Inquilab Logo

ہندوستان کے بلے بازوں کی شاندار بلے بازی سے سڈنی ٹیسٹ ڈرا

Updated: January 12, 2021, 12:03 PM IST | Agency | Sydney

چتیشور پجارا ، رشبھ پنت ،آراشون اور ہنوما وہاری نے آسٹریلیا کے گیندبازوں کو جدوجہد کرنے پر مجبور کردیا۔ دوسری اننگز میں مہمان ٹیم نے ۵؍وکٹ پر ۳۳۴؍رن بنائے۔ اسمتھ مین آف دی میچ رہے

Rishabh Pant.Picture :INN
رشبھ پنت ۔ تصویر:آئی این این

رشبھ پنت (۹۷) ،  چتیشور پجارا (۷۷)، روی چندرن اشون (ناٹ آؤٹ ۳۹؍رن) اور ہنوما وہاری (ناٹ آؤٹ۲۳؍رن) کی شاندار کارکردگی  اور جدوجہد  سے ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرا کرکٹ ٹیسٹ ۵؍ ویں اور آخری دن پیر کو ڈرا کرالیا۔   آسٹریلیا نے سڈنی میں تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستان کے سامنے جیت کے لئے ۴۰۷؍رن کا چیلنجنگ ہدف رکھا تھا اور ہندوستان نے کل کے ۲؍ وکٹ پر۹۸؍رن سے آگے کھیلتے ہوئے میچ ڈراپر ختم ہونے تک ۵؍ وکٹ پر۳۳۴؍ رن بنائے۔ سڈنی کا یہ میچ ہندوستان کی ٹیسٹ تاریخ میں ہنوما وہاری اور روی چندرن اشون  کے جوش اور جدوجہد کیلئے درج ہوگیا ہے ۔ دونوں کھلاڑیوں نے زخمی ہونے کے باوجود مورچہ سنبھال کر رکھا  اور ٹیسٹ میچ ڈراکراکر ہی دم لیا۔  صبح کے سیشن میں پنت نے آسٹریلیائی گیندبازوں کی جم کر دھنائی کی۔ پنت نے ۱۱۸؍ گیندوں پر ۱۲؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۹۷؍رن کی قابل تعریف اننگز کھیلی۔ دوسری جانب پجارا نے سنبھال کر بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰۵؍ گیندوں میں۱۲؍چوکوں کی مدد سے۷۷؍ رن بنائے۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کے لئے ۱۴۸؍ رن کی شراکت کی۔ پنت کی بدقسمتی رہی کہ وہ صرف ۳؍ رن سے اپنی سنچری مکمل نہیں کرسکے۔ پنت کا وکٹ۲۵۰؍ اور پجارا کا وکٹ۲۷۲؍رن  کے اسکور پر گرا۔ کپتان اجنکیا رہانے صبح آتےہی آؤٹ ہوگئے تھے۔  پجارا کے آؤٹ ہونے کے بعد ، ہنوما اور اشون نے مورچہ سنبھالا اور ناموافق حالات کے باوجود ٹیسٹ ڈرا کروایا۔ہنوما سنگل لینے کی کوشش کے دوران زخمی ہوگئے  تھے جبکہ اشون کو سینے پر شاٹ پچ گیندلگی تھی جس کے بعد وہ چیسٹ گارڈ لگا کر کھیلے۔ دونوں بلے بازوں نے  ۲۵۸؍گیندوں پر۶۲؍رن کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کرکے آسٹریلیا کی ٹیم کو مایوس کیا۔  ہنوما نے۱۶۱؍گیندوں کا سامنا کیا اور ناٹ آؤٹ۲۳؍رن میں ۴؍ چوکے لگائے۔ اشون نے۱۲۸؍گیندوں کا سامنا کیا اور ناٹ آؤٹ ۳۹؍رن میں ۷؍ چوکے لگائے۔ دونوں بلے بازوں نے آسٹریلیا کے تیز اور اسپن گیندبازوں کے سامنے قابل تعریف کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مسلسل اپنا وکٹ سنبھال کر رکھا۔ 
 پجاراکی شکل میں ہندوستان کا ۵؍واں وکٹ۸۸ء۲؍ اوور میں گرا تھا لیکن اس کے بعد ہنوما اور اشون نے۴۲ء۲؍اوور تک بلے بازی کی اور اپنا وکٹ نہیں گنوایا۔ ہیمسٹرنگ چوٹ کی وجہ سے ہنوما رن لینے کی پوزیشن میں نہیں تھے  لیکن کریز پر اپنی جگہ کھڑے کھڑے انہوں نے آسٹریلیا کے۳؍ تیزگیندبازوں مشیل اسٹارک ، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنس کا بخوبی سامنا کیا۔ اشون کو سینے میں تیزگیندبازوں کی شارٹ پچ گیند لگی تھی جس کے بعد انہوں نے چیسٹ گارڈ  لگاکر ہنوما کا اچھا ساتھ نبھایا۔ 
 اشون نے خاص طور پر آف اسپنر ناتھن لاین  کو گیند ٹرن کرانے کا بہت کم ہی موقع دیا۔ حالانکہ ۵؍ فیلڈر اشون  کے آس پاس گھیرا بنائے ہوئے تھے لیکن انہوں نے قدموں کا صحیح استعمال کرتے ہوئے گیند کو فرنٹ فٹ پر جاکر وہیں دبا دیا اوربیک فٹ پر گیند کو ہلکے سے کھیلا۔ انہوں  نے کوئی نزدیکی کیچ نہیں نکلنے دیا۔ انہیں سین ایبٹ سے ملنے والے موقع کا بھی فائدہ ملا۔ اشون نے اس کے بعد آسٹریلیا کو کوئی موقع نہیں دیا۔   ہندوستان کی دوسری اننگز میں۱۳۱؍ اوور  پھینکے گئے اور۱۹۸۰ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے چوتھی اننگز میں اتنی لمبی بلے بازی کی۔ ہندوستان کی ٹیسٹ تاریخ میں یہ پانچواں موقع ہے جب اس نے ڈرا ہوئے ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں اتنے زیادہ اوور کھیلے ہیں۔ آسٹریلیا کی سرزمین پر ڈرا ہوئے ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں کسی ایشیائی ٹیم نے سب سے زیادہ اوور کھیلے ہیں۔  ہندوستان نے صبح جب اپنی اننگز کو آگے بڑھایا تو اسے پورے دن میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے۳۰۹؍رن بنانے کی ضرورت تھی یا پھر ٹیسٹ ڈرا کرانے کے لئے پورا دن نکالنا تھا۔ پجارا نے۹؍ رن  اور رہانے نے ۴؍ رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندوستان کو تیسرا جھٹکا جلد ہی لگ گیا جب آف اسپنر لاین نے کپتان رہانے کو میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ رہانے اپنے اسکور میں کوئی اضافہ نہیں کر سکے اور ۱۸؍ گیندوں میں ۴؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔  
 ہندوستان کا تیسرا وکٹ۱۰۲؍رن کے اسکور پر گرا۔ اس کے بعد میدان پر پجارا کا ساتھ دینے اترے وکٹ کیپر رشبھ پنت جن کے بائیں ہاتھ کی کہنی پر پہلی اننگز میں پیٹ کمنس کی گیند پر چوٹ لگ گئی تھی۔ پنت نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں وکٹ کیپنگ نہیں کی تھی لیکن اس مرتبہ میدان پر اترنے کے ساتھ ہی پنت نے جارحانہ اندازمیں بلے بازی کی۔پجارا اور پنت کی شراکت نے آسٹریلیا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ اس شراکت  کے وقت ، ایسا محسوس ہورہاتھا کہ ہندوستان جیت  کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے ، لیکن لاین نے پنت کو کمنس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکے ہندوستان کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ ۲۵۰؍رن کے اسکور پر گرا۔
 پنت کے آؤٹ ہونے کے بعد ، پجارا نے اپنے ہاتھ کھولے اور کمنس کی گیندوں پر لگاتار ۳؍ چوکے لگائے ۔پجارا زیادہ خطرناک ثابت ہوتے کہ  ہیزل ووڈ نے  انہیں  بولڈ کردیا۔ پجارا نے۷۷؍رن بنائے اور ہندوستان کا ۵؍واں وکٹ۲۷۲؍رن کے اسکور پر گرا۔  اس کے بعد باقی  دن کا کھیل ہنوما اور اشون کے نام رہا جنہوں نے قابل تعریف  اننگز کھیلی   اور آسٹریلیا کے ہر حملے کو ناکام بنادیا۔ 
 دونوں بلے بازوں کی ساجھیداری سے آسٹریلیا کے کپتان اور وکٹ کیپر ٹم پین اتنا جھنجھلا گئے کہ وہ اشون پر وکٹ کے پیچھے سے کچھ نہ کچھ تبصرہ کرتے رہے جس کی وجہ سے اشون بلے بازی کریز چھوڑ کر امپائر کی طرف اشارہ کرتے رہے کہ ٹم پین وکٹ کے پیچھے سے کچھ نہ کچھ کہہ رہے ہیں جس سے ان کی بلے بازی پر خلل پڑرہا ہے۔  آسٹریلیائی گیندباز دونوں بلے بازوں کی جوڑی کو توڑ نہیں  سکے اور میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ہیزل ووڈ نے۲۶؍ اوور میں ۳۹؍ رن پر ۲؍ وکٹ، کمنس۲۶؍ اوور میں ۷۲؍رن پر ۲؍ وکٹ اور لاین  نے۴۶؍میں ۱۱۴؍رن پر ۲؍ وکٹ لئے۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں۱۳۱؍ اور دوسری اننگز میں۸۱؍رن بنانے والے اسٹیون اسمتھ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK