• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ شیئربازار میں اندراج ٹاٹا سنس کے بنیادی فلسفے کو ہی بدل دےگا‘

Updated: November 15, 2026, 11:21 AM IST | Mumbai

ٹاٹا کے اصولوں اور قدروں کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں نوئل ٹاٹا کا انتباہ، اندیشہ ظاہر کیا کہ شیئر ہولڈرس کی تعداد بڑھنے سے مستقبل میں فلاحی کاموں پر منافع کو ترجیح دی جائے گی۔

File photo.
فائل فوٹو۔

ٹاٹا ٹرسٹس کے چیئرمین نوئل ٹاٹا نے سنیچر کو تشویش ظاہر کی کہ ٹاٹا سنس کو اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ کرنے کی  تجویز سے گروپ کے روایتی کاروباری فلسفے میں بنیادی تبدیلی آسکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شیئر ہولڈرس کی تعداد بڑھنے سے مستقبل میں فلاحی کاموں کے مقابلے میں منافع کو ترجیح دی جانے لگ سکتی ہے۔

نوئل ٹاٹا نے جو ٹاٹا سنس کی شیئر بازار میں لسٹنگ کے خلاف ہیں، نے ایچ ٹی لیڈرشپ سمٹ ۲۰۲۶ء میں کہاکہ’’مجھے خدشہ ہے کہ لسٹنگ، جس کی تجویز کچھ لوگ پیش کر رہے ہیں، ٹاٹا کے روایتی طریقۂ کار کو بدل دے گی۔ اگر   ہمارے شیئر ہولڈرز کی تعداد ۳۰؍ سے ۴۰؍ ہزار ہوگئی تو ممکن ہے کہ فلاحی کاموں کے مقابلے میں منافع ہماری ترجیح بن جائے۔ میرے خیال میں اس سے ٹاٹا گروپ کے کام کرنے کے انداز میں بنیادی تبدیلی آجائے گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ گروپ کے بانیوں کے طے کردہ اصولوں اور اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے ٹاٹا ٹرسٹس ریگولیٹری اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کسی حل تک پہنچنے کی کوشش کرے گا۔ ٹاٹا ٹرسٹ کے سربراہ نے کہاکہ ’’ٹاٹا ٹرسٹس ریگولیٹری اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کرے گا، تاکہ ایسا حل تلاش کیا جاسکے جس سے ٹاٹا کا روایتی طریقۂ کار برقرار رہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: دنیا کے ’خوش ترین پاسپورٹس‘ کی نئی درجہ بندی میں شمالی یورپ کے ممالک کا اولین چار مقامات پر قبضہ

نوئل ٹاٹا کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ٹاٹا ٹرسٹس اور ٹاٹا سنس کے بورڈ کے درمیان ہولڈنگ کمپنی کی ملکیت کے ڈھانچے اور قیادت کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کر رہے ہیں۔۱۶۵؍ ارب ڈالر مالیت کے ٹاٹا گروپ کی ہولڈنگ کمپنی ٹاٹا سنز میں تقریباً ۶۶؍ فیصد حصص رکھنے والا ٹاٹا ٹرسٹس اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی کی لسٹنگ کی مخالفت کر رہا ہے۔ 

دوسری جانب، ۱۸ء۳۷؍ فیصد حصص کے ساتھ دوسرے سب سے بڑے شیئر ہولڈر شاپورجی پالونجی گروپ نے اپنی سرمایہ کاری کی قدر حاصل کرنے کیلئے ٹاٹا سنس کو اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ کرنے کی حمایت کی ہے۔

یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے ستمبر ۲۰۲۶ءء میں ٹاٹا سنس کی جانب سے کور انویسٹ منٹ کمپنی کی حیثیت سے اپنا رجسٹریشن سرینڈر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ اس فیصلے کے بعد گروپ کیلئے وہ راستہ بند ہوگیا جس کے ذریعے وہ بالائی درجے کی غیر بینکنگ مالیاتی کمپنی کی حیثیت سے لازمی لسٹنگ سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔

۱۷؍ ستمبر کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں ٹاٹا سنس نے آر بی آئی کے ضوابط کے مطابق لسٹنگ کی سمت اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور چیئرمین این چندر شیکھرن کو مزید ۵؍ سال کی مدت کیلئے عہدہ پر برقرار  رکھنے کو منظوری بھی دی۔ اس فیصلے کے ذریعے اگست میں ان کے اس فیصلے کو تبدیل کردیا گیا جس میں انہوں نے فروری ۲۰۲۷ء کے بعد دوبارہ عہدہ سنبھالنے سے انکار کیا تھا۔ نوئل ٹاٹا نے ان دونوں فیصلوں کی مخالفت کی تھی۔ اس کے بعد ٹاٹا ٹرسٹس نے چندر شیکھرن کی دوبارہ تقرری کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے۔ بورڈ نے چار کے مقابلے میں ایک ووٹ سے ان کی دوبارہ تقرری کی منظوری دی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: دنیا کے ’خوش ترین پاسپورٹس‘ کی نئی درجہ بندی میں شمالی یورپ کے ممالک کا اولین چار مقامات پر قبضہ

گروپ کے کاروبارہ فلسفہ کی اہمیت

ٹاٹا گروپ تاریخی طور پر کاروباری سرگرمیوں کو فلاحی کاموں اور ملک کی تعمیر و ترقی کے ساتھ لے کر چلتا رہا ہے، جس میں ٹاٹا ٹرسٹس نے اس کے ادارہ جاتی ڈھانچے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ نوئل ٹاٹا نے کہاکہ ’’ایک طرف فلاحی کام ہیں اور دوسری طرف ملک کی تعمیر و ترقی۔ قیادت اور شخصیات سے آزاد یہ عمل جاری رہے گا۔ ہم نے اب تک جو سمت اختیار کی ہے، مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ البتہ بعض اوقات میں اس بات پر سوال اٹھاتا ہوں کہ ہم اپنے کاموں کو کس طرح انجام دے رہے ہیں۔‘‘

 زوڈیو اور ویسٹ سائیڈپر کیاکہا

نوئل ٹاٹا نے ٹاٹا کے ریٹیل کاروبار، بالخصوص ٹرینٹ کی ترقی کے بارے میں بھی بات کی  جو ویسٹ سائیڈ اور زیوڈیو برانڈز چلاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ زیوڈیو کو ۲۰۱۶ء میں معاشی طور پر سماج کے نچلے طبقے کے صارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلئےشروع کیا گیا تھا تاکہ انہیں مناسب قیمت پر پسندیدہ اور معیاری مصنوعات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا، ’’ایسا نہیں تھا کہ بہتر مصنوعات حاصل کرنے کی خواہش صرف بڑے شہروں یا امیر طبقے تک محدود تھی۔ یہ خواہش معاشرے کے نچلے طبقے میں بھی موجود تھی۔ ہم نے سوچا کہ اس طبقے کی ضروریات کس طرح پوری کی جاسکتی ہیں۔ اسی لیےہم نے زیوڈیو شروع کیا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK