• Sun, 03 December, 2023
  • EPAPER

سری لنکا نے چھٹی بار ایشیا کپ پر قبضہ کرلیا

Updated: September 13, 2022, 1:50 PM IST | Agency | Dubai

 سری لنکا کے  بھانوکا راجا پکسے (ناٹ آؤٹ ۷۱؍رن ) اور پرمود مدوشن (۴؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت سری لنکا نے اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو ۲۳؍ رن سے شکست  دی۔

Sri Lanka won the Asia Cup for the sixth time.Picture:INN
سری لنکا نے چھٹی بار ایشیا کپ پر قبضہ کرلیا ۔ تصویر:آئی این این

 سری لنکا کے  بھانوکا راجا پکسے (ناٹ آؤٹ ۷۱؍رن ) اور پرمود مدوشن (۴؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت سری لنکا نے اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو ۲۳؍ رن سے شکست  دی۔ سری لنکا نے پہلے بلے بازی  کرتے ہوئے مقررہ۲۰؍اوورس میں۱۷۱؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان۱۴۷؍ رن پر آل آؤٹ ہو گیا۔ چھٹی بار ایشیا کپ جیتنے والی سری لنکا نے۵۸؍ رن پر ۵؍ وکٹ گنوائے لیکن راجا پکسے نے ٹربل شوٹر کا کردار ادا کرتے ہوئے۴۵؍ گیندوں پر۶؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۷۱؍ رن بنا کر ٹیم کو۱۷۱؍  رن تک پہنچا دیا۔ پاکستان۱۷۲؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں کبھی بھی مطلوبہ رن ریٹ حاصل نہ کر سکا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے۴۹؍ گیندوں پر۵۵؍ رن کی اننگز کھیلی جب کہ افتخار احمد نے۳۱؍ گیندوں پر ۳۲؍ رن بنائے۔ 

شاداب نے شکست کی ذمہ داری قبول کی: پاکستان کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان نے ایشیا کپ۲۰۲۲ء کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف شکست کی ذمہ داری لیتے ہوئے قوم سے معافی مانگی ہے۔شاداب نے پیر کو ٹویٹ کیا ’’کیچ ہی میچ میں کامیابی دلاتے ہیں۔ میں اس شکست کی ذمہ داری قبول کرتاہوں۔ میں نے اپنی ٹیم کو مایوس کیا۔ قابل ذکر ہے کہ اتوار کو کھیلے جانےوالے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو۲۳؍ رن سے شکست دی تھی۔ شاداب نے میچ کی پہلی اننگز میں بھانوکا کے ۲؍کیچ ڈراپ کئے جو۴۵؍ گیندوں پر۷۱؍ رن  بنانے کے بعد سری لنکا کی جیت کے ہیرو تھے۔ پاکستان کو نسیم شاہ کی صورت میں اس ٹورنامنٹ میں ایک اچھا تیز گیندباز ملا جبکہ حارث رؤف اور محمد نواز نے بھی ٹیم کیلئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔شاداب نے کہا’’نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد نوازنے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بھانوکا نے فائنل کی اننگز کو بہترین قرار دیا: ایشیا کپ ۲۰۲۲ء کے فائنل میں سری لنکا کی جیت کے ہیرو بھانوکا راجاپکسے نے کہا کہ پاکستان کیخلاف کھیلی جانےوالی اننگز ان کے کریئر کی بہترین اننگز میں سے ایک تھی۔   پاکستان کے خلاف پہلے بلے بازی  کرتے ہوئے سری لنکا نے۵۸؍ رن پر ۵؍ وکٹ گنوائیں لیکن راجا پکسے ٹیم کو پریشانی سے نکالنے والے بن کر ابھرے اور انہوں نے۴۵؍ گیندوں پر۶؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۷۱؍رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔راجاپکسےنے کہا’’یہ یقیناً ایک شاندار لمحہ ہے۔ یہ میری بہترین اننگز میں سے ایک ہے جو میں نے بہت کم وقت میں کھیلی ہے۔ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے تھے کہ دو دہائیاں قبل ہماری ٹیم میں جو جارحیت تھی وہ آج بھی برقرار ہے۔ ہم نے ایک ٹیم کے طور پر یہ کام بخوبی انجام دیا ہے۔ اب ہم (ٹی۲۰) ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں اور اس فارم  کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK