Inquilab Logo

آج انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان یوروکپ کی خطابی جنگ

Updated: July 11, 2021, 4:08 AM IST | Mumbai

ایک ماہ سے جاری ڈرامہ کا آج رات پردہ گرے گا۔ یورپ کے ۲؍فٹبال پاور ہاؤس انگلینڈ اور اٹلی اپنے اپنے طریقے سے میدان مارنے کی کوشش کریں گے۔دونوں میں دلچسپ مقابلہ متوقع

Italy football team.Picture:Midday
اٹلی ؍فٹبال ٹیم تصویر مڈڈے

ایک ماہ سے جاری  یورپ کے فٹبال کے ڈرامہ کا اتوار کی رات پردہ گرے گا اور انگلینڈ اور اٹلی کے مقابلے میں سے کوئی ایک یوروکپ ۲۰۲۰ء کا فاتح بنے گا۔ اتوار کی دیر رات لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا کیونکہ دونوں نے ایک دوسرے کو ٹکر دینے کیلئے سینگوں کی نوک تیز کرلی ہیں۔ یورپ کی دونوں ٹیموں نے یوروکپ میں اچھی کارکردگی کامظاہر ہ کیا تھا۔ 
 امسال کوچ رابرٹو مانسینی کی قیادت میں اٹلی نے اپنی ناقابل شکست مہم کو اچھی طرح سے مستحکم کیا ہے۔مانسینی کی ٹیم نے یوروکپ کے ٹورنامنٹ کے سبھی میچوںمیں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ اپنے گروپ میں بھی ٹاپ پر رہی تھی۔ خیال رہے کہ ۲۰۱۸ء کے ورلڈکپ کے فائنلس سے باہر ہونے کے بعداٹلی کی ٹیم کوئی بڑا ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے اور وہ اب فائنل میں ہے۔ 
 دوسری طرف انگلینڈ کی ٹیم نے بھی اس بار اچھے کھیل سے شائقین کو سرخرو ہونے کا موقع فراہم کیاہے۔گیریتھ ساؤتھ گیٹ کے کوچ بنائے جانے کے بعدسےہی انگلینڈ کی ٹیم نے اچھا مظاہرہ کیاہے۔ وہ اپنے گھریلو میدان ویمبلی میں کامیابی کے ساتھ پہلا یوروکپ کا ٹورنامنٹ جیتنا چاہے گی۔ یوروکپ کے آغاز کے بعدسے انگلینڈنے ایک بار بھی یہ خطاب نہیں جیتاہے۔ اس نے سیمی فائنل میں ڈنمارک کی ٹیم کو ایک۔۲؍سے ہرادیاتھا۔ حالانکہ رحیم اسٹرلنگ کو گرانے کی پاداش میں جو پنالٹی دی گئی تھی وہ متنازع تھی۔ ۵۵؍سال کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کسی بڑے مقابلے کے فائنل میں کھیلنے والی ہے۔
 فیڈریکو چیزا نے سیمی فائنل میں اسپین کے خلاف حیرت انگیز گول کیا تھا۔ فائنل میں ان کے  کھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ یووینٹس فٹبال کلب کے ونگر نے ٹیم کے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مشق کی ہے۔ ڈومینکو بیرارڈی نے بھی یوروکپ ۲۰۲۰ء میں اچھی کارکردگی کامظاہر ہ کیا ہے۔ وہ اٹلی کی اولین صف میں انگلینڈ کی ٹیم کا مقابلہ کرتےہوئے نظرآسکتے ہیں۔ لیونارڈو اسپنازولا یوروکپ سے پہلے ہی باہر ہوگئے تھے اور انگلینڈ کے خلاف ان کی جگہ ایمرسن پالمیری لے سکتے ہیں۔ 
 دوسری طرف انگلینڈ کی جانب سے کپتان ہیری کین اور رحیم اسٹرلنگ ٹیم کی اولین صف میں ہوں گے۔ ان دونوں نے یوروکپ کے ٹورنامنٹ میں انگلش ٹیم کی جانب سے زیادہ گول کئے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم میں فل فوڈین، جیڈن سانچو، جیک گریلیش اور بوکایو ساکا جگہ بنانے کیلئے کوشش کریں گے۔ڈیکلین رائس  اور کیلون فلپس مڈ فیلڈ میں ٹیم کو سنبھالیں گے۔ ان کے ساتھ ماؤنٹ میسن اہم کردار ادا کریں گے۔ ہیری ماگیر اور جان اسٹونس سینٹر بیک کی حیثیت سے کھیلیں گے۔ 

football Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK