Inquilab Logo

دوسرا دن نیوزی لینڈ کے نام

Updated: November 27, 2021, 12:40 PM IST | Agency | Kanpur

کانپور ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم ۳۴۵؍رن پر سمٹ گئی۔مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں بغیر وکٹ گنوائے ۱۲۹؍رن بنالئے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ٹم ساؤدی (۶۹؍ رن پر ۵؍ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کے بعد ٹام لاتھم (۵۰؍رن ناٹ آؤٹ) اور ول ینگ (۷۵؍ ناٹ آؤٹ) کی  سلامی جوڑی کے  مابین۱۲۹؍ رن کی شاندار سنچری شراکت کی بدولت  نیوزی لینڈ نے یہاں  کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ  کے دوسرے دن جمعہ کو میزبان ہندوستان کی پہلی اننگز کے ۳۴۵؍ رن کے جواب میں اپنی پہلی اننگز بغیر وکٹ گنوائے۱۲۹؍ رن بناکر اچھی شروعات کرلی ہے۔  گرین پارک گراؤنڈ پر اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کھیلنے والے شریس ایّر (۱۰۵؍رن) کی شاندار سنچری کے علاوہ دوسرے دن کا کھیل مکمل طور پر مہمان ٹیم کے نام رہا۔ نیوزی لینڈ کی  شاندار گیندبازی کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کے ۶؍ کھلاڑی لنچ کے فوراً بعد پویلین لوٹ گئے اور ۴؍ وکٹوں پر۲۵۸؍ رن پر ۸۷؍ رن  کا اضافہ  ہی کرسکے۔ نیوز ی لینڈ کی اوپننگ جوڑی نے ہندوستانی حملے کو ناکام بناتے ہوئے باقی کے دو سیشن کو اپنے نام کیا۔ ہندوستان کے کپتان اجنکیا رہانے نے سلامی جوڑی کی شراکت کو توڑنے کے لئے اپنے سبھی ۶؍ گیندوں کوگیند دی لیکن انہیں مایوسی ہاتھ لگی۔ اس درمیان ۳؍ موقع ایسے بھی آئے جب ٹام لاتھم کو فیلڈ امپائر نے آؤٹ قرار دیا لیکن ڈی آر ایس میں تینوں مرتبہ فیلڈامپائر کو اپنے فیصلے پر معافی کے ساتھ واپس لینے پڑے ۔ ٹیم انڈیا کی اننگز کو جلد سمیٹنے میں نیوزی لینڈ کے تجربہ کار تیزگیندباز ٹم ساؤدی کا اہم رول رہا۔ نئی گیندکے ساتھ پچ پر مل رہی سوئنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ساؤدی نے وکٹوں کی لائن لگا دی۔ انہوں نے پہلے رویندر جڈیجا (۵۰) کو کلین بولڈ کیا جبکہ بعد میں ردھیمان ساہا (ایک)، شریس ایّر (۱۰۵)، اکشر پٹیل (۳)  کو بھی اپنا شکار بنایا۔ اس سے قبل جمعرات کو ساؤدی  نے تجربہ کار چیتشور پجارا کو آؤٹ کیا تھا۔ آج گرنے والی ۲؍ دیگر ہندوستانی وکٹ اعجاز پٹیل کے کھاتے میں گئیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK