Inquilab Logo

ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ۲؍مشقی میچ کھیلے گی

Updated: June 26, 2021, 11:42 AM IST | Agency | Southampton

نیوزی لینڈ سے ہارنے کے بعد بی سی سی آئی کوئی اور جوکھم نہیں لینا چاہتا۔کسی کاؤنی ٹیم سے مقابلہ نہیں ہوگا

Virat Kohli. Picture:INN
وراٹ کوہلی ۔تصویر:آئی این این

ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں  بدھ کوورلڈ ٹیسٹ  چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں شکست کے بعد اب انگلینڈ کے خلاف آئندہ ۴؍اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے قبل دو یا کم از کم ایک فرسٹ کلاس  پریکٹس میچ کروانے کا خواہاں ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ  (بی سی سی آئی) کے عہدیداروں نے سیریز سے قبل پریکٹس میچ کی درخواست کی تصدیق کی ہے۔ بورڈ کے ایک عہدیدار نے جمعرات کی شب بتایا کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے  شاہ ہندوستانی ٹیم کے مسابقتی پریکٹس میچ کی درخواست پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے صدر ایان واٹمور اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ٹام ہیریسن سے بات کریں گے۔ سمجھاجاتا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے ہی ای سی بی کو ایک باضابطہ درخواست دی جاچکی ہے۔ ایک یادوروز میں  بی سی سی آئی کے سکریٹری کے ای سی بی حکام سے بات چیت کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
 قابل ذکر ہے کہ دورے کی ابتدائی اسکیم ہندوستانی ٹیم کی اے ٹیم سے کھیلنے کی تھی۔ نورتھمپٹن شائر اورلیسسٹرشائر میں دوفرسٹ کلاس پریکٹس میچ کھیلے جانے تھے، لیکن برطانیہ میں موجودہ کورونا کی صورت حال اورسفری پابندیوں کے پیش نظر اس منصوبے کو اب ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا گیا ہے اوراس کے بجائے ڈرہم میں ایک کیمپ لگایا گیا ہے۔
 ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے ٹیم کی تیاری کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا ’’یہ ہم پر منحصر نہیں  ہے۔ ہم یقیناً فرسٹ کلاس میچ چاہتے تھے، جو مجھے لگتا ہے کہ ہمیں نہیں دیئے گئے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ اس کی کیا وجہ ہے، لیکن ہاں، اس کے علاوہ مجھے لگتا ہے کہ پہلے ٹیسٹ کی تیاری کے لئے ہمارے پاس کافی وقت ہوگا۔ 
  بدھ کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن  شپ فائنل (ڈبلیو ٹی سی فائنل) میں نیوزی لینڈ کے خلاف ۸؍ وکٹوں کی  شکست کے بعد تنقید کا نشانہ بننے والا  ہندوستانی انتظامیہ کوئی اور جوکھم لینےکیلئے  تیار نہیں ہے اور اب بی سی سی آئی بھی ٹیم کو وہ سب کچھ دینا چاہتا ہے جو مینجمنٹ مانگ رہا ہے۔ دورۂ انگلینڈ میں  ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف۴؍ اگست سے قبل ۲؍ پریکٹس میچ کھیلے گی  لیکن یہ واضح کر دیں کہ یہ دونوں میچ کسی بھی کاؤنٹی ٹیم کے ساتھ نہیں کھیلے جائیں گے  بلکہ آپس میں دو انٹرا پریکٹس میچ کھیلیں گے۔ اب خبر آرہی ہے کہ اب ٹیم انڈیا ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی تیاری کے لئے پہلے  ڈرہم میں جمع ہو گی۔ یہاں ٹیم نوٹنگھم روانگی سے قبل دو انٹرا پریکٹس میچ کھیلے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK