• Sun, 25 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش نے آئی سی سی فیصلہ قبول کر لیا: کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کرے گا

Updated: January 25, 2026, 9:01 PM IST | New Delhi

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے کہ وہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اپنی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کے آئی سی سی کے فیصلے کو چیلنج نہیں کرے گا۔ بی سی بی کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین نے ڈھاکہ میں بورڈ میٹنگ کے بعد واضح کیا کہ وہ اس معاملے کو کسی عالمی ثالثی عدالت یا کمیٹی میں نہیں لے کر جا رہے ہیں۔

Bangla Players.Photo:INN
بنگلہ دیشی کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے کہ وہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اپنی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کے آئی سی سی کے فیصلے کو چیلنج نہیں کرے گا۔ بی سی بی کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین نے ڈھاکہ میں بورڈ میٹنگ کے بعد واضح کیا کہ وہ اس معاملے کو کسی عالمی ثالثی عدالت یا کمیٹی میں نہیں لے کر جا رہے ہیں۔
امجد حسین نے پریس کانفرنس کے دوران بورڈ کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ  آئی سی سی نے واضح کر دیا تھا کہ وہ میچ کو سری لنکا منتقل نہیں کر سکتے۔ چونکہ بنگلہ دیشی حکومت نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹیم کو  ہندوستان بھیجنے سے منع کیا ہے، اس لیے ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں بچا تھا۔
بی سی بی نے آئی سی سی کے پیغامات اپنی حکومت تک پہنچائے، لیکن کابینہ کے اجلاس میں ایک بار پھر سیکوریٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کو ہندوستان بھیجنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے بی سی بی کو حتمی جواب دینے کے لیے محض ۲۴؍ گھنٹے کا وقت دیا تھا۔ہم نے آئی سی سی کو نہایت شائستگی سے بتا دیا کہ موجودہ شیڈول اور حالات کے مطابق ہمارے لیے ٹورنامنٹ میں شرکت ممکن نہیں ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا بڑا فیصلہ: شکیب الحسن کے لیے واپسی کے دروازے کھل گئے
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ  نے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن کی قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ اگر شکیب دستیاب ہوں اور ان کی فٹنیس معیار کے مطابق ہو، تو انہیں دوبارہ قومی رنگ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ بی سی بی کے سینئر عہدیدار امجد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  اگر شکیب الحسن کی دستیابی، فٹنیس اور میچ وینیو تک رسائی ممکن ہوئی، تو سلیکشن پینل ان کے نام پر غور کرے گا۔

یہ بھی پڑھئے:واکنگ اسٹک کے سہارا چلتے نظر آئے رتیک روشن، وائرل ویڈیو نےمداحوں کی فکر بڑھائی

بورڈ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ شکیب کو دنیا بھر کی دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیلنے کے لیے درکار این او سی  بھی جاری کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ شکیب الحسن سابقہ حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ تھے، جس کے خلاف۲۰۲۴ءمیں عوامی تحریک کے بعد حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔  شکیب کو مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن سے متعلق قتل کے درجنوں مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے وہ عوامی غصے کا نشانہ بنے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلین اوپن: کوکو گف کی مسلسل تیسری بار کوارٹر فائنل میں رسائی، نیا ریکارڈ قائم

شیخ حسینہ کی حکومت گرنے کے وقت شکیب کنیڈا میں لیگ کرکٹ کھیل رہے تھے اور اس کے بعد سے وہ اب تک بنگلہ دیش واپس نہیں آئے ہیں۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب بنگلہ دیشی کرکٹ پہلے ہی بحران کا شکار ہے:  ہندوستان کے ساتھ سیکوریٹی تنازع اور کھلاڑیوں کو بھیجنے سے انکار کے بعد آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء سے نکال کر ان کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا ہے۔ شکیب الحسن، جنہوں نے  ۲۰۲۴ء میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اب اپنے اس فیصلے کو واپس لینے کے خواہش مند ہیں۔ ۷۱۲؍ بین الاقوامی وکٹوں کے مالک شکیب کی واپسی بنگلہ دیشی ٹیم کے ٹوٹے ہوئے حوصلوں کو سہارا دے سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK