دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کا اچھا آغاز ۔کنگارو ؤں نے ۱۹۷؍رن کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستانی ٹیم کو بلے بازوں کے غیرذمہ دارانہ کھیل کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔پیٹ کمنس نے ۴؍وکٹ لئے
EPAPER
Updated: January 10, 2021, 10:03 AM IST | Agency | Sydney
دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کا اچھا آغاز ۔کنگارو ؤں نے ۱۹۷؍رن کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستانی ٹیم کو بلے بازوں کے غیرذمہ دارانہ کھیل کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔پیٹ کمنس نے ۴؍وکٹ لئے
ہندوستانی ٹیم اپنے بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن سنیچر کو پہلی اننگز میں۲۴۴؍ رن پر سمٹ کر سخت بحران سے دوچار ہوگئی ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم کو پہلی اننگز میں۹۴؍ رن کی اہم برتری حاصل ہوئی اور دوسری اننگز میں اسٹمپ تک ۲؍ وکٹ پر۱۰۳؍ رن بنا کر اپنی مجموعی برتری۱۹۷؍رن پہنچا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔آسٹریلیائی ٹیم نے پہلی اننگز میں۳۳۸؍ رن بنائے تھے جبکہ ہندوستان نے سنیچر کی صبح ۲؍ وکٹوں پر۹۶؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھالیکن پوری ٹیم ۲۴۴؍رن پر ڈھیر ہوگئی۔ چتیشور پجارا نے۵۰؍ رن کی جدوجہد بھری اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی اننگز کو زیادہ آگے نہیں لے جا سکے۔ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے کپتان اجنکیا رہانے اس بار۲۲؍رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت نے جدوجہد کرتے ہوئے۳۶؍رن بنائے تھے لیکن ان کے ہاتھ میں چوٹ لگنے کے بعد ان کی توجہ ختم ہوگئی اور وہ آؤٹ ہوگئے ۔
واضح رہے کہ پجارا اور پنت دونوں نےگزشتہ آسٹریلیائی دورہ ۱۹۔۲۰۱۸ءمیں سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں سنچریاں بنائیں، لیکن اس بار ہندوستانی بلے بازوں میں سے کوئی بھی بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ ہندوستان کی ۹؍ وکٹ۲۱۴؍رن پر گر گئیں، لیکن آل راؤنڈر رویندر جڈیجا نے ناٹ آؤٹ ۲۸؍رن بنائے اور ہندوستان کو۲۴۴؍ رن تک پہنچا دیا۔
ہندوستانی اننگز کو سمٹنے کے بعد آسٹریلیا کی دوسری اننگز کی ابتدا اچھی نہیں رہی۔ تیز گیندباز محمد سراج نے اپنا دوسرا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے ول پوکووسکی کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے ۲؍ چوکوں کی مدد سے ۱۶؍ گیندوں میں ۱۰؍ رن بنائے۔ پہلی اننگز میں کوئی وکٹ نہ لینے والے آف اسپنر روی چندرن اشون نے جلدہی کامیابی حاصل کی اور سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ پہلی اننگز میں ۵؍ رن بنانے والے وارنر دوسری اننگز میں کچھ نہ کرسکے اور۲۹؍ گیندوں میں صرف ایک چوکے کی مدد سے ۱۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کے ۲؍ وکٹ۳۵؍رن پر گر گئیں اور ہندوستان میچ میں واپسی کرتا ہوا نظر آرہا تھا لیکن مارنس لبو شین اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اسٹیون اسمتھ کریز پر جم گئے اور آسٹریلیا کو اسٹمپ تک مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ دونوں نے تیسرے وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت میں ۶۸؍رن کا اضافہ کیا اور آسٹریلیائی ٹیم کو۱۹۷؍رن کی برتری تک پہنچا دیا۔
آسٹریلیا چوتھےدن اس برتری کو مستحکم کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ چوتھی اننگز میں ہندوستان پر دباؤ ڈالا جاسکے۔ تیسرے دن اسٹمپ پر لبوشین۶۹؍ گیندوں میں ۶؍ چوکوں کی مدد سے۴۷؍ رن اورپہلی اننگز میں۱۳۱؍رن بنانے والے اسمتھ۶۳؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۲۹؍رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ہندوستان نے سنیچر کو ۲؍وکٹ پر۹۶؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا جس کے بعد ان کی اننگز ۲۴۴؍رن پر سمٹ گئی۔ ہندوستان کی جانب سے نوجوان اوپنر شبھمن گل نے۱۰۱؍ گیندوں کا سامنا کیا اور۸؍ چوکوں کی مدد سے ۵۰؍رن بنائے اور تجربہ کار بلے بازچتیشور پجارا نے ۵؍ چوکوں کی مدد سے۱۷۶؍ گیندوں میں ۵۰؍ رن بنائے۔
آسٹریلیائی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں اسٹار بلے باز اسٹیون اسمتھ (۱۳۱) اور مارنس لبوشین (۹۱؍رن) کی شاندار نصف سنچری کی مدد سے۳۳۸؍ رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستان اپنی پہلی اننگز میں۱۰۰ء۴؍ اوور میں۲۴۴؍ رن ہی بناسکا ، جس کے بعد آسٹریلیا کو اس میچ میں۹۴؍ رن کی نمایاں برتری حاصل ہوگئی ہے۔
اگرچہ ہندوستان لنچ سے پہلے اچھی پوزیشن میں تھا لیکن لنچ کے بعد ہندوستانی اننگز بری طرح لڑکھڑا گئی اور ٹیم آخری ۶؍ وکٹ صرف ۶۴؍ رن پرگنوا بیٹھی۔ ہندوستانی کپتان اجنکیا رہانے نے۷۰؍ گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکا اور ایک چھکے کی مدد سے۲۲؍ رن بنائے اور وہ پیٹ کمنس کا شکار ہوگئے۔
اس کے علاوہ ہنوما وہاری نے صرف ۴ ، وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت۳۶ ، رویندر جڈیجا نے ناٹ آؤٹ۲۸ ، روی چندرن اشون۱۰ ، نویدیپ سینی نے ۳ ، جسپریت بمراہ صفر اور محمد سراج نے ۶؍ رن بنائے۔آسٹریلیا کے خلاف اس ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کے لوکیش راہل ، فاسٹ بولر امیش یادو ، محمد سمیع پہلے ہی انجری کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوچکے ہیں اور پہلی اننگز میں وکٹ کیپر پنت کو بھی بیٹنگ کے دوران ایک گیند ہاتھ پر لگی جس کی وجہ سے ان کی جگہ ردھیمان ساہا کو میدان میں آنا پڑا۔وہیں جڈیجا کو بھی انگوٹھے پر باؤنسر لگ گئی جس کی وجہ سے وہ بھی بالنگ نہیں کرسکے۔آسٹریلیا کی طرف سے کمنس نے عمدہ بولنگ کی ، انہوں نے۲۱ء۴؍ اوور میں۲۹؍ رن پر سب سے زیادہ۴؍ وکٹ لئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے۲۱؍ اوور میں ۲؍ وکٹ لئے اور مشیل اسٹارک نے ایک وکٹ لئے۔ اس اننگز میں ہندوستانی ٹیم کے ۳؍ کھلاڑی بھی رن آؤٹ ہوئے جس کا خمیازہ ہندوستان کو بھگتنا پڑا۔