Inquilab Logo

سوریہ کمار یادو کے جارحانہ تیور، ہندوستان کی ویسٹ انڈیز پر فتح

Updated: August 04, 2022, 12:18 PM IST | Agency | Basseterre

تیسرے ٹی ۲۰؍ میں ٹیم انڈیا نے ونڈیز کو ۷؍وکٹ سے شکست دی۔ سوریہ کمار نے ۷۶؍رن کی اننگز کھیلی۔ ہندوستان سیریزمیں ۱۔۲؍ سے آگے

Suryakumar Yadav. Picture:INN
سوریہ کمار یادو۔ تصویر:آئی این این

سوریہ کمار یادو کی ۷۶؍ رن کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے منگل کو تیسرے ٹی ۲۰؍ میں ویسٹ انڈیز کو۶؍ گیندوں پر ۷؍ وکٹوں سے شکست دے کر ۵؍ میچوں کی سیریز میں۱۔۲؍ کی برتری حاصل کر لی۔ویسٹ انڈیز نے کائل میئرس کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت ۵؍ وکٹوں پر۱۶۴؍ رن کا مشکل ہدف بنایا جب کہ ہندوستان نے ۱۹؍ اوورس میں ۳؍ وکٹ پر۱۶۵؍ رن پر میچ جیت  لیا۔ سوریہ نے ۴۴؍ گیندوں پر۷۶؍ رن کی اپنی شاندار اننگز میں ۸؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے، جس کے لئے انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔ کپتان روہت شرما کے۱۱؍ رن بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد سوریہ نے اسکورنگ کی ذمہ داری سنبھالی اور جب وہ دوسرے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کا اسکور۱۳۵؍رن  تک پہنچ چکا تھا۔ شریس ایّر نے ۲۴؍رن بنائے جبکہ رشبھ پنت نے ناٹ آؤٹ۳۳؍ رن بنا کر ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دیپک ہڈا۱۰؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پلیئر آف دی میچ سوریہ کمار یادو نے میچ کے بعد کہا کہ یہ ٹی ۲۰؍ میچوں میں میری تیز ترین ففٹی ہے اور میں بہت خوش ہوں۔ جب روہت زخمی ہو کر باہر ہوئے تو ایک کھلاڑی کو اننگز کو اینکر کرنا تھا۔ پچ تھوڑی سست تھی۔ مجھے اوپنر کا کردار پسند ہے۔ میں نے آئی پی ایل میں بھی اوپننگ کی ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ونڈیز کو۵۷؍ رن کی عمدہ اوپننگ پارٹنر شپ ملی۔ برینڈن کنگ نے ۲۰؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں کی مدد سے۲۰؍ رن بنائے۔ میئرس نے ۵۰؍ گیندوں پر۷۳؍ رن کی اپنی دھماکہ خیز اننگز میں ۸؍ چوکے اور۴؍چھکے لگائے۔ کپتان نکولس پورن نے ۲۳؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۲؍ رن بنائے۔ روومین پاویل نے ۱۴؍گیندوں پر ۲۳؍ اور شمرون ہتمائر نے۱۲؍ گیندوں پر۲۰؍ رن  بنائے۔ویسٹ انڈیز نے اس وقت اچھی شروعات کی جب اس کے اوپنرس نے تیز نصف سنچری کی شراکت قائم کی لیکن ایک وکٹ گرنے کے بعد وہ سست ہو گئے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے کپتان پورن نے ۲۳؍ گیندوں پر۲۲؍ رن کی سست اننگز کھیلی۔ دوسرے کنارے پر کائل میئرس مسلسل چوکے اور چھکے لگا رہے تھے۔ آخر میں رومین پاویل اور شمرون ہتمائر نے مفید اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو ایک مشکل اسکور تک پہنچا دیا۔ ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار نے ۲؍ جبکہ ہاردک پانڈیا اور ارشدیپ سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK