• Fri, 13 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انگلش پریمیر لیگ میں آرسنل فٹبال کلب کا جارحانہ کھیل، چیلسی کو۵؍گول سے ہرایا

Updated: April 25, 2024, 12:13 PM IST | London

ای پی ایل کے میچ میں آرسنل کلب نے چیلسی کو ۰۔ ۵؍گول سے مات دی۔ گنرس کی جانب سے ہیورٹز اور وہائٹ نے ۲۔ ۲؍ گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

Arsenal vs Chelsea match. Photo: INN.
آرسنل اور چیلسی کا میچ۔ تصویر: آئی این این۔

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں آرسنل فٹبال کلب نے چیلسی فٹبال کلب کو ۵؍گول سے روند کر ٹیبل پر اپنی ٹاپ پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ آرسنل فٹبال کلب (گنرس ) کے میدان پر ہونے والے میچ میں میزبان ٹیم نے چیلسی کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ نہیں کیا اور مسلسل گول کرکے اسے شرمناک شکست سے دوچار کردیا۔ اس فتح سے آرسنل کو پورے ۳؍پوائنٹس مل گئے ہیں اور اس نے مانچسٹر سٹی فٹبال کلب پر دباؤ ڈال دیا ہے۔ 
لندن ڈربی میں آرسنل نے شروعات ہی سے حریف ٹیم کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔ میچ کے چوتھے منٹ میں ایل ٹروسارڈ نے ڈی رائس کی مدد سے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا۔ میچ کے فرسٹ ہا ف میں چیلسی کی ٹیم نے مضبوط دفاع کیا لیکن دوسرے ہاف میں اس نے مسلسل غلطیاں کیں اور حریف ٹیم کو گول کرنے کے بیشتر مواقع دیئے۔ میزبان ٹیم نے موقعوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے خلاف دوسرے ہاف میں ۴؍گول کردیئے۔ 
دوسرے ہاف میں پہلا گول بی وہائٹ نے کیا۔ انہوں نے ۵۲؍ ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو ۰۔ ۲؍ گول کردیا۔ ۵۷؍ویں منٹ میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے کے ہیورٹز نے ایم اوڈریگارڈ کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کیا اور چیلسی پر دباؤڈالا۔ ۶۵؍ویں منٹ میں ہیورٹز نے ایک اور گول کرکے ٹیم کیلئے چوتھا گول کیا۔ انہوں نے اپنا دوسرا گول بی ساکا کی مدد سے کیا اور ٹیم کی جیت کو یقینی کردیا تھا۔ میچ کے ۷۰؍ویں منٹ میں بی وہائٹ نے ایک اور گول کرکے حریف ٹیم کی باقی ماندہ امیدو ں کو بھی ختم کردیا۔ میچ کے اختتام پر اسکور ۰۔ ۵؍گول تھا۔ اس جیت کے ساتھ ہی آرسنل کو ۳؍پوائنٹس ملے ہیں۔ 
میچ کے بعد آرسنل کے منیجر مائیکل آرٹیٹا نے کہاکہ میں امید کررہا ہوں کہ اس بار ہم خطاب کے مضبوط دعویدار ہیں۔ میں چاہتاہوں کہ ٹیم ایسی ہی کارکردگی دیگرمیچوں میں بھی دُہرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت اچھی پوزیشن میں ہیں اور ہم بڑی ٹیموں کے خلاف میچ جیت جاتے ہیں تو ہمیں ٹرافی اٹھانے سے کوئی ٹیم بھی روک نہیں سکے گی۔ میں ٹیم سے پُر امید ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK