Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کسی بھی قیمت پرجنوبی افریقہ کیخلاف دوسرا یکروزہ میچ جیتنے کیلئے پُرعزم

Updated: October 09, 2022, 10:06 AM IST | ranchi

آج دوسرے یکروزہ میچ میں ہندوستانی ٹیم فتح کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادے گی۔ جنوبی افریقہ بھی میچ میں کامیابی کے ساتھ سیریز پر قبضہ کرنا چاہے گا

The players of the Indian team are busy preparing the strategy. (PTI)
ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ۔(پی ٹی آئی )

: ہندوستانی ٹیم اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بہتر گیند بازی کے ساتھ کسی بھی قیمت پر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی  تاہم ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے دیپک چاہر کے باہر ہونے سے ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔اس ماہ کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل یہ دو طرفہ ون ڈے سیریز مکمل طور پربے معنی ہے۔ اب سب کی نظریں روہت شرما کی ٹیم پر ہیں جو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے پریکٹس میچوں کیلئے پرتھ پہنچی ہے، اس لئے ہندوستانی ٹیم سے باہر ہونے والے کھلاڑیوں کو اس سیریز سے کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ہے۔
 چاہرلکھنؤ میں پہلے ون ڈے سے پہلے انجری کا شکار ہو گئے تھے اور اب کمر کا مسئلہ بھی انہیں پریشان کر رہا ہے۔ بولنگ میں محمد سراج اور اویس خان متاثر نہ کر سکے۔ ایسے میں بنگال کے نئے تیز گیند باز مکیش کمار کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ بلے بازی میں شریس ایّر کو رن بنانے ہوں گے کیونکہ وہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ریزرو بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ ایّر، جنہیں سیریز کیلئے نائب کپتان نامزد کیا گیا تھا، پہلے میچ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد قیادت سنبھالی۔ ایّر، جو شارٹ پچ ڈلیوری اور سست اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ مسائل سے دوچار تھے، نے ایک جرات مندانہ اننگز کھیلی۔
 ہندوستان کیلئے آخری میچ کے بارے میں سب سے مثبت بات سنجو سیمسن کی کارکردگی تھی، جو اپنے ڈیبیو کے ۷؍ سال بعد بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ سیمسن نے۶۳؍ گیندوں پر ۸۶؍رن بنائے اور مڈل آرڈر کو مستحکم کیا۔ کپتان شکھر دھون پہلے ہی ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے خلاف اپنی قائدانہ صلاحیت کا ثبوت دے چکے ہیں۔ وہ ٹیم کو مضبوط آغاز دینے کے ارادے سے آئیں گے جبکہ شبھمن گل ون ڈے ٹیم میں اوپنر کے طور پر دوبارہ اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنا چاہیں گے۔
 دوسری جانب اس میچ میں ٹیمبا باؤما کی زیرقیادت جنوبی افریقہ کی ٹیم کیلئے سپر لیگ کے پوائنٹس داؤ پر لگ گئے ہیں جس سے وہ اگلے سال ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست داخلہ  دے گی۔ باؤما خود ایک مشکل  دور سے گزررہے ہیں اور۳؍ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل  صفر، صفراور۳؍رن کے بعد لکھنؤمیں۸؍ رن بنائے۔ ۲؍ ہفتے بعد ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ شروع ہو رہا ہے اور ٹیم کو ان سے اچھی اننگز کی امید ہوگی۔ ڈیوڈملرنےگوہاٹی میں سنچری بنائی اور گزشتہ میچ میں ناٹ آؤٹ ۷۵؍ رن بنائے۔
 ہندوستان: شکھر دھون (کپتان)، رتوراج گائیکواڑ، شبھمن گل، شریس ایّر، رجت پاٹیدار، راہل ترپاٹھی، ایشان کشن (وکٹ)، سنجو سیمسن (وکٹ)، شہباز احمد، شاردُل ٹھاکر، کلدیپ یادو، روی بشنوئی، مکیش کمار، اویس خان، محمد سراج اوردیپک چاہر۔
 جنوبی افریقہ: ٹیمبا باؤما (کپتان )، کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن، کیشو مہاراج، جانیمن ملان، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، لونگی اینگیڈی، اینریک نورٹجے، وین پارنیل، اینڈائل فیہلوکوایو، ڈوین پریٹورئیس، کگیسوربادا، تبریز  شمسی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK