Inquilab Logo

ورلڈ کپ کوالیفائر میں آج اِنگلینڈ کے سامنے مضبوط ٹیم پولینڈ کا چیلنج

Updated: March 31, 2021, 2:36 PM IST | Agency | London

انگلینڈ پولش ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔ گروپ آئی میں انگلینڈ ٹاپ پر ہے اور وہ اپنی اس پوزیشن کوبرقرار رکھنا چاہے گا۔ پولینڈ کو اسٹار کھلاڑی لیوانڈوسکی کی کمی محسوس ہوگی

Robert Lewandowski.Picture:INN
رابرٹ لیوانڈوسکی۔تصویر :آئی این این

  انگلینڈ نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے کوالیفائر میں اب تک ۲؍میچ کھیلے ہیںاور یہ دونوں اس نے آسانی سے جیت لئے۔ اب بدھ کو اس کے سامنے پولینڈ کا چیلنج ہو گا جو کہ یورپ کی مضبوط ٹیموںمیں شمار ہوتی ہے۔ یہ دونوں یوئیفا زون کے گرو پ آئی کی مضبوط ٹیموں میں شامل ہیں۔  ۲۰۱۹ء کے بعد ہیر ی کین نے انگلینڈ کی جانب سے پہلا گول اتوار کو ہونے والے میچ میں کیا۔البانیہ کے خلاف انگلینڈ نے صفر۔۲؍ سے کامیابی حاصل کرلی تھی۔ اس میچ میں انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں تھی لیکن ہیری کین کے گول کے بعد انگلینڈ نے اچھاکھیلا۔ ۶۳؍ویں منٹ میں میسن ماؤنٹ نے ایک اور گول کرکے انگلینڈ کی فتح یقینی کردی۔  ہیری کین اور فل فوڈین انگلینڈ کیلئے مواقع بنارہے ہیں اور میچ کے بعد انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے کہا’’ہم نے آغاز سست رفتار سے کیا تھا لیکن بعد میں ہم نے اپنے فارمیٹ کو تبدیل کیا اور زیادہ رنرس کو دائرے میں موقع دیا۔ فرسٹ ہاف سے پہلے گول کرنا ہمارے لئے بہت اچھا رہا اور دوسرے ہاف میں ہم نے میچ پر پورا کنٹرول کر دیا۔ ‘‘ انگلینڈ کے کوچ گیریتھ ساؤتھ گیٹ نے لیوک شاکی تعریف کی او ران کی کارکردگی کو صحیح قرار دیا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کے کھلاڑی نے اپنے فارم کو قومی ٹیم میں بھی برقرار رکھتے ہوئے پہلا گول کرنے میں ہیری کین کی مدد کی ۔ ان کی مدد سے ہیری کین نے البانیہ کے خلاف پہلا گول کیا۔ خیال رہے کہ انگلینڈ نے پہلے میچ میں سین مرینو کو صفر۔۵؍ سے شکست دے کر اپنی کوالیفائنگ مہم کا اچھا آغاز کیا تھا۔ انگلینڈ پولینڈ کے خلاف بھی اسی کارکردگی کو دُہرانا چاہے گا۔  دوسری طرف پولینڈ کی ٹیم کو رابرٹ لیوانڈوسکی کی کمی محسوس ہوگی جو زخمی ہونے کے بعد انگلینڈ کے خلاف ہونے والے میچ میں شامل نہیں ہو ںگے۔ حالانکہ وہ بنڈس لیگا کے فٹبال کلب بائرن میونخ میں شامل ہونے کیلئے لوٹ گئے ہیں۔منیجر پاؤلو سوسا کی ٹیم اس وقت گر وپ آئی میں دوسرے نمبرپر ہے اور انگلینڈ ٹاپ پر ہے۔ دونوں کے درمیان ۲؍پوائنٹس کا فرق ہے۔ اگر پولینڈ کی ٹیم انگلینڈ کو شکست دیتی ہے تو وہ ٹاپ پوزیشن پر آجائے گی۔ انگلینڈ اورپولینڈ کے درمیان اب تک ۱۹؍مقابلے ہوئے ہیں۔ اس میں انگلینڈ نے پولینڈ پر اپنا دبدبہ برقرار رکھا ہے۔ ۱۹؍میں سے انگلینڈ نے ۱۱؍میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ۷؍میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوئے ہیں۔ پولینڈکو صرف ایک میچ میں کامیابی ملی ہے اور وہ اس نے ۱۹۷۳ء میں حاصل کی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے گزشتہ ۱۰؍ میچوں میں  انگلینڈ نے ۷؍میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان میں سے ۳؍میچ ڈرا ہوئے ہیں۔  انگلینڈ کی جانب سے مارکس رشفورڈاور بوکایو ساکا نہیں کھیل سکیں گے۔یہ دونوں زخمی ہونے کے سبب میچ سے باہر ہیں۔ ساؤتھ گیٹ لیفٹ بیک کیلئے لیوک شا اور بین چل ویل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ساؤتھ گیٹ کے پاس کئی متبادل ہیں۔ فل فوڈین ، ماؤنٹ میسن کی جگہ لے سکتے ہیں لیکن انگلینڈ کے منیجر فارم میں کھیلنے والے کھلاڑی ہی کو موقع دینا چاہیں گے۔ 
 پولینڈ کی جانب سے اسٹار کھلاڑی رابرٹ لیوانڈوسکی نہیں کھیل سکیں گے اور وہ بائرن میونخ میں لوٹ گئے ہیں۔ ان کی جگہ ارکادیوسز اور کیرزیستوف پیاٹیک ابتدائی لائن اپ میں ہوںگے۔ پولینڈ کے ۲؍کھلاڑی کامل پیاٹ کووسکی اور گرزورگز کرچوویاک کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اس لئے وہ انگلینڈ کے خلاف نہیں کھیل سکیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK