• Thu, 15 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تلک کا آؤٹ ہونا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ رہا: سیمسن

Updated: October 15, 2026, 6:04 PM IST | New Delhi

ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ۲۴؍ رنز سے ہارنے کے بعد سنجو سیمسن نے کہا’’میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تب آیا جب تلک آؤٹ ہوئے۔ ہم اچھی طرح سے آگے بڑھ رہے تھے اور فی اوور۱۰۔۱۲؍ رنز آسانی سے بنا رہے تھے۔ ریڈی اور تلک دباؤ والی صورتحال میں بہت اچھی بلے بازی کر رہے تھے۔

Sanju Samson.Photo:X
سنجو سیمسن۔ تصویر:ایکس

ہندوستانی اوپننگ بلے باز سنجو سیمسن کا ماننا ہے کہ چوتھے ٹی ۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تلک ورما کا آؤٹ ہونا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔ نئی تیار کی گئی پچ پر ۲۴۸؍  رنز کا تعاقب کرتے ہوئے، ہندوستان  ۱۲؍ویں اوور تک ۱۳۰؍ رن پر ۵؍ وکٹ گنوا چکا تھا، لیکن تلک اور نتیش کمار ریڈی نے ٹیم کو مقابلے میں بنائے رکھا۔ ان دونوں نے مل کر ایسی صورتحال پیدا کر دی تھی کہ ۱۹؍ گیندوں پر ۴۸؍ رن کی ضرورت تھی، تبھی روماریو شیفرڈ نے تلک کو آؤٹ کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں  ۲۴؍ رنز سے ہارنے کے بعد سنجو سیمسن نے کہا’’میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تب آیا جب تلک آؤٹ ہوئے۔ ہم اچھی طرح سے آگے بڑھ رہے تھے اور فی اوور۱۰۔۱۲؍ رنز آسانی سے بنا رہے تھے۔ ریڈی اور تلک دباؤ والی صورتحال میں بہت اچھی بلے بازی کر رہے تھے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس لمحے تک ہم ہدف کا تعاقب کرنے کی پوزیشن میں تھے۔ پانچ وکٹ گرنے کے بعد اس طرح کا کنٹرول ہونا واقعی بہت بڑی بات ہے - دو نوجوان کرکٹرز نے دباؤ کو سنبھالا اور ویسٹ انڈیز کی بولنگ لائن اپ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔‘‘ اس سے پہلے، سیمسن نے خود ۲۳؍ گیندوں میں ۵۶؍ رنز بنا کر ٹیم کے لیے ایک مضبوط بنیاد تیار کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:رشمیکا کام کے بعد خود کو الگ کرلیتی ہیں، میں ایسا نہیں کر پاتا: وجے دیورا کونڈا

انہوں نے کہا’’جب آپ ہارنے والی ٹیم کی طرف ہوتے ہیں، تو آپ جو کچھ بھی کرتے ہیں اس کا احساس بالکل الگ ہوتا ہے، اس لیے اس وقت میں کافی مایوس ہوں۔ میں یقیناً جیتنا چاہتا تھا۔ مجھے بلے بازی کرنے میں بہت مزہ آیا۔ جب آپ اس طرح کے اسکور کا تعاقب کر رہے ہوتے ہیں، تو کوئی دوسرا خیال نہیں آتا - آپ کو بس اپنی سوجھ بوجھ اور اپنی طاقت پر بھروسہ کرنا ہوتا ہے اور میں نے بالکل ویسا ہی کیا۔ اس لیے مجھے اپنی اننگ میں مزہ تو آیا، لیکن کاش ہم جیت جاتے۔‘‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا گیندبازی میں ہندوستان کو جسپریت بمراہ کی کمی کھل رہی ہے، تو سیمسن نے کہا’’جسپریت بمراہ کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ وہ اپنی نسل کے ایک غیر معمولی گیندباز ہیں، اور ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ وہ ہماری ٹیم میں ہیں۔ لیکن ہمارے پاس کچھ بہت اچھی نوجوان صلاحیتیں بھی ہیں۔ عرشدیپ سنگھ بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور پچھلے کچھ میچوں میں پرنس یادو نے جس طرح سے گیندبازی  کی ہے، وہ بھی کافی متاثر کن ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس واقعی بہت اچھا ٹیلنٹ ہے۔ ہم انہیں جتنا زیادہ کھلائیں گے اور ان پر جتنا زیادہ بھروسہ دکھائیں گے، وہ اتنے ہی بہتر ہوتے جائیں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:شامی حجام نے کرسٹیانو رونالڈو سے اچانک ملاقات کی دلچسپ کہانی سنادی

سیریز کا فیصلہ کرنے والے پانچویں ٹی ۲۰؍ میچ سے پہلے ہندوستان کے سامنے ایک اور مسئلہ آ کھڑا ہوا ہے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آخری اوور میں، شمار جوزف کی ایک شارٹ گیند ارشدیپ کے بائیں کندھے پر لگ گئی۔ وہ کافی درد میں دنظرآہے  تھے، لیکن پھر بھی ایک اور گیند کا سامنا کرنے کے بعد وہ `ریٹائرڈ ہرٹ  ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ سیمسن نے بتایا’’عرشدیپ اپنے کندھے پر برف لگا رہے ہیں۔ امید ہے کہ وہ جلد ہی ٹھیک ہو جائیں گے۔‘‘ سیریز کا آخری ٹی  ۲۰؍ میچ ہفتہ کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK