Inquilab Logo

ٹیم انڈیا ٹیسٹ سیریز پر قبضہ کیلئے بے قرار

Updated: March 01, 2023, 1:22 PM IST | Indore

آج سے اندور میں ہند۔آسٹریلیا تیسرے ٹیسٹ کا آغاز۔ آسٹریلوی ٹیم بھی سیریز میں لوٹنے کیلئےپوری کوشش کرے گی

photo;INN
تصویر :آئی این این

؍ ۴میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ۰۔۲؍ سے آگے چل رہی ٹیم انڈیاآسٹریلیا کے  خلاف  یکم مارچ سے اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں تیسرا ٹیسٹ میچ  جیتنے کے ہدف کے ساتھ ہی مسلسل چوتھی بار بارڈر-گاوسکر ٹرافی پر قبضہ کرنے اترے گی جبکہ آسٹریلیا یہ میچ جیت کر۱۹؍سال میں ہندوستان کی سرزمین میں دوسری کامیابی کرنا چاہے گا۔
 یہ میچ ہندوستانی ٹیم کے لئے  اہم ہے اور اس کا مقصد تیسرا ٹیسٹ جیت کر ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرنا ہوگا۔ ہندوستان اس مقابلے کے لئے اپنی بہترین ٹیم کےساتھ اترے گا جبکہ آسٹریلیا کےکپتان پیٹ کمنس خاندانی وجوہات کی وجہ سے آسٹریلیا چلے گئے ہیں۔ ان کی جگہ نائب کپتان اسٹیو اسمتھ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔کمنس تیسرا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کمنس کی جگہ مشیل اسٹارک کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے۔ اسٹارک کا ہندوستان میں گیند بازی کا ریکارڈ کچھ خاص نہیں ہے لیکن انہوں نے یہاں۴؍ ٹیسٹ میں بلے سے۲۶۳؍ رن بنائے ہیں، اس دوران بولنگ میں انہیں صرف ۷؍ وکٹ  ملے ہیں۔ 
 ٹیم انڈیا ہمیشہ ہی گھر پر ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف بھی دونوں کے درمیان ہوم گراؤنڈ پر۵۲؍ میچ کھیلے گئے ہیں۔ ہندوستان نے۲۳؍جیتے اور آسٹریلیا نے۱۳؍جیتے ہیں۔ ایک میچ ٹائی اور۱۵؍  ڈرا ہوا ہے۔ اندور میں دونوں کے درمیان کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہوا تھا لیکن ہندوستان نے یہاں۲؍  میچ کھیلے اور دونوں میں کامیابی  حاصل کی۔
 دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر۱۰۴؍ ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں۔ ہندوستان نے۳۲؍ اور آسٹریلیا نے۴۳؍ میں کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ ٹائی ہوا اور۲۸؍ بھی ڈرا ہوئے۔اندورکے ہولکر اسٹیڈیم کی پچ کو ’بیٹنگ فرینڈلی‘ تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں اب تک۲؍  ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں، دونوں میں ہندوستان نے پہلی اننگز میں کافی رن بنائے۔ ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ۵۵۷؍اور بنگلہ دیش کے خلاف۴۹۳؍رن  بنائے۔یہاں  وراٹ کوہلی نےنیوزی لینڈ کے خلاف اور مینک اگروال نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی۔ اندور کو ایک بار پھر بیٹنگ دوستانہ پچ ملنے کی امید ہے جبکہ بلے بازوں کو پہلے۲؍ دن مدد ملے گی،  اسپنرس کو آخری۲؍ دنوں میں کافی مدد مل سکتی ہے۔
 سیریز کے ٹاپ پرفارمرس کی بات کریں تو گیندبازسرفہرست ہیں لیکن سب سے زیادہ رن  بنانے کے معاملے میں ہندوستان کے کپتان روہت شرما نے شاندار بلے بازی کی۔ انہوں نے سیریز کے ۲؍میچوں میں سب سے زیادہ۱۸۳؍ رن بنائے ہیں۔ ان میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔ اکشر پٹیل ۱۵۸؍ رن کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشین نے سب سے زیادہ۱۱۹؍ رن  بنائے۔پہلے۲؍ٹیسٹ میں ہندوستان کے رویندرجڈیجا اور روی چندرن اشون نے کینگرو بلے بازوں کو کھل کرکھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ جڈیجا نے سیریز کے۲؍ میچوں میں۱۷؍ وکٹ حاصل کئے ہیں جبکہ اشون نے۱۴؍  وکٹ لئے ہیں۔ آسٹریلیاکی جانب سے اس سیریز میں آغاز کرنے والے ٹاڈ مرفی ۱۰؍ وکٹ لے کر ٹیم کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندبازہیں۔  ناتھن لاین نے۸؍ وکٹ حاصل  کئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK