Inquilab Logo

سوریہ کمار یادو سال کے بہترین ٹی ۔۲۰؍کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے نامزد

Updated: December 30, 2022, 4:22 PM IST | Dubai

ہندوستانی مڈل آرڈر کے دھماکہ خیز بلے باز سوریہ کمار یادو کو سال کے بہترین ٹی ۔۲۰؍کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔

Indian cricketer Surya Kumar Yadav
ہندوستانی کرکٹ کھلاڑی سوریہ کمار یادو

ہندوستانی مڈل آرڈر کے دھماکہ خیز بلے باز سوریہ کمار یادو کو سال کے بہترین ٹی ۔۲۰؍کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔آئی سی سی نے کہا کہ سوریہ کمار کے علاوہ زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا، انگلینڈ کے آل راؤنڈر سیم کرن اور پاکستان کے اوپنر محمد رضوان کو بھی ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔
  ہندوستان کیلئے گزشتہ سال  کریئر کا آغاز کرنے والے سوریہ کمار نے ۲۰۲۲ءمیں اپنی ۳۶۰؍ ڈگری بلے بازی سے سب کو مسحور کیا۔ دھماکہ خیز دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اس سال ۳۱؍ میچوں میں۱۱۶۴؍ رن بنائے۔ وہ ایک سال میں ایک ہزارسے زیادہ ٹی ۔ ۲۰؍انٹرنیشنل رن بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں۔
 سوریہ کمار نے ۲۰۲۲ءمیں ۶۸؍چھکے لگا کر ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میں ایک سال میں سب سے زیادہ چھکوں کا رضوان (۴۲) کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ سوریہ کمار ۵۶ء۴۶؍ کے اوسط سے رن بنانے کے ساتھ ۹؍ نصف سنچریوں اور ۲؍ سنچریوں کے ساتھ  ٹی ۔۲۰؍ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے مضبوط دعویدار ہیں۔
 دوسری جانب ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء میں زمبابوے کی یادگار کارکردگی میں اہم کردار ادا کرنے والے سکندر رضا نے رواں سال ۲۴؍ٹی۔۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں میں ۷۳۵؍رن بنائے اور ۲۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے سپر ۔۱۲؍میچ میں پاکستان کے خلاف  زمبابوے کی تاریخی فتح میں بھی  ۲۵؍ رنوں کے عوض ۳؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔
 ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ رہنے والے سیم کرن کو ٹاپ ایونٹ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا  تھاجبکہ رضوان (۹۹۶؍رن) اس سال ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں سوریہ کمار کے بعد دوسرے نمبر پر رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK