Inquilab Logo

لیورپول کی فائنل کی جانب مضبوط پیش رفت

Updated: April 29, 2022, 10:56 AM IST | Agency | London

چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں لیورپول نے ولاریئل کو دو صفر سے شکست دے دی،سادیو مانے نے ایک گول کیا

Liverpool`s Sadio Mane (left) scoring for his side against Villa Real..Picture:INN
لیورپول کے کھلاڑی سادیو مانے(بائیں) ولا ریئل کے خلاف اپنی ٹیم کےلئے گول کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

یہاں گزشتہ رات کھیلے گئے چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے کے مقابلے میں لیورپول نے ولاریئل کو دو صفر سے شکست دے دی۔اس میچ میں ولاریئل کی جانب سے اون گول ہوا جبکہ لیورپول کے لئے سادیو مانے نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے گزشتہ ۵؍سیزن میں تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے کے امکانات کو روشن کردیا ہے۔منگل کو ایک دیگر سیمی فائنل میں مانچسٹر سٹی اور ریئل میڈرڈ کے درمیان جس طرح کا سنسنی خیز مقابلہ شائقین کو دیکھنے کیلئے ملا تھا ویسا مقابلہ لیورپول اور ولاریئل کے درمیان نہیں ہوا۔حالانکہ لیورپول نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت حاصل کر لی اور دوسرے مرحلے میں وہ برتری اور اعتماد کے ساتھ میدان پر اترےگا۔ ولا ریئل نے پہلے ہاف میں ۶؍بار کے یوروپا کپ فاتح لیورپول کو گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور شاندار طریقے سے دفاع کیا۔پہلے ہاف میں ریئل کے پاس سبقت حاصل کرنے کا موقع تھا جب تھیاگو الکانترا کا شاٹ پوسٹ سے ٹکرا کر باہر چلا گیا۔لیورپول کے پاس بھی پہلے ہاف میںگول کرنے کا موقع تھا۔جارڈن ہینڈرسن اور محمد صلاح کی کوشش ناکام رہی جبکہ سادیو مانے کا شاٹ بھی گول پوسٹ کے قریب سےباہر چلا گیا۔ میچ کے دوران ولاریئل کی دفاعی صف نے پہلے ہاف میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے ہاف میں لیورپول کے کھلاڑیوں نے پُرجوش انداز میں کھیل کی شروعات کی۔فبنہو کے گول کو آف سائڈ ہونے کے سبب تسلیم نہیں کیا گیا۔کھیل کے ۵۳؍ویں منٹ میںہینڈرسن کے کراس کو روکنے کی کوشش میں پروس اسٹوپینن سے اون گول ہوگیا اور اس طرح سے لیورپول کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔ابھی ولاریئل کے کھلاڑی اس صدمے باہر بھی نہیں نکل سکے تھے کہ ۱۳۳؍سیڈنڈ بعد ہی محمد صلاح کے شاندار پاس پر سادیو مانے نےگول کرتے ہوئے میچ کو ولا ریئل سے کافی دور کردیا۔ میچ کےبعد لیورپول کے کھلاڑی ہینڈرسن نے کہا کہ ’’اسکور لائن کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوگا کہ ہم آسانی سے جیت گئے۔ لیکن ویلا ریئل نے پہلے ہاف میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہمیں گول کرنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا۔ہمیں پتہ تھا کہ کامیابی حاصل کرنے کےلئے ہمیںسخت محنت کرنی ہوگی۔ہم نے خود پر اعتماد رکھا اور مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالتے رہے اور اس کا فائدہ ہمیں دوسرے ہاف میں ملا۔ہم نے بھلے ہی ۲؍ گول کی برتری حاصل کر لی ہے لیکن سیمی فائنل کا دوسرا مرحلہ کافی سخت ہوگا کیوںکہ ہمیں ولا ریئل کے خلاف انہی کے میدان پر مقابلہ کرنا ہے۔ہماری کوشش ہوگی کہ ہم بغیر دشواری کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔ویسے ہمیں ان کے خلاف محتاط رہنا ہوگا۔‘‘ اس موقع انہوںنے ٹیم کے ساتھی کھلاڑی محمد صلاح اور سادیو مانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ویسے تو فٹبال ایک ٹیم گیم ہے لیکن ان دونوں کے میدان پر رہتے دیگر کھلاڑیوں پر سے دباؤ بہت کم ہوجاتا ہے۔یہ ایسے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی حالات میں پریشان نہیں ہوتے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK