ٹی ۲۰؍ میں نصف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر اوپنر بنے ۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف ۸۴؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی
EPAPER
Updated: August 14, 2023, 12:44 PM IST | Agency | Florida
ٹی ۲۰؍ میں نصف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر اوپنر بنے ۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف ۸۴؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی
ہندوستانی نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ٹی ۲۰؍ میچ میں ناٹ آؤٹ ۸۴؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی جیسوال نے ہندوستان کے موجودہ کپتان اور اوپنر روہت شرما کا ایک بڑا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
ٹیم انڈیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ٹی ۲۰؍ میچ میں ۹؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز میں ۲۔۲؍ سے برابر کر دیا ہے۔ اس جیت میں نوجوان بلے باز یشسوی جیسوال نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۸۴؍ رن بنائے۔ یشسوی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس دوران انہوں نے کچھ ریکارڈ بھی اپنے نام کئے۔ آئیے ان پر ایک نظر ڈالتے ہیں ۔
فلوریڈا کے سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کے سامنے جیت کیلئے ۱۷۹؍ رن کا ہدف رکھا تھا جسے ٹیم انڈیا نے۱۷؍اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر آسانی سے حاصل کرلیا۔ ہندوستان کے لئے دونوں اوپنرس شبھمن گل اور یشسوی جیسوال نے ۵۰؍ رن کا ہندسہ عبور کیا۔ دونوں نے ۱۶۵؍ رن کی اوپننگ پارٹنرشپ کی۔
یشسوی جیسوال نے اپنا دوسرا ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کھیلتے ہوئے نصف سنچری کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے جارحانہ بلے بازی کی اور ۳۳؍ گیندوں پر اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ وہ۵۱؍ گیندوں پر۱۱؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۸۴؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کا دورہ ان کیلئے یادگار رہا ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ سیریز میں ۱۷۱، ۵۷؍ اور۳۸؍ رن بنائے۔ وہ ٹی ۲۰؍ سیریز کے اپنے پہلے میچ میں صرف ایک رن بنا سکے تھے ۔
۲۱؍ سال اور۲۲۷؍ دن کی عمر میں جیسوال ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں نصف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر ہندوستانی اوپنر بن گئے ہیں ۔ اس کے ساتھ وہ ہندوستان کیلئے کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں نصف سنچری بنانے والے چوتھے کم عمر ترین بلے باز بن گئے ہیں ۔ اس فہرست میں ان سے صرف روہت شرما (۲۰؍ سال اور۱۴۳؍ دن)، تلک ورما (۲۰؍ سال اور ۲۷۱؍ دن) اور رشبھ پنت (۲۱؍سال اور ۳۸؍ دن) آگے ہیں ۔
اس کے ساتھ ہی جیسوال اور گل (۷۷؍ رن) کے درمیان پہلے وکٹ کیلئے ۱۶۵؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کیخلاف یہ سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔ اس سے قبل ۲۰۲۱ء میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۵۸؍ رن جوڑے تھے۔ اس کے علاوہ یہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ہندوستانی بلے بازوں کی کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل روہت اور کے ایل راہل نے ۱۳۵؍ رن جوڑے تھے۔