Updated: August 05, 2026, 7:05 PM IST
| New Delhi
ہندوستان کے نیزا پھینکنے کے اسٹار کھلاڑی نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ گزشتہ ۱۰؍ ماہ ان کے لیے جسمانی اور ذہنی اعتبار سے انتہائی مشکل رہے، کیونکہ مسلسل چوٹوں نے ان کے سیزن کو خطرے میں ڈال دیا تھا اور انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ اس سال مقابلوں میں واپسی کر سکیں گے یا نہیں۔
نیرج چوپڑا۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کے نیزا پھینکنے کے اسٹار کھلاڑی نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ گزشتہ ۱۰؍ ماہ ان کے لیے جسمانی اور ذہنی اعتبار سے انتہائی مشکل رہے، کیونکہ مسلسل چوٹوں نے ان کے سیزن کو خطرے میں ڈال دیا تھا اور انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ اس سال مقابلوں میں واپسی کر سکیں گے یا نہیں۔
کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء میں ۸۳ء۸۵؍ میٹر کی سیزن کی بہترین تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتنے کے چند روز بعد نیرج نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں لکھا’’گزشتہ ۱۰؍ مہینوں نے مجھے ایسے طریقے سے آزمایا جس کا میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ چوٹوں سے صحت یاب ہونا، اپنے جسم کو دوبارہ تیار کرنا، اپنی تال واپس حاصل کرنا اور صبر کرنا آسان نہیں تھا۔ میں ہر روز یہ جانے بغیر مشق کرتا رہا کہ آیا اس سال مجھے مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا یا نہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:مودی حکومت کا کھیلوں میں ترقی کا دعویٰ، اعداد و شمار کچھ اور ہی تصویر پیش کرتے ہیں
دو مرتبہ کے اولمپک تمغہ یافتہ نیرج کے لیے گلاسگو میں چاندی کا تمغہ حوصلہ افزا ثابت ہوا۔ گزشتہ برس وہ ایڈکٹر انجری اور دیگر فٹنیس مسائل سے مسلسل پریشان رہے، جبکہ ۲۰۲۶ء سیزن کا آغاز بھی دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں چوتھے مقام سے ہوا تھا۔۲۸؍سالہ نیرج نے بتایا کہ ۲۰۲۵ء عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ سے قبل کمر کے نچلے حصے کی چوٹ مزید بڑھ گئی تھی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے مقابلہ کیا، اگرچہ وہ آٹھویں مقام پر رہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’آدی پُروش‘‘ توقعات پر پوری نہیں اتری، اسے تسلیم کرنے میں کوئی شرم نہیں: منوج منتشر
انہوں نے اپنی بحالی میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فزیو ایشان ہر مرحلے پر ان کے ساتھ رہے، جبکہ کوچ جے چودھری اور اہل خانہ نے بھی مسلسل حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا’’اس سطح پر واپس آنا بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے، لیکن یہ سب اکیلے ممکن نہیں تھا۔‘‘ چیک جمہوریہ کے لیجنڈ کوچ یان زیلیزنی سے راہیں جدا کرنے کے بعد نیرج دوبارہ اپنے ابتدائی کوچ جے چودھری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ۲۳ء۹۰؍ میٹر کے قومی ریکارڈ کے حامل نیرج اب مکمل فٹنیس کی جانب بتدریج واپسی کرتے ہوئے اپنی اگلی شرکت لوزان ڈائمنڈ لیگ میں کریں گے۔