فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی سری لنکا کے خلاف ہندوستان آج اپنی بلے بازی لائن اپ کو صحیح کرنے کی کوشش کرےگا ،فیلڈنگ کے شعبہ میں ٹیم کو بہتری لانی ہوگی۔
EPAPER
Updated: September 26, 2025, 1:13 PM IST | Abhishek Tripathi | Dubai
فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی سری لنکا کے خلاف ہندوستان آج اپنی بلے بازی لائن اپ کو صحیح کرنے کی کوشش کرےگا ،فیلڈنگ کے شعبہ میں ٹیم کو بہتری لانی ہوگی۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم اتوار کو اپنا ۱۲؍واں ایشیا کپ فائنل کھیلے گی اور اس سے پہلے سپر۔۴؍مرحلے کے آخری میچ میں آج (جمعہ کو) اس کا سامنا سری لنکا سے ہوگا۔ سری لنکا پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے اور یہ مقابلہ صرف ایک رسمی حیثیت رکھتا ہے لیکن یہ فائنل سے قبل ٹیم انڈیا کے پاس اپنی خامیوں کو دور کرنے اور تجربات کی حکمت عملی چھوڑ کر مستقل امتزاج پر توجہ دینے کا آخری موقع ہوگا۔
عمان کے خلاف پچھلے میچ میں کئی تبدیلیاں کی گئی تھیں جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ٹیم انڈیا ہارتے ہارتے جیتا تھا۔ اس میچ میں کپتان سوریہ کمار بلے بازی کے لئے نہیں اترے تھے۔ اسی طرح بنگلہ دیش کے خلاف بھی ٹیم نے مختلف تجربات کئے۔ شیوم دوبے کو تیسرے نمبر پر بھیجا گیا، لیکن وہ ۳؍ گیندوں پر صرف ۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ وہیں، اسٹار بلے باز سنجو سیمسن کو موقع نہیں ملا۔ اب ہندوستان کو تجربات کے بجائے مضبوط ٹیم کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔
درمیانی اوورز میں سنجو سیمسن کی مسلسل ناکامی سے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر پریشان ہوں گے اور ٹیم انتظامیہ سری لنکا کے خلاف جمعہ کو ہونے والے سپر۔۴؍مرحلے کے آخری مقابلے میں جتیش شرما کو آزما سکتی ہے۔ ہندوستان کی بنگلہ دیش پر فتح کے ساتھ ہی سری لنکا فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا تھا جسے سپر۔۴؍ میں بنگلہ دیش اور پاکستان نے بھی شکست دی تھی۔ قوی امکان ہے کہ اتوار کو ہندوستان اورپاکستان کے درمیان فائنل کھیلا جائے۔
سیمسن ٹیم انڈیا کی بیٹنگ لائن اپ میں موزوں نظر نہیں آ رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں انہیں ٹاپ ۷؍ بلے بازوں میں بھی نہیں اتارا گیا، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر وہ اکشر پٹیل سے پہلے بھی آنے کے قابل نہیں ہیں تو وہ ٹیم میں کیا کر رہے ہیں۔ شیوم دوبے کو تیسرے نمبر پر بھیجنا سمجھ میں آتا ہے کیونکہ وہ کلائی کے سپنرز کو اچھی طرح کھیلتے ہیں لیکن درمیانی اوورز میں بائیں۔دائیں ہاتھ کے بلے بازوں کا امتزاج برقرار رکھنے کے لئے یہ صحیح فیصلہ نہیں تھا۔ ہاردک پانڈیا کو ان سے پہلے ۲؍ بائیں ہاتھ کے بلے بازوں تلک ورما اور اکشر پٹیل کے ساتھ بھیجا گیا تھا۔
فیلڈنگ کوچ ریان ٹین ڈوشے نے کہا تھا کہ سنجو ابھی دیکھ رہے ہیں کہ پانچویں نمبر پر بلے بازی کیسے کرنی ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ سری لنکا کے خلاف صرف ایک رسمی میچ میں سیمسن کو تیسرے نمبر پر اتارا جائے۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ انہیں ٹاپ آرڈر بلے باز کے طور پر ان کے پچھلے ریکارڈ کی وجہ سے باہر نہیں کیا جا رہا ہے لیکن اس فارمیٹ میں ہر کھلاڑی کا ایک متعین کردار ہوتا ہے۔ جتیش شرما درمیانی اوورز کے بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے فینشر بھی ہیں۔
جتیش نے آئی پی ایل میں پانچویں نمبر پر ۱۸؍ اننگز میں ۳۷۴؍رن بنائے جبکہ چھٹے نمبر پر ۱۵؍اننگز میں ۳۸۴؍رن جوڑے۔ ساتویں نمبر پر انہوں نے ۷؍ اننگز میں ۱۷۸؍ سے زیادہ کے سٹرائیک ریٹ سے ۱۳۶؍ رن بنائے ہیں۔ ٹیم انڈیا کے لئے تشویش کا دوسرا بڑا سبب ٹورنامنٹ میں اب تک ۱۲؍کیچ چھوٹنا بھی ہے جن میں سے۵؍ بنگلہ دیش کے خلاف گرے تھے۔ بڑے میچوں میں اس طرح کی لاپروائی کی گنجائش نہیں ہوتی اورا سپنر ورون چکرورتی نے بھی تسلیم کیا ہے کہ اس شعبے میں بہتری لانی ہو گی۔ چکرورتی کی گیندوں پر بھی کئی کیچ چھوٹے ہیں۔ سری لنکا کیخلاف جسپریت بمراہ کو بھی آرام دیا جا سکتا ہے۔