Inquilab Logo

انگلش پریمیرلیگ میں آج مانچسٹر یونائٹیڈ اور ٹوٹنہم ہاٹسپر کےدرمیان مقابلہ

Updated: March 12, 2022, 12:39 PM IST | Agency | Manchester

دونوں مضبوط فٹبال کلب ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنے کے متمنی۔ یونائٹیڈ کو ایک بار پھر کرسٹیانو رونالڈو سے اچھی کارکردگی کی امید۔ٹوٹنہم بھی فارم میں

Cristiano Ronaldo.Picture:INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر: آئی این این

اولڈ ٹریفورڈ پر ایک بار پھر مضبوط فٹبال کلبوں کے درمیان مقابلہ ہونے والا ہے۔ مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کی ٹیم ٹوٹنہم ہاٹسپر کی میزبانی سنیچر کو کرنے والی ہے اور اس میچ میں دونوں جانب سے زبردست حملے دیکھے  جاسکتے ہیں کیونکہ دونوں ہی  انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) کے ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنا چاہیں گے۔ اس وقت مانچسٹر یونائٹیڈ ۵؍ویں نمبر پر ہے اورٹوٹنہم ہاٹسپر کی ٹیم ۷؍ویں نمبر پر ہے۔ آرسنل  اور یونائٹیڈ کے درمیان ٹاپ ۴؍ میں برقرار رہنے کیلئے زبردست رسہ کشی ہے۔  مانچسٹر یونائٹیڈ نے حالیہ دنوں میں اچھی کارکردگی پیش کی تھی اور اب ای پی ایل کا سیزن جس موڑپر ہے اس میں اسے کسی بھی طرح کی لاپروائی کا مظاہر ہ نہیں کرنا ہوگا۔ اگر وہ کوئی غلطی کرتا ہے تو پوائنٹ ٹیبل میں اس کی پوزیشن خراب ہوسکتی ہے۔ 
 دوسری طرف ٹوٹنہم ہاٹسپر ۷؍ویں نمبرپر ہے اور اس نے گزشتہ مقابلے میں ایورٹن کو ۵؍گول سے روند دیا تھا۔ اس کی کوشش ہوگی کہ وہ اس ہفتے ہونے والے میچ میں بھی ایسا ہی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف زیادہ گول فرق کے ساتھ کامیابی حاصل کرے، لیکن اس ہدف کو حاصل کرنے کیلئے اس کے کھلاڑیوں کو زبردست کارکردگی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔ خصوصاً کپتان ہیری کین کوجو مسلسل گول کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن بہتر کررہے ہیں۔ مانچسٹر یونائٹیڈ میں ایک بار پھر کرسٹیانو رونالڈو گول کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ای پی ایل میں مانچسٹر ڈربی میں اسے مانچسٹر سٹی کے ہاتھوں شرمناک شکست سے دوچار ہوناپڑا تھا۔ اس میچ میں ٹیم کو ان سے بہتر کھیل کی امید ہوگی۔  اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے تو مانچسٹر یونائٹیڈ کا ریکارڈ بہت اچھا نظر آرہا تھا۔ یونائٹیڈ کی ٹیم نے ۱۹۶؍ میچوں میں سے ۹۴؍ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری طرف ٹوٹنہم ہاٹسپر کو ۴۹؍میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مانچسٹر یونائٹیڈ نے ٹوٹنہم کے خلاف ۱۲؍سال میں پہلی اس بار مسلسل ۳؍ میچ جیتے ہیں۔ دوسری طرف ای پی ایل میں کسی اور حریف کے مقابلے ٹوٹنہم کو یونائٹیڈ کے سامنے سب سے زیادہ مقابلوں میں شکست کا سامنا کرناپڑا ہے جن کی تعداد ۳۷؍ہے۔ اس وقت ٹوٹنہم ہاٹسپر کی ٹیم گول کرنے کے معاملے میں بہت تیز ہے اور اس نے اپنے گزشتہ ۲؍میچوں میں ۹؍گول کئے ہیں۔  خیال رہے کہ نئے کوچ راف رینگنک کی رہنمائی میں ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے اور وہ مسلسل اچھا کھیل رہی ہے۔    مانچسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے سبھی کی نظریں رونالڈو پر ہوں گی جبکہ ٹوٹنہم ہاٹسپرکے اسٹار ہیری کین سے گول کرنے کی امید کی جارہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK