Inquilab Logo

وراٹ اور روہت ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گے: گاوسکر

Updated: January 07, 2024, 11:48 AM IST | Agency | Mumbai

ہندوستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر نے کہا کہ دونوں شاندار کھلاڑیوں کاتجربہ امریکہ کی ناقابل فہم پچوں پر ہندوستان کیلئے فائدہ کاسودا ہوگا۔

Rohit Sharma and Virat Kohli. Photo: INN
روہت شرما اور ویرات کوہلی۔ تصویر : آئی این این

سابق ہندوستانی کپتان ، مایہ ناز کرکٹراور ٹی وی کمنٹیٹر سنیل گاوسکر کا ماننا ہے کہ ویسٹ انڈیز اورامریکہ میں جون میں کھیلے جانے والے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں رن مشین وراٹ کوہلی اور روہت شرما کا تجربہ اور رن بنانے کی صلاحیت ہندوستان کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ اسٹار اسپورٹس پر ایک خصوصی گفتگو میں گاوسکر نے کہا ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ کوہلی اور روہت شرما شاندار بلے باز اور تیز طرار فیلڈر ہیں ۔ان کا تجربہ امریکہ کی ناقابل فہم پچوں پر ہندوستان کے لئے فائدہ مند سودا ثابت ہوگا۔‘‘ٹی۲۰؍ کر کٹ کے ابھرنے اور اس کے بعد آئی پی ایل کی کامیابی اور۲۰۰۷ء کے ورلڈ کپ کی جیت کے عو امل پر روشنی ڈالتے ہوئےہندوستانی لیجنڈ نے کہا’’ میں ۲۰۰۷ء کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں موجود تھا اور یہ سب سے زیادہ پرجوش وقتوں میں سے ایک تھا۔ میں نے ایم ایس دھونی اور عرفان پٹھان کو میدان میں کھیلتے اور ہندوستان کیلئے جیتتے دیکھا ہے۔ ظاہر ہے، یہیں سے ہندوستان میں ٹی ٹوینٹی کا جنون بڑھا۔ اس سے پہلے کوئی بھی اس فارمیٹ سے اچھی طرح واقف نہیں تھا۔ اس جیت نے ہندوستان میں آئی پی ایل کے فروغ میں بھی مدد دی۔کوہلی اور روہت کو ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کے بارے میں گاوسکر کے استدلال کی تائید کرتے ہوئے سابق تیز گیند باز عرفان پٹھان نے کہا’’ذاتی طور پر، میں وراٹ کو پچ پر دیکھنا چاہوں گا کیونکہ جب ہم دو سال پہلے کی بات کرتے ہیں ، تو یقیناً وہ اس ٹیم میں نہیں تھے۔ لیکن آخری آئی پی ایل اور ٹی۲۰؍ ان کیلئے حیرت انگیز ٹورنامنٹس میں سے ایک تھا۔ اس کے علاوہ، جب آپ ویسٹ انڈیز اور امریکہ جیسے ممالک میں کھیل رہے ہوتے ہیں ، تو وہاں بہت سی نامعلوم پچیں ہوتی ہیں ، اور یہاں آپ کو کوہلی اور روہت جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی میدان کے اندر اورباہر ضرورت ہو گی۔‘‘
 انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کا کھیلنا ٹیم مینجمنٹ اور ان کی فٹ نس پر بھی منحصرہے لیکن میں ان دونوں کو میدان میں دیکھنا چاہوں گا، خاص طور پر اب جبکہ روہت ون ڈے کرکٹ میں بہت زیادہ رن بنا رہے ہیں۔ ادھر گزشتہ ڈیڑھ سال میں کوہلی کا فارم بھی شاندار رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK