Inquilab Logo

ٹی۲۰؍ورلڈ کپ۲۰۲۱ء کے وہ مقابلے جن کا سب کو انتظارہے

Updated: October 14, 2021, 1:50 PM IST | Agency | Dubai

آئی سی سی ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کا آغاز جیسے جیسے قریب آتا جارہا ہے  ویسے ہی دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے جوش و خروش میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

Virat Kohli .Picture:INN
وراٹ کوہلی ۔تصویر: آئی این این

آئی سی سی ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کا آغاز جیسے جیسے قریب آتا جارہا ہے  ویسے ہی دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے جوش و خروش میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس جوش و خروش کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ ٹی۲۰؍ورلڈ کپ ۵؍ برس کے وقفے کے بعد منعقد ہورہا ہے۔ تاہم شائقین کے جوش و خروش کی ایک اور وجہ اس ورلڈ کپ میں طے شدہ کچھ دلچسپ میچ بھی ہیں۔  چلیے آپ کو بتاتے ہیں کہ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۱ء کے وہ کون سے میچ ہیں جو سب کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
ویسٹ انڈیز بمقابلہ انگلینڈ
   ۲۳؍اکتوبر کو دفاعی چمپئن وسیٹ انڈیز اور ٹی۲۰؍رینکنگ میں پہلے نمبر پرموجود انگلینڈ ایک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ٹی۲۰؍ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی یہی دونوں ٹیمیں مدِمقابل تھیں۔ اس میچ میں کارلوس بریتھویٹ نے تاریخی چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو ٹی۲۰؍چمپئن بنادیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں اگرچہ ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں بریتھویٹ شامل نہیں ہیں تاہم کیرون پولارڈ، آندرے رسل، کرس گیل اور ایون لوئیس کے ہوتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ مخالف ٹیم کو تہس نہس کرسکتی ہے۔
 دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم بھی ایون مورگن کی کپتانی میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ اس ٹیم میں بہترین ٹی۲۰؍ بلے باز ڈیوڈ ملان کے علاوہ جوس بٹلر، جیسن روئے اور خود ایون مورگن کے ساتھ ساتھ اچھے  گیندباز بھی شامل ہیں۔
 ہندوستان  بمقابلہ  پاکستان 
  ۲۴؍ اکتوبر کو روایتی حریف ہندوستان  اورپاکستان کا مقابلہ بلاشبہ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۱ء  کے ان میچوں میں سے ایک ہے جن کا سب سے زیادہ انتظار کیا جارہا ہے۔ہندوستان  نے۲۰۰۷ء میں منعقدہ پہلا ٹی۲۰؍ورلڈ کپ جیتا تھا اور پاکستان نے۲۰۰۹ء میں یہ تاج اپنے سر سجایا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ہی ٹیمیں دوسری مرتبہ اس خطاب  کے حصول کی بھرپور کوششیں کررہی ہیں۔
 رواں سال ان دونوں ٹیموں کا مقابلہ صرف ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ نہیں بلکہ وراٹ کوہلی اور بابراعظم کا مقابلہ بھی ہوگا اور یہ مقابلہ صرف کپتانی کا نہیں بلکہ کور ڈرایئوز کا بھی ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے پاس ٹکر کے بلے باز اور گیندباز موجود ہیں جس کے سبب یہ کہنا درست ہوگا کہ یہ شاید ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۱ء کے سب سے زیادہ سنسنی خیز مقابلوں میں سے ایک مقابلہ ہو۔
آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ
 ۲۳؍اکتوبر کو ابوظہبی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں کسی بھی آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ان دونوں ٹیموں کا صرف ایک مرتبہ آمنا سامنا ہوا ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے پاس ایک مضبوط ٹاپ آرڈر اور تجربہ کار پیسر اور اسپنر موجود ہیں۔ یہاں ایک جانب ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل ہیں تو دوسری جانب کوئنٹن ڈی کوک، ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ ملر موجود ہیں۔ یوں ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس میچ میں شائقین کو کرکٹ کے کچھ بہترین بلے بازوں کی جانب سے کئی باؤنڈریز دیکھنے کو ملیں گی۔
 ہندوستان  بمقابلہ نیوزی لینڈ
  کرکٹ کی دنیا میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ بھی اب اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ٹی۲۰؍ورلڈ کپ۲۰۲۱ء میں۳۱؍ اکتوبر کو یہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گی۔ ان دونوں ٹیموں میں وراٹ کوہلی، کے ایل راہل اور ڈیوون کانوے جیسے کھلاڑی موجود ہیں جو ٹی۲۰؍ کرکٹ کے۱۰؍ بہترین بلے بازوں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں روہت شرما، مارٹن گپٹل، ہاردک پانڈیا اور کین ولیمسن جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی مدد بھی حاصل ہوگی۔گیندبازی کے محاذ پر بھی بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ، ٹم ساؤدی اور لوکی فرگیوسن کا مقابلہ کریں گے۔ اس میچ میں دونوں جانب سے تمام فارمیٹ میں بہترین کارکردگی کرنے والے کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK