Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کا دورۂ نیوزی لینڈ کا فاتحانہ آغاز

Updated: January 25, 2020, 10:57 AM IST | Agency | Auckland

مڈل آرڈر کے بلے باز شريس ایّر اور اوپنر لوکیش راہل کی شاندار نصف سنچریوں سے ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں جمعہ کو آسانی سے ۶؍ وکٹ سے شکست دے کر ۵؍ میچوں کی سیریز میں صفر۔ایک کی برتری حاصل کرلی۔

ٹیم انڈیا نے پہلا ٹی ۲۰ میچ جیتا ۔ تصویر : پی ٹی آئی
ٹیم انڈیا نے پہلا ٹی ۲۰ میچ جیتا ۔ تصویر : پی ٹی آئی

  آکلینڈ : مڈل آرڈر کے بلے باز شريس ایّر (ناٹ آؤٹ۵۸؍رن) اور اوپنر لوکیش راہل (۵۶؍رن)کی شاندار نصف سنچریوں سے ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں جمعہ کو آسانی سے ۶؍ وکٹ سے شکست دے کر ۵؍ میچوں کی سیریز میں صفر۔ایک کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستان نے اس طرح ریکارڈ چوتھی بار۲۰۰ء سے اوپر کا  ہدف کا کامیابی سے تعاقب کر لیا۔ نیوزی لینڈ نے اوپنر کولن منرو (۵۹)، کپتان کین ولیمسن (۵۱) اور راس ٹیلر (ناٹ آؤٹ ۵۴) کے نصف سنچریوں سے ۵؍ وکٹ پر ۲۰۳؍ رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن ہندوستان نے۱۹؍ اوور میں ۴؍ وکٹ پر۲۰۴؍ رن بنا کر میچ ختم کر دیا اور ۶؍ گیند باقی رہتے کامیابی حاصل کر لی۔
 ایّر نے ۲۹؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۵۸؍ رن کی میچ فاتح اننگز میں ۵؍ چوکے اور۳؍ چھکے لگائے اور انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ راہل نے۲۷؍ گیندوں پر۵۶؍ رن کی اننگز میں ۴؍ چوکے اور۳؍ چھکے لگائے۔ کپتان وراٹ کوہلی نے۴۵؍ رن بنائے۔ راہل نے ہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی اورایّر نے ہندوستان کو جیت کی منزل پر پہنچایا۔ ہندوستانی ٹیم کی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یہ تیسری سب سے بڑی جیت ہے۔ اس مقابلے میں کل ۵؍ نصف سنچری بنیں  اور کسی ٹی ۲۰؍ میچ میں ۵؍ نصف سنچری بننے کا یہ پہلا موقع ہے۔ایّر نے ٹم ساؤدی کی گیند پرچھکا مار کر میچ ختم کیا۔ ایّر نے ساؤدی کی  اننگز کے۱۹؍ ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا اور دوسری گیند پر چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس اوور میں کل ۱۸؍ رن پڑے اور ہندوستان نے آسان جیت حاصل کر لی جبکہ ہدف بڑا تھا۔
 ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے نائب کپتان روہت شرما کو دوسرے اوور ہی میں گنوا دیا۔ روہت نے ایک چھکا لگایا لیکن مشیل سینٹنر نے انہیں راس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ روہت ۶؍ گیندوں میں ۷؍ رن بنا سکے۔ اس کے بعد شاندار فارم میں کھیلنےو الے اوپنر لوکیش راہل نے اپنے کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے۹۹؍رن کی ساجھیداری کی۔راہل اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد لیگ اسپنر ایش سوڈھی کا شکار بنے۔ راہل نے ۲۷؍گیندوں پر۵۶؍ رن کی اننگز میں ۴؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ راہل کا وکٹ۱۱۵؍رن  کے اسکور پر گرا۔ اس  کے۶؍ رن بعد کپتان وراٹ بھی آؤٹ ہو گئے۔ وراٹ کا وکٹ فاسٹ بولر بلیئر ٹكنر نے لیا۔وراٹ نے۳۲؍ گیندوں پر۴۵؍رن میں ۳؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ۳؍ وکٹ ۱۲۱؍ رن پر گرنے کے بعد ہندوستانی اننگز بحران میں نظر آنے لگی تھی اور شیوم دوبے کے ۱۴۲؍ رن  کے اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد بحران اور بھی سنگین ہو گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK