Inquilab Logo

ایشین چمپئن ٹرافی کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم ایشین گیمز کی تیاری مضبوط کرے گی

Updated: August 03, 2023, 2:01 PM IST | Chennai

آج سے ایشین چمپئن ٹرافی کا آغاز۔ ہندوستان اپنے افتتاحی میچ میں چین سے مقابلہ کرے گا۔ ہندوستانی ٹیم کو پنالٹی کارنر میں بہتری لانی ہوگی

The Indian team will play in Chennai determined to win the Asian Champions Trophy
ہندوستانی ٹیم چنئی میں ایشین چمپئن ٹرافی میں کامیابی حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ کھیلے گی

 خطاب کی مضبوط  دعویدار اور۳؍ بار کی چمپئن  ہندوستانی ٹیم جمعرات سے یہاں شروع ہونے والی ایشین  چمپئن  ٹرافی کے ذریعے ایشین گیمز کیلئے اپنی تیاریوں کو مضبوط کرنے کا ارادہ رکھے گی۔ ہندوستان، جو دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے، ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ درجہ کی ٹیم ہے اور وہ یہاں رادھا کرشنن اسٹیڈیم میں چین کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ ۲۰۰۷ء  کے بعد پہلی بار اس گراؤنڈ پر کوئی بڑا ٹورنامنٹ منعقد ہو رہا ہے۔
 ہندوستان۲۰۱۱ء کے بعد پہلی بار اے سی ٹی  کی میزبانی کر رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کا مقصد اپنے کھلاڑیوں کو آزمانا اور اپنے ایشیائی حریفوں کا اندازہ لگانا ہے۔ ایشین گیمز۲۳؍ ستمبر سے۸؍ اکتوبر۲۰۲۳ء تک چین کے شہر ہانگزو میں منعقد ہوں گے۔ پیرس اولمپکس کا براہ راست ٹکٹ ایشین گیمز کے ذریعے دستیاب ہوگا، اس لئے ہندوستانی ٹیم ایشین چمپئن  ٹرافی کو کمتر نہیں سمجھے گی۔  اس کے ساتھ ایشین گیمز کیلئے کھلاڑیوں کو تازہ دم اور انجری سے پاک رکھنا ہوگا۔
 ٹیموں نے ایشین گیمز سے صرف ۵؍ ہفتے قبل منعقد ہونے والے اے سی ٹی پر اعتراض کیا ہے لیکن ہندوستان کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہاکہ ’’آپ کو میچ پریکٹس کی ضرورت ہے اور اسی لئے کھیلنا ضروری ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس کا اہتمام ہندوستان میں ہی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، `ہم مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں اضافی کھلاڑیوں کو بھی دیکھنا ہو گا کیونکہ چوٹ کسی بھی ٹیم یا کھلاڑی کیلئے اچھی نہیں ہے۔‘‘
 ہاکی ٹیم انڈیا کے کپتان من پریت سنگھ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ہوشیاری سے کھیلے گی اور ایشین گیمز کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے ترکش کے تمام تیر نہیں نکالے گی۔ ٹوکیو اولمپک کی کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم اس سال بھونیشور اور راورکیلا میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں پیش کر سکی تھی۔ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ میں ۱۶؍ میچ کھیلنے کے بعد ۹؍ ویںنمبر پر رہی، ۹؍ جیتے، ۵؍ ہارے اور ۲؍ ڈرا ہوئے۔ ہندوستان ۴؍ ملکوں کے یورپ کے دورے سے واپسی کے بعد اس میں شرکت کر رہا ہے۔
 اسپین کے خلاف ان کا آخری میچ صرف ۳؍ دن پہلے ہوا تھا اور یہاں انہیں اے سی ٹی  میں اپنا پہلا میچ چین کے خلاف مخالف حالات میں کھیلنا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو اپنے پنالٹی کارنر پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ من پریت، ورون کمار، امیت روہیداس اور جوگراج سنگھ جیسے ڈریگ فلکر کے باوجود ہندوستان کا پنالٹی کارنر کی تبدیلی کی اوسط کم ہے۔ کوچ فلٹن نے تاہم کہا کہ ’’ہمارے پاس عالمی معیار کے پنالٹی کارنر کے ماہر ہیں۔ مخالف ٹیمیں بھی یہ جانتی ہیں اور پنالٹی کارنرس کی کمی سے بچنے پر توجہ مرکوز کرتی ہیں۔ ہم پنالٹی کارنر بنانے اور ان سے فائدہ اٹھانے پر توجہ دیں گے۔ کارکردگی میں بہتری کی ہمیشہ گنجائش رہتی ہے۔ ایشین چمپئن ٹرافی میں ہندوستان نے  ۲۰۱۱ء، ۲۰۱۶ء میں خطاب جیتا تھا اور۲۰۱۸ء میں پاکستان کے ساتھ مشترکہ فاتح رہا تھا جب فائنل بارش میں ضائع ہو گیا تھا۔ ہندوستان نے ۲۰۱۲ء میں چاندی اور۲۰۲۱ء میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ دوسری جانب یہ چین کا سال کا پہلا مسابقتی ٹورنامنٹ ہے۔ پہلے دن کے دیگر میچوں میں پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا اور جنوبی کوریا کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK