Inquilab Logo

ٹیم انڈیا ڈیتھ اوورس میں گیندبازی کا مسئلہ حل کرنا چاہے گی

Updated: September 28, 2022, 12:54 PM IST | Agency | Thiruvananthapuram

آج سے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ۲۰؍ سیریز کا آغاز۔ ہندوستانی ٹیم کو گیندبازوں سے اچھے کھیل کی امید۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم فاتحانہ آغاز کرنا چاہے گی

South African players in practice .Picture :PTI
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی پریکٹس کرتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

 ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی ۳؍ میچوں کی سیریز میں ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل اپنی ڈیتھ اوورس کی گیند بازی کو بہتر بنانے اور بلے بازوں کو اچھی پریکٹس کرنے کی کوشش کرے گی۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد ہندوستانی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ڈیتھ اوورس میں بولنگ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنے دو اہم گیند بازوں ہاردک پانڈیا اور بھونیشور کمار کی کمی محسوس کرے گیجنہیں ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل آرام دیا گیا ہے۔ محمدسمیع ابھی تک کورونا انفیکشن سے صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں اور وہ تینوں میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ ہرشل پٹیل انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں واپس آئے ہیں لیکن انہوں نے۱۲؍ کے اوسط سے رن بنائے ہیں اور اکانومی ریٹ ۹؍ سے اوپر تھا۔ ورلڈ کپ کے لئے اسٹینڈ بائی کھلاڑی دیپک چاہر کو پچھلی سیریز میں موقع نہیں ملا تھا اور اب اگر تیز گیند بازوں کو ہٹایاجائے تو وہ ۳؍ میچ کھیل سکتے ہیں۔ ارشدیپ سنگھ سے سلاگ  اوورس میں اچھی کارکردگی کی امید کی جائے گی جو جسپریت بمراہ کا ساتھ دیں گے۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ۲؍ میچوں میں پچ فلیٹ رہنے کے بعد تیسرے میچ میں یزویندر چہل نے ٹرننگ پچ پر اچھی گیند بازی کی تھی۔
 آسٹریلیا کی پچوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چہل اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ روہت شرما نے ورلڈ کپ سے پہلے تمام کھلاڑیوں کو موقع دینے کی بات کی ہے، اس لئے آر اشون کو پلیئنگ الیون میں ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔ بلے بازی میں کے ایل راہل آسٹریلیا کے خلاف نہیں چل سکے اور وہ اس سیریز میں اس کی تلافی کرنا چاہیں گے۔ وراٹ کوہلی اور روہت شرما فارم میں ہیں اور راہل کو بھی تیز رفتاری سے رن بنانے ہوں گے۔ دنیش کارتک کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے کیلئے صرف ۸؍ گیندیں ملی تھیں اور روہت پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انہیں کریز پر مزید وقت گزارنے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل دیپک ہڈا کمر کی تکلیف کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کی جگہ شریس ایّر کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو گھریلو دو طرفہ سیریز میں شکست نہیں دی ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی لیکن حالات مختلف ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں ان تینوں میچوں میں اپنی کمزوریوں کو تلاش کر کے ان پر کام کر سکتی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی نے کہا کہ `آسٹریلیا کی پچ مختلف ہوں گی اور گراؤنڈس بڑے ہوں گے لیکن گیندباز کو ہمیشہ اپنی کارکردگی پر کام کرتے رہنا چاہئے۔ ہندوستانی بلے بازوں کو آزمانے کا یہ سنہری موقع ہوگا۔ جنوبی افریقہ نے اس سے قبل جون میں بھی ٹی۲۰؍ سیریز کے لئے  ہندوستان کا دورہ کیا تھا، جب ۵؍ میچوں کی سیریز۲۔۲؍ سے ختم ہوئی تھی۔ دوسری جانب پروٹیز ٹیم کی گیندبازی  کگیسو ربادا، اونریک نورٹجے اور تبریز شمسی کی موجودگی میں کافی مضبوط ہے۔ پچھلی ۷؍ اننگز میں۲۲۳؍ رن بنانے والے ریزا ہینڈرکس نے اور  اتنی ہی اننگز میں۲۰۲؍ رن بنانے واے ہینرک کلاسن کے ساتھ جنوبی افریقہ اس سیریز پر قبضہ کرنے کی مضبوط دعویدار ہے۔ہندوستانی ٹیم نے حال ہی میں آسٹریلیا کو ٹی ۲۰؍ سیریز میں شکست دی ہے اور وہ اسی جذبے کے ساتھ میدان پر اترے گی۔ ٹیم کے سبھی کھلاڑی جنوبی افریقہ کے سامنے اچھا کھیلنا چاہیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK