یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ میں سوئس ٹیم نے پرتگال کو صفر۔ایک گول سے شکست دے دی۔ حارث سیفراوچ نے آغاز ہی میں گول کرکے برتری دلائی
Updated: June 14, 2022, 2:18 PM IST | Agency | Geneva
یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ میں سوئس ٹیم نے پرتگال کو صفر۔ایک گول سے شکست دے دی۔ حارث سیفراوچ نے آغاز ہی میں گول کرکے برتری دلائی
یوئیفا نیشنز لیگ میں پرتگال کو شکست برداشت کرنی پڑی۔ سوئس ٹیم نے اپنے گھریلو میدان پر اسے صفر۔ ایک گول سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔ میچ کے آغاز ہی میں سوئس ٹیم کی جانب سے حارث سیفراوچ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی۔
اتوارکی دیر رات ہونے والے میچ میں سوئس ٹیم کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا۔ حالانکہ اس فتح سے سوئس ٹیم کو ٹیبل پر کوئی فائدہ نہیں ہوا اور وہ آخری پوزیشن پر ہے۔ پرتگال کی ٹیم کرسٹیانو رونالڈو کے بغیر کھیل رہی تھی اور اس کے اسٹار کھلاڑی سوئس دفاع کے سامنے کچھ خاص نہیں کرپار ہے تھے۔ میچ کی پہلی وہیسل ہوتے ہی سوئس ٹیم کے کھلاڑی حارث نے ایک کراس پاس کو ہیڈر کے ذریعہ پرتگال کے گول میں ڈال دیا۔ اس گول کے بعد دونوں جانب سے بہت سی کوششیں ہوئیں لیکن کوئی بھی ٹیم کامیاب نہیں ہوسکی اور مقابلہ صفر۔ ایک کے اسکور پر ختم ہوا۔ اس شکست کے باوجود پرتگال کی ٹیم دوسرے نمبرپر ہے اوراس کے ۷؍پوائنٹس ہیں۔ٹاپ پوزیشن پر موجود اسپین اور اس کے درمیان محض ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔ ان دونوں ٹیموں نے ۴۔۴؍ میچوں میں شرکت کی ہے۔