Inquilab Logo

آج ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف یکروزہ سیریز پر قبضہ کرنے کیلئے بے قرار

Updated: December 19, 2023, 11:18 AM IST | Agency | Johnsburg

ہندوستان نے کے ایل راہل کی قیادت میںسیریز میں ۰۔۱؍کی برتری حاصل کی۔ ارشدیپ اور اویس خان سے ایک بار پھر بہتر گیندبازی کی امید۔

Avesh Khan. Photo: INN
اویس خان ۔ تصویر : آئی این این

جب ہندوستانی ٹیم منگل کو یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف ۳؍ میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں میدان پر اترے گی، تب باصلاحیت رجت پاٹیدار یا پرکشش بلے باز رِنکو سنگھ کو آغاز کرنے کا موقع ملے گا۔ 
ارشدیپ سنگھ اور اویس خان جیسے نوجوان تیز گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کو سیریز کا پہلا میچ ۸؍ وکٹوں سے جیتنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی تھی۔ کپتان لوکیش راہل کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو۲۰۲۲ء میں ون ڈے سیریز میں۰۔۳؍ کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس لئے وہ یہ میچ جیت کر پچھلی ناکامی کو پیچھے چھوڑنا چاہے گی۔ تجربہ کار بلے باز شریاس ایّر اس میچ کے بعد مڈل آرڈر میں ایک جگہ خالی چھوڑ کر ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوئے۔رِنکو نے حالیہ دنوں میں اپنی بلے بازی سے کافی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ٹی۲۰؍ میچوں میں اپنی تکنیک اور ذہانت کی چھاپ چھوڑی  ہے۔ جنوبی افریقہ کی ’باؤنسی پچوں‘ پر بھی ان کی بیٹنگ آرام دہ لگ رہی تھی۔
 پاٹیدار کا دعویٰ زیادہ مضبوط ہے 
اس وقت ٹیم میں پاٹیدار کا کردار ایک فنشر کا ہے، اس لئے چوتھے آرڈر کے بلے باز ایّر کی بجائے ۱۱؍ میں پاٹیدار کا دعویٰ زیادہ مضبوط ہے کیونکہ وہ ڈومیسٹک میچوں میں مدھیہ پردیش کیلئے اسی ترتیب میں بیٹنگ کرتے ہیں۔ پاٹیدار ۲۰۲۲ء میں بھی ہندوستانی ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے تھے لیکن انہیں پلیئنگ الیون میں موقع نہیں ملا۔ اس کے بعد انہیں ایڑی کی سرجری کی وجہ سے ایک سال تک جدوجہد کرنی پڑی۔ٹیم نے اس سیریز میں میچ فنشر کا کردار تجربہ کار سنجو سیمسن کو دیا ہے، جو راہل کے بعد چھٹے نمبر پر بلے بازی کریں گے۔ لسٹ اے کرکٹ میں رنکو کا اوسط ۵۰؍ کے قریب ہے، اس لئے  ٹیم انتظامیہ دونوں کے ناموں پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔ پاٹیدار اور رنکو دونوں کو اس میچ میں  آغاز کرنے کا موقع مل سکتا ہے، لیکن اس کیلئے تلک ورما یا سنجوسیمسن کو باہر ہونا پڑے گا، جس کے امکانات کم نظر  آ رہے ہیں۔پہلے میچ میں تلک کو صرف ۳؍ گیندیں کھیلنے کا موقع ملا جبکہ سیمسن کو بلے بازی کا موقع نہیں ملا۔ پہلے میچ میں نوجوان اوپنر سائی سدرشن نے ناقابل شکست نصف سنچری بنا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 
جنوبی افریقہ کو چیلنج کا سامنا
تجربہ کار کوئنٹن ڈی کاک کے ریٹائرمنٹ کے بعد جنوبی افریقہ کیلئے ٹیم میں ہم آہنگی بنانا ایک چیلنج ہے۔ ڈی کاک کی تیز بلے بازی نے راسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسنس اور ڈیوڈ ملر جیسے بلے بازوں کو آزادانہ طورپر کھیلنے کی اجازت دی۔ ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو ہندوستان کے سوئنگ گیند بازوں کے خلاف محتاط بیٹنگ کا چیلنج درپیش ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم بولنگ میں کوئی تبدیلی نہیں کرنا چاہے گی۔ جنوبی افریقہ کے بلے باز ارشدیپ اور اویس کے سامنے بے بس نظر آئے لیکن اس میچ میں مکیش کمار نے ۷؍ اوورس میں۴۶؍ رن  دیئے بغیر کوئی کامیابی حاصل کی۔ اگر ٹیم مینجمنٹ تجربہ کا فیصلہ کرتی ہے تو وہ مکیش کی جگہ بنگال کے ساتھی آکاش دیپ کو موقع دے سکتی ہے۔ ٹیم سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی اس لئے اس کے امکانات کم ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK