر میں ہونے والے فیفا کلب عالمی کپ خطاب پر ہے۔
ریاض مہریز نے مبارکباد دی
الجزائرکے بین الاقوامی فٹبال کھلاڑی ریاض مہریز نے مانچسٹر سٹی کو سپر کپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ ریاض مہریز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے سیویلا کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا’’مبارک ہو، دوستو، ایک نیا کارنامہ انجام دینے پر۔ شاید اس کایابی میں میرا بھی شمار ہے؟؟؟‘‘۔
یاد رہے کہ ریاض مہریز پہلے مانچسٹر سٹی کیلئے کھیلتے تھے اور ان کے ٹویٹ سے واضح ہوا کہ وہ اپنی سابقہ ٹیم کی ہر چھوٹی بڑی خبر پر نظر رکھتے ہیں ۔ ریاض مہریز اب سعودی عرب کے کلب الاہلی کیلئے کھیل رہے ہیں ۔